حضرت حاطب بن ابی بلتعہ رضی اللہ عنہ کا شمار بھی سفیر صحابۂ کرام میں ہوتا ہے۔ آپ رضی اللہ عنہ کو حضور نبی اکرم ﷺ نے مصر کے حکمران مقوقس کے پاس اپنا سفیر بناکر بھیجا تھا۔ آپ نے اپنی دانشمندی اور حاضر جوابی سے مقوقس کو ورطۂ حیرت میں ڈال دیا تھا ۔آپ رضی اللہ عنہ مکہ معظمہ میں اناج کی تجارت کیا کرتے تھے۔ زمانۂ جاہلیت میں آپ کا شمار بہترین شعراء میں ہوتا تھالیکن حلقۂ اسلام میں داخل ہونے کے بعد آپ نے شاعری کو خیر باد کہہ دیا تھا ۔ آپ بہترین شہسوار، نیزہ باز اور تیر انداز تھے۔ آپ کو شمشیر زنی میں بھی بڑی مہارت حاصل تھی۔ آپ نے غزوۂ بدر اور غزوۂ احد میں بہترین تیر اندازی کا مظاہرہ کیا تھا۔ آپ فتح مکہ، بیعتِ رضوان اور صلح حدیبیہ میں بھی شریک تھے۔ آپ چھوٹے قد کے مالک اور بہت حسین و جمیل تھے۔ سیاسی معاملات نمٹانے کا وسیع تجربہ رکھتے تھے۔ آپ نے سفارت کے فرائض نہایت کامیابی اور بہادری سے انجام دیے۔ آپ کی وفات ۳۰ھ میں ۶۵ سال کی عمر میں مدینہ منورہ میں ہوئی۔