میری طرف سے سلام کہو
شیخ منصور کہتے ہیں کہ جو شخص صوفیہ کے کلام سے اعتقاد رکھتا ہو اس کو میری طرف سے سلام کہو۔*سید الطائفہ ابو بکر شبلی کا قول ہےکہ جو شخص اس گروہ سے اعتقاد رکھتا ہو اور ان کے اقوال قبول کرتا ہو اس سے کہو میرے لیے دعا کرے۔
*شیخ شروانی کہتے تھے کہ تمہارے پاؤں ہوں تو اس شخص کی زیارت کے لیے خراسان تک جاؤ ۔جو ہم کو دوست رکھتا ہے اس کے ساتھ نیکی کرنے کی وصیت کرتے رہو۔
*ابو جعفر سیلانی کی بابت منقول ہےکہ انہوں نے حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو خواب میں دیکھا کہ ایک محفل کے صدر ہیں اور مشائخ صوفیہ آپ کے گرد بیٹھے ہیں۔آسمان سے ایک فرشتہ سونے کا طشت اور چاندی کا آفتابہ لایا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے رکھ دیا۔آپ نے ہاتھ دھوئے۔اسکے بعد وہ طشت وآفتابہ یکے بعد دیگرے سب مشائخ کے سامنے رکھا گیا۔شیخ ابو جعفر کہتے ہیں کہ جب میری نوبت آئی تو لوگوں نے کہا اس کے سامنے سے اٹھالو،یہ اس گروہ میں نہیں ہے۔طشت دار نے طشت اٹھالیا اور چلا گیا۔میں نے کہا یا رسول اللہ میں اس گروہ سے نہیں ہوں لیکن آپ جانتے ہیں کہ میں اس گروہ کو دوست رکھتا ہوں ۔پیغمبر علیہ السلام نے فرمایا "جو اس گروہ کو دوست رکھےوہ انہیں میں سے ہے" ۔طشت واپس لایا گیا اور میں نے بھی ہاتھ دھوئے۔پیغمبر علیہ السلام نے میری طرف دیکھا اور ہنس کر فرمایا کہ ہم کو دوست رکھتے ہو تو ہمارے ساتھ ہو۔