صحیفہ موسوی کا مضمون
فقیہ ابو اللیث سمر قندیؒ اپنی سند کے ساتھ حضرت جار بن عبد اللہ ؓسے روایت کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو ارشاد فرماتے ہو ءے سنا کہ اللہ تعالیٰ نے حضرت موسیٰ علیہ السلام کو جوتختیاں عطا فر مائی تھیں ان میں دس باب تھے پہلی تختی کا مضمون یہ تھا ۔۔۔۔اے موسیٰ میرے ساتھ ہر گز کسی کو شریک نہ کرنا ۔ میری طرف سے یہ فیصلہ ہو چکا ہے کہ آگ مشرکین کے چہروں کو ضرور جھلسے گی۔
دوسرے: میرا اور اپنےوالدین کا شکر ادا کرتے رہو میں تمھیں ہلاکت سے محفوظ رکھوں گا اور عمر میں بر کت دوں گا ،دنیا میں پا کیزہ زندگی کے ساتھ زندہ رکھوں گا ،پھر اس سے بھی بہتر زندگی کی طرف منتقل کردوں گا ۔
تیسرے: اور کسی ایسے نفس کو قتل نہ کرنا جس کو میں نے حرام کیا ہے کہ زمین اپنی تمام وسعتوں کے با وجود اور آسمان اپنے کناروں سمیت تجھ پر تنگ ہو جائیں گے اور تجھے میری نا راضگی میں مبتلا ہو کر دوزخ میں جانا ہو گا۔
چوتھے: میرے نام کی جھوٹی قسم مت کھا ئیو اور نہ ہی کسی گناہ کے موقع پر قسم کھائیو ، میں ایسے شخص کو طہارت اور پا کیزگی عطا نہیں کرتا جو ایسے موقع پر میرا خیال نہیں رکھتا اور نہ ہی میرےنام کی تعظیم کرتا ہے ۔
پانچویں: میں نے لو گوں کو جو کچھ دے رکھا ہے اس پر حسد نہ کرنا کہ حاسد میری نعمت کا دشمن ہے میرے فیصلہ کو رد کر ے والا ہے اور میری اس تقسیم پر نا راض ہے جو میں اپنے بندوں میں کی ہے ایسے شخص کو مجھ سے کوئی تعلق نہیں ۔
چھٹے: اور ایسی بات کی گواہی مت دو جو تیرے کا نوں کو یاد نہیں ، تیری عقل میں محفوظ نہیں اور دل کو اس پر اعتماد اور یقین نہیں ۔قیامت کے دن گواہوں کو ان کی گواہیوں کی بنا پر کھڑا کروں گا اور ان سے سوالات کروں گا ۔
ساتویں : چوری ہ کرنا ۔
آٹھویں : زنا مت کرنا خصوصاً اپنے ہمسایہ کی بیوی سے کہ میں تجھ سے اپنا چہرہ پھیر لوں گا اور تجھ پر آسمانوں کے دروازے بند کردوں گا لوگوں کے لیے وہی کچھ پسند کر جو اپنے لئے پسند کرتا ہے ۔
نویں : اور میرے غیر کی رضا جوئی کے لئ جانور ذبح مت کر کہ میں وہی قربا نی پسند کرتا ہوں جس پر میرا نام لیا گیا ہے اور وہ خالص میری رضا کے لیے ہے ۔
دسویں : اور ہفتہ کے دن میرے لیے فراغت نکال اور اپنے تمام اہل خانہ کو بھی اس کا حکم کر ۔ رسول اللہ ﷺ کا ارشاد مبارک ہے کہ اللہ تعالیٰ نے ہفتہ کا دن حضرت موسیٰ علیہ السلام کے لیے عید بنا یا اور ہمارے لیے بطور عید جمعہ کا دن انتخاب فرمایا ۔