مردوں کی مسیحائی

احمدقاسمی

منتظم اعلی۔ أیدہ اللہ
Staff member
منتظم اعلی
خزاں وبہار​

زمین خشک وپیاسی پڑی ہوئی ہے ، بارش کے فیض سے افسردہ چمن لہلہانے لگتا ہے ، مردہ کھیتی میں جان پڑ جاتی ہے ، سویا ہوا سبزہ جاگ اٹھتا ہے ، باغ سنسان پڑا ہوتا ہے ، پتیاں مر جھا مر جھا کر گر چکتی ہیں ، بہار کی ہوا چلتے ہی نئی اور ہری پتیإ ں نکل آتی ہیں ،اور اجڑا ہوا باغ پھر سر سبز وشاداب ہو جاتا ہے . عالمِ شب کی سیاہی چھائی ہو تی ہے ، ہر شئے تاریکی میں گم ہو تی ہے ، صبح کے طلو ع ہو تے ہی ، ہر طرف اجالا پھیل جاتا ہے ، اور ہرذرہ روشن ہو نے لگتا ہے . ایک پاک روح دنیا میں اصلاح وتزکیہ کے لئے آتی ہے اور اپنے فیض صحبت سے ، بہت سے اندھوں کی بینا، بہت سے بیماروں کو تندرست اور بہت سے مردوں کو زندہ کر دیتی ہے . کار خانہ فطرت میں اس قانون فطرت کی نظیریں برابر ملتی رہتی ہیں.

مردوں کی مسیحائی​

لیکن دنیا میں یہ انقلاب روحانی پیدا کر دینا کہ کل تک جو رہزن تھے ، وہ آج رہرو ہی نہیں ، بلکہ بہترین رہبر بھی ہو جائیں ، کل تک جن کی زندگی فسق وفجور کی نذر تھی ،آج وہ اتنے بلند ومقدس مرتبہ پر پہنچ جائیں ، کہ صداقت وپا کیزگی کو ان کے انتساب سے شرف ہو جائے ، کل تک جو مردہ تھے ، وہ آج زندہ ہی نہیں ، بلکہ دوسروں کو زندہ کر دینے والے بن جائیں، ایسے آفتاب کا طلوع جو ہر ذرہ کو آفتاب بنا دے ،ایسے مسیح کا نزول جو مردہ کو مسیح بنا دے .اس کی نظیر دنیا کی تاریخ میں بجز سرور عالم صلی اللہ علیہ وسلم کےصحابیوں ، بجز محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے غلاموں ،کے اور کہیں بھی مل سکتی ہے کیا ؟
نادانوں کا قول ہے کہ خاتم النبین صلی اللہ علیہ وسلم نے کوئی معجزہ نہیں دکھایا ، حالانکہ یہ پاک زندگی شروع سے آخر تک خود ایک معجزہ تھی ،اور اس کا کوئی جزئیہ ایسا نہ تھا ، جو اپنے اندر ایک اعجازی رنگ نہ رکھتا ہو!
اس '' زندہ فر قان'' کے ان زندہ معجزوں کے ہو تے ہوئے ، کشتی نوح ، گلزار خلیل ، عصائے موسیٰ ، تخت سلیمانی ، حسن یو سف ، دم عیسیٰ ، کسی محدود ، وقتی ومقامی معجزہ کی کچھ بھی ضرورت باقی رہ جاتی ہے ؟
صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی زندگی نہ اس وقت راز تھی نہ آج راز ہے . ابو لہب وابو جہل اور ان کے سا رے ہمنشینوں نے اس وقت دیکھا ، کہ بد بو داراور پُر عفو نت کھاد ، گملے میں بڑی ، اور ان کی آنکھوں کے سامنے ،شادار ،وخوش رنگ مہکتے ہو ئے گلاب کے پھول میں تبدیل ہو گئی ، حق کی قوت ، ہر تر دید وتغلیط کے خطرے سے بے پرواہ ہے ، زندہ معبود کے زندہ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کے زندہ معجزہ کا جواب نہ اس وقت بن پڑا ، نہ آج حق کو جھٹلانے والوں نے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے دشمنوں ،اور ابو لہب وابو جہل کے موجودہ جا نشینوں میں سے کسی کے بس کی بات ہے !
اللہ مراتب بلند کرے ،اکبر الہ آبادی کے سارے مضامین نعت کا عطر ایک شعر میں کھینچ کر رکھ دیا ہے .(ذکر رسول)
خود نہ تھے جو راہ پر ،اوروں کے ہا دی بن گئے
کیا نظر تھی جس نے مردوں کو مسیحا کردیا​
!
 
Top