مترادفات القرآن (پ)

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

پھینکنا​

کے لیے نبذ، طرح، رجم، رمی، قذف اور جفا کے الفاظ آئے ہیں۔

1: نبذ ​

بمعنی کسی چیز کو در خور اعتنا نہ سمجھتے ہوئے پھینک دینا۔ کسی چیز کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اسے پس پشت ڈال دنیا (مف - فل ۱۹۰) ارشاد باری ہے:
اَوَ کُلَّمَا عٰہَدُوۡا عَہۡدًا نَّبَذَہٗ فَرِیۡقٌ مِّنۡہُمۡ ؕ بَلۡ اَکۡثَرُھُمۡ لَا یُؤۡمِنُوۡنَ (سورۃ البقرۃ آیت 100)
ان لوگوں نے جب جب اللہ سے کوئی عہد کیا تو ان میں سے ایک فریق نے اس کو کسی چیز کی طرح پھینک دیا۔ حقیقت یہ ہے کہ ان میں اکثر بے ایمان ہیں۔​

2: طرح ​

کسی چیز کو فالتو اور ردی سمجھ کر پھینک دینا۔ لوگوں کی نظروں سے بچا کر کہیں دور پھینکنا (مف) کہتے ہیں رایته من طرح میں نے اسے دور سے دیکھا۔ اور طروح دور دراز مقام کو۔ اور الطرح اس چیز کو کہا جاتا ہے جو فالتو سمجھ کر پھینک دی جائے ۔ قرآن میں ہے:
اقۡتُلُوۡا یُوۡسُفَ اَوِ اطۡرَحُوۡہُ اَرۡضًا یَّخۡلُ لَکُمۡ وَجۡہُ اَبِیۡکُمۡ وَ تَکُوۡنُوۡا مِنۡۢ بَعۡدِہٖ قَوۡمًا صٰلِحِیۡنَ (سورۃ یوسف آیت 9)
یوسف کو یا تو جان سے مار ڈالو یا کسی ملک پر پھینک آؤ۔ پھر ابا کی توجہ صرف تمہاری طرف ہو جائے گی اور اسکے بعد تم نیک لوگوں میں ہو جاؤ گے۔​

3: رجم ​

پتھر، کنکر پھینک کر کسی کو ہلاک کرنا اور جان سے مار ڈالنا سنگسار کرنا (فل ۱۸۹) قرآن میں ہے:
اِنَّہُمۡ اِنۡ یَّظۡہَرُوۡا عَلَیۡکُمۡ یَرۡجُمُوۡکُمۡ اَوۡ یُعِیۡدُوۡکُمۡ فِیۡ مِلَّتِہِمۡ وَ لَنۡ تُفۡلِحُوۡۤا اِذًا اَبَدًا (سورۃ الکہف آیت 20)
اگر وہ تم پر دسترس پالیں گے تو تمہیں سنگسار کر دیں گے۔ یا پھر اپنے مذہب میں داخل کر لیں گے اور اس وقت تم کبھی فلاح نہیں پاؤ گے۔​

4، 5: رمی، قذف​

دونوں الفاظ قریب المعنی ہیں۔ دونوں کے معنی کنکر پتھر وغیرہ دور پھینکنا یا دور سے پھینکنا (مف) ان میں بنیادی فرق یہ ہے کہ رمی عام طور پر مادی اشیا کے پھینکنے کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ ارشاد باری ہے:
فَلَمۡ تَقۡتُلُوۡہُمۡ وَلٰکِنَّ اللّٰہَ قَتَلَہُمۡ ۪ وَ مَا رَمَیۡتَ اِذۡ رَمَیۡتَ وَ لٰکِنَّ اللّٰہَ رَمٰی ۚ وَ لِیُبۡلِیَ الۡمُؤۡمِنِیۡنَ مِنۡہُ بَلَآءً حَسَنًا ؕ اِنَّ اللّٰہَ سَمِیۡعٌ عَلِیۡمٌ (سورۃ الانفال آیت 17)
پس تم لوگوں نے ان کفار کو قتل نہیں کیا بلکہ اللہ نے انہیں قتل کیا۔ اور اے نبی جس وقت تم نے کنکریاں پھینکی تھیں تو وہ تم نے نہیں پھینکی تھیں بلکہ اللہ نے پھینکی تھیں اس سے یہ غرض تھی کو مومنوں کو اپنے احسانوں سے اچھی طرح آزما لے بیشک اللہ سنتا ہے جانتا ہے۔​
اسی سے رمی الجمار کی شرعی اصطلاح بھی اس معنی میں استعمال ہوتی ہے کہ حاجی لوگ منی میں دور سے شیطانوں پر کنکریاں مارتے ہیں۔ اور قذف کا لفظ معنوی طور پر استعمال ہوتا ہے، جیسے حد قذف مشہور شرعی اصطلاح ہے یعنی کسی پر بد کاری کا الزام یا تہمت لگانے کی حد اسی معنی میں قرآن کریم میں ہے:
وَ اَنۡزَلَ الَّذِیۡنَ ظَاہَرُوۡھُمۡ مِّنۡ اَہۡلِ الۡکِتٰبِ مِنۡ صَیَاصِیۡہِمۡ وَ قَذَفَ فِیۡ قُلُوۡبِہِمُ الرُّعۡبَ فَرِیۡقًا تَقۡتُلُوۡنَ وَ تَاۡسِرُوۡنَ فَرِیۡقًا (سورۃ الاحزاب آیت 26)
اور اس نے اہل کتاب میں سے جن لوگوں نے انکی یعنی مکے والوں کی مدد کی تھی انکو انکے قلعوں سے اتار دیا اور انکے دلوں میں دہشت ڈال دی۔ تو بعض کو تم قتل کر دیتے تھے اور بعض کو قید کر لیتے تھے۔​
لیکن بعد میں یہ دونوں الفاظ ہم معنی استعمال ہونے لگے۔ چنانچہ قرآن کریم میں رمی کا استعمال معنوی طور پر بھی ہوا ہے۔ ارشاد باری ہے:
وَ مَنۡ یَّکۡسِبۡ خَطِیۡٓىـَٔۃً اَوۡ اِثۡمًا ثُمَّ یَرۡمِ بِہٖ بَرِیۡٓــًٔا فَقَدِ احۡتَمَلَ بُہۡتَانًا وَّ اِثۡمًا مُّبِیۡنًا (سورۃ النساء آیت 112)
اور جو شخص کوئی قصور یا گناہ تو خود کرے لیکن اس کا الزام کسی بے گناہ پر ڈال دے تو اس نے بہتان اور کھلے گناہ کا بوجھ اپنے سر پر رکھا۔​
اسی طرح قذف کا استعمال قرآن کریم میں مادی اشیا کے لیے بھی ہوا ہے۔ مثلاً :
قَالُوۡا مَاۤ اَخۡلَفۡنَا مَوۡعِدَکَ بِمَلۡکِنَا وَ لٰکِنَّا حُمِّلۡنَاۤ اَوۡزَارًا مِّنۡ زِیۡنَۃِ الۡقَوۡمِ فَقَذَفۡنٰہَا فَکَذٰلِکَ اَلۡقَی السَّامِرِیُّ (سورۃ طہ آیت 87)
وہ کہنے لگے کہ ہم نے اپنے اختیار سے آپ سے وعدہ خلافی نہیں کی۔ لیکن ہم ان لوگوں کے زیوروں کا بوجھ اٹھائے ہوئے تھے۔ پھر ہم نے اسکو آگ میں ڈال دیا اور اسی طرح سامری نے ڈال دیا۔​

4: جفاء ​

الجفاء بمعنی وہ کوڑا کرکٹ جو وادی کے دونوں کناروں پر رہ جاتا ہے یا ہانڈی کا میل کچیل جو ابال آنے سے ادھر ادھر گر جاتا ہے۔ کہا جاتا ہے اجفات القدر زبدھا یعنی ہنڈیا نے اپنا اُبال پھینک دیا۔ قرآن میں ہے :
فَاَمَّا الزَّبَدُ فَیَذۡھَبُ جُفَآءً ۚ وَ اَمَّا مَا یَنۡفَعُ النَّاسَ فَیَمۡکُثُ فِی الۡاَرۡضِ ؕ کَذٰلِکَ یَضۡرِبُ اللّٰہُ الۡاَمۡثَالَ (سورۃ الرعد آیت 17)
سو جھاگ تو سوکھ کر زائل ہو جاتا ہے اور پانی جو لوگوں کو فائدہ پہنچاتا ہے وہ زمین میں ٹھہرا رہتا ہے۔ اس طرح اللہ صحیح اور غلط کی مثالیں بیان فرماتا ہے تاکہ تم سمجھو۔​

ماحصل:​

  • نبذ: کسی چیز کو در خور اعتنا نہ سمجھتے ہوئے پس پشت ڈال دینا۔
  • طرح: فالتو اور ردی چیز سمجھ کر پھینکنا۔
  • رجم: دور سے پتھر کنکر مارنا یا مار کر ہلاک کرنا، سنگسار کرنا۔
  • رمی/قذف: دور پھینکنا یا دور سے پھینکنا۔ اور ان کا استعمال ظاہری اور معنوی دونوں طرح ہوتا ہے۔
  • جفا: دریا کا اپنے جھاگ یا ہنڈیا کا اپنے ابال کو کناروں پر پھینکنا۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

پیاسا – پیاسا ہونا​

کے لیے ظمان ، ورد، ھیم اور لھث کے الفاظ آئے ہیں۔

1: ظمان ​

ظما بمعنی پیاسا ہونا۔ اور ظماً بمعنی پیاس اور ظما کا لفظ عطش (بمعنی پیاس) سے اگلا درجہ ہے (فل ۱۶۲) اور ظمان اسم مبالغہ کا صیغہ ہے۔ بمعنی ایسا شخص جو پیاس سے بے قرار ہو رہا ہو۔ بہت پیاسا۔ قرآن میں ہے:
وَ الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡۤا اَعۡمَالُہُمۡ کَسَرَابٍۭ بِقِیۡعَۃٍ یَّحۡسَبُہُ الظَّمۡاٰنُ مَآءً ؕ حَتّٰۤی اِذَا جَآءَہٗ لَمۡ یَجِدۡہُ شَیۡئًا وَّ وَجَدَ اللّٰہَ عِنۡدَہٗ فَوَفّٰٮہُ حِسَابَہٗ ؕ وَ اللّٰہُ سَرِیۡعُ الۡحِسَابِ (سورۃ النور آیت 39)
اور جن لوگوں نے کفر کیا انکے اعمال کی مثال ایسی ہے جیسے میدان میں ریت کہ پیاسا اسے پانی سمجھے یہاں تک کہ جب اسکے پاس آئے تو اسے کچھ بھی نہ پائے۔ اور اللہ ہی کو اپنے پاس دیکھے تو وہ اسے اس کا حساب پورا پورا چکا دے اور اللہ جلد حساب کرنے والا ہے۔​

2: ورد ​

وہ پیاسا آدمی یا قافلہ جو پانی کی تلاش میں نکل کھڑا ہوا (مف) اور ورد کے معنی پانی پینے کے لیے گھاٹ پر پہنچا (سورۃ یوسف آیت 19) اور ورد بمعنی گھاٹ (سورۃ ھود آیت 99) اور مورود بھی گھاٹ کو کہتے ہیں۔ ورد کی ضد صدر ہے معنی پانی پی لینے کے بعد واپس ہونا ۔ ارشاد باری ہے:
وَّ نَسُوۡقُ الۡمُجۡرِمِیۡنَ اِلٰی جَہَنَّمَ وِرۡدًا (سورۃ مریم آیت 86)
اور گناہگاروں کو دوزخ کی طرف پیاسے ہانک لے جائیں گے۔​

3: ھیم ​

(الھيام) انتہائی شدت کی پیاس (م ل - فل ۱۶۲) اور ھام بمعنی سخت پیاسا ہونا (منجد) اور ھیام اونٹ کی ایک بیماری ہے جس میں اونٹ سخت پیاسا رہتا ہے۔ اور هیم وہ سخت پیاسا اونٹ جسے پیاس نہ بجھنے کی بیماری لگی ہو۔ ارشاد باری ہے:
فَشٰرِبُوۡنَ شُرۡبَ الۡہِیۡمِ (سورۃ الواقعہ آیت 55)
پھر پیو گے بھی اس طرح جیسے پیاسے اونٹ پیتے ہیں۔​

4: لھث​

سخت پیاس کی وجہ سے زبان باہر نکالنا اور ہانپنا۔ اور بعض کے نزدیک یہ لفظ درماندگی اور پیاس دونوں کے مجموعہ پر بولا جاتا ہے (مف) اور لھثۃ سخت پیاس کو اور لھاث اس پیاس کو کہتے ہیں جو اندرونی گرمی کی وجہ سے ہو (ق م) ارشاد باری ہے:
وَ لَوۡ شِئۡنَا لَرَفَعۡنٰہُ بِہَا وَ لٰکِنَّہٗۤ اَخۡلَدَ اِلَی الۡاَرۡضِ وَ اتَّبَعَ ھَوٰىہُ ۚ فَمَثَلُہٗ کَمَثَلِ الۡکَلۡبِ ۚ اِنۡ تَحۡمِلۡ عَلَیۡہِ یَلۡہَثۡ اَوۡ تَتۡرُکۡہُ یَلۡہَثۡ ؕ ذٰلِکَ مَثَلُ الۡقَوۡمِ الَّذِیۡنَ کَذَّبُوۡا بِاٰیٰتِنَا ۚ فَاقۡصُصِ الۡقَصَصَ لَعَلَّہُمۡ یَتَفَکَّرُوۡنَ (سورۃ الاعراف آیت 176)
اور اگر ہم چاہتے تو ان آیتوں سے اس کے درجے کو بلند کر دیتے۔ مگر وہ تو پستی کی طرف مائل ہو گیا اور اپنی خواہش کے پیچھے چل پڑا۔ تو اسکی مثال کتے کی سی ہو گئ کہ اگر اس پر حملہ کرو زبان نکالے رہے یا اسے یونہی چھوڑ دو تو بھی زبان نکالے رہے۔ یہی مثال ان لوگوں کی ہے جنہوں نے ہماری آیتوں کو جھٹلایا تو ان سے یہ قصہ بیان کر دو۔ تاکہ وہ فکر کریں۔​

ماحصل:​

  • ظمان: پیاس سے بے قرار۔
  • ورد: جو پیاسا پانی کی تلاش میں چل کھڑا ہو۔
  • ھیم: ایسا سخت پیاسا جس کی پیاس بجھنے میں نہ آئے۔
  • لھث: سخت پیاس کی وجہ سے زبان کا باہر نکل آنا۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

پیالہ​

کے لیے اکواب، کاس، سقایہ اور صواع کے الفاظ آئے ہیں۔

1: اکواب ​

کوب کی جمع ہے۔ اور کوب ایسے پیالے کو کہتے ہیں جس کے دستی نہ ہو (گلاس وغیرہ) اور اگر دستی والا ہو تو اسے کوز کہتے ہیں (فل ۳۰) اور اگر دستی اور ٹوٹی دونوں ہوں تو وہ ابریق ہے۔ جس کی جمع اباریق آتی ہے۔ یعنی لوٹا یا جگ وغیرہ۔

2: كأس ​

مشروب سے بھرا ہوا پیالہ، جام، چھلکتا جام۔ اور اگر اس میں مشروب نہ ہو تو وہ قدح ہے۔ (ف ل 30) کاس عموماً شراب سے بھرے ہوئے پیالہ کو کہتے ہیں۔ اور کاس کا معنی شراب بھی ہے (منجد) ارشاد باری ہے:
بِاَکۡوَابٍ وَّ اَبَارِیۡقَ ۬ۙ وَ کَاۡسٍ مِّنۡ مَّعِیۡنٍ (سورۃ الواقعہ آیت 18)
یعنی آبخورے اور آفتابے اور صاف شراب کے جام لے لے کر۔​

3: سقایۃ​

سقی بمعنی پانی پلانا یا کوئی مشروب پیش کرنا۔ اور سقایۃ پانی پلانے کو بھی کہتے ہیں اور برتن کو بھی (مف) کوئی سا پینے کا برتن۔ قرآن میں ہے:
فَلَمَّا جَہَّزَھُمۡ بِجَہَازِھِمۡ جَعَلَ السِّقَایَۃَ فِیۡ رَحۡلِ اَخِیۡہِ ثُمَّ اَذَّنَ مُؤَذِّنٌ اَیَّتُہَا الۡعِیۡرُ اِنَّکُمۡ لَسٰرِقُوۡنَ (سورۃ یوسف آیت 70)
پھر جب ان کا اسباب تیار کر دیا تو اپنے بھائی کے تھیلے میں آبخورہ رکھ دیا پھر جب وہ آبادی سے باہر نکل گئے تو ایک پکارنے والے نے آواز دی کہ قافلے والو! تم تو چور ہو۔​

4: صواع ​

صواع (ص زبر ) اور صواع (ص زیر) بمعنی پانی پینے کا پیالہ جمع صیعان (منجد) اور بمعنی پانی پینے کا برتن جو سونے یا چاندی کا ہو۔ اگر کانچ کا ہو تو اسے قدح، لکڑی کا ہو تو عس، چمڑے کا ہو تو علبہ اور مٹی کا ہو تو مرکن کہتے ہیں (الجمال والكمال سلمان منصور پوری ص ۱۷۴ ) (واضح رہے کہ یہ لفظ صاع (بمعنی پیمانہ معروف) سے مشتق نہیں) ارشاد باری ہے:
قَالُوۡا نَفۡقِدُ صُوَاعَ الۡمَلِکِ وَ لِمَنۡ جَآءَ بِہٖ حِمۡلُ بَعِیۡرٍ وَّ اَنَا بِہٖ زَعِیۡمٌ (سورۃ یوسف آیت 72)
وہ بولے کہ بادشاہ کا کٹورہ کھویا گیا ہے اور جو شخص اسکو لے کے آئے اسکے لئے ایک بار شتر انعام اور میں اسکا ضامن ہوں۔​

ماحصل:​

  • کوب: بغیر دستی کے پیالہ۔
  • کاس: مشروب سے بھرا ہوا پیالہ، شراب کا جام۔
  • سقایہ: پانی پینے پلانے کا پیالہ یا برتن۔
  • صواع: پانی پینے کا پیالہ یا گلاس جو سونے یا چاندی کا ہو۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

پیپ​

کے لیے غسلین، غسّاق اور صدید کے الفاظ آئے ہیں۔

1: غسلین​

غسل کے معنی کسی چیز کو پانی سے پاک کرنا اور میل کچیل دور کرنا۔ اور غسل ہر وہ چیز ہے جس سے کسی چیز کو دھویا یا میل کاٹی جائے (منجد) اور غسلین میلے کچیلے اور گندے پانی یا دھوون کو کہتے ہیں اور زخموں کے دھوون کو بھی جس میں پیپ، خون اور میل کچیل شامل ہوتی ہے۔ ارشاد باری ہے:
وَّ لَا طَعَامٌ اِلَّا مِنۡ غِسۡلِیۡنٍ (سورۃ الحاقہ آیت 36)
اور نہ اسکے لئے کوئی کھانا ہے سوائے زخموں کے دھوون کے۔​

2: غسّاق​

غساق کا ترجمہ عموماً پیپ یا بہتی پیپ کر لیا جاتا ہے۔ صاحب منجد، فقه اللغة اور منتہی الارب سب نے اس نے معنی ٹھنڈا اور بد بو دار پانی بتلائے ہیں۔ اور صاحب مقائیس اللغۃ نے اس کے معنی ما تقطرُ مِن جُلُودِ أَهْلِ النَّارِ یعنی جو کچھ دوزخیوں کی جلدوں سے قطرہ قطرہ کر کے گرے گا، لکھے ہیں (م۔ ل) قرآن کریم میں غساق کا لفظ دو مقامات حمیم کے مقابلہ میں استعمال ہوا ہے جس سے معلوم ہوتا ہے کہ اس کے معنی ٹھنڈا اور بد بو دار پانی، ہی زیادہ مناسب ہے۔ واللہ اعلم ۔ اب ان کی مثالیں ملاحظہ فرمائیے :
اِلَّا حَمِیۡمًا وَّ غَسَّاقًا (سورۃ النبا آیت 25)
مگر کھولتا پانی اور بدبودار پیپ۔
ھٰذَا ۙ فَلۡیَذُوۡقُوۡہُ حَمِیۡمٌ وَّ غَسَّاقٌ (سورۃ ص آیت 57)
یہ کھولتا ہوا گرم پانی اور پیپ ہے اب اسکے مزے چکھیں۔
مگر گرم پانی اور بہتی پیپ (عثمانیؒ)
​

3: صدید​

امام راغب کے نزدیک اس کے معنی پیپ جو گوشت اور چمڑے کے درمیان حائل ہو جاتی ہے (مف) اور یہ غالباً صد کے معنی کے لحاظ سے تعریف کی گئی ہے۔ صاحب منجد اس کے معنی "خون ملی پیپ یا کچلہو" لکھتے ہیں۔ اور یہی صحیح معلوم ہوتا ہے۔ اور صاحب فقہ اللغۃ اس کے معنی "زخم میں پانی اور خون کی آمیزش" لکھتے ہیں (ف ل 118) ارشاد باری ہے:
مِّنۡ وَّرَآئِہٖ جَہَنَّمُ وَ یُسۡقٰی مِنۡ مَّآءٍ صَدِیۡدٍ (سورۃ ابراہیم آیت 16)
اسکے پیچھے دوزخ ہے اور اسے پیپ والا پانی پلایا جائے گا۔​

ماحصل:​

  • غسلین: زخموں کا دھودن، خون، پیپ اور میل کچیل کا ملا جلا مجموعہ۔
  • غسّاق: بد بو دار، ٹھنڈا پانی یا بہتی ہوئی پیپ۔
  • صدید: پیپ، خون اور پانی کی آمیزش، کچلہو۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

پیٹھ – پشت​

کے لیے ظھر، دبر اور صلب کے الفاظ آئے ہیں۔

1: ظھر​

مقعد کے اوپر گردن تک پچھلا بیرونی حصہ (مف) اور اس کی جمع ظہور آتی ہے۔ قرآن میں ہے:
وَ اَمَّا مَنۡ اُوۡتِیَ کِتٰبَہٗ وَرَآءَ ظَہۡرِہٖ (سورۃ الانشقاق آیت 10)
اور جس کا نامہ اعمال اسکی پیٹھ کے پیچھے سے دیا جائے گا۔​

2: دبر​

بمعنی مقعد اور ہر چیز کا پچھلا حصہ (مف) جمع ادبار اور اس کی ضد قبل ہے۔ دبر اور ادبار بعد یا پیچھے کے معنوں میں بھی آتا ہے۔ دبر الصلوۃ اور ادبار السجود کے معنی بعد از نماز ہے:
وَ مِنَ الَّیۡلِ فَسَبِّحۡہُ وَ اَدۡبَارَ السُّجُوۡدِ (سورۃ ق آیت 10)
اور رات کے بعض اوقات میں بھی اور نماز کے بعد بھی اسی کے نام کی تسبیح کیا کرو۔​
اور اس طرح
فَاَسۡرِ بِاَھۡلِکَ بِقِطۡعٍ مِّنَ الَّیۡلِ وَ اتَّبِعۡ اَدۡبَارَھُمۡ (سورۃ الحجر آیت 65)
تو آپ کچھ رات رہے سے اپنے گھر والوں کو لے نکلیں اور خود انکے پیچھے چلیں​
کا معنی اور خود ان کے پیچھے پیچھے چلنا ہے۔ گویا دبر کا لفظ ظہر سے زیادہ وسیع مفہوم میں استعمال ہوتا ہے۔ قرآن میں ہے:
سَیُہۡزَمُ الۡجَمۡعُ وَ یُوَلُّوۡنَ الدُّبُرَ (سورۃ القمر آیت 45)
عنقریب یہ جماعت شکست کھائے گی اور یہ لوگ پیٹھ پھیر پھیر کر بھاگ جائیں گے۔​

3: صلب​

صلب العظم بمعنی ہڈی سے چربی نکالنا۔ اور صلب ریڑھ کی ہڈی کی چربی اور گودا کو کہتے ہیں (منجد) اور چونکہ یہ ہڈی پشت کے درمیان ہوتی ہے لہذا اس کا ترجمہ پشت یا پیٹھ ہی کر لیا جاتا ہے۔ ارشاد باری ہے:
یَّخۡرُجُ مِنۡۢ بَیۡنِ الصُّلۡبِ وَ التَّرَآئِبِ (سورۃ الطارق آیت 7)
جو پیٹھ اور سینے کے بیچ میں سے نکلتا ہے۔​

ماحصل:​

  • ظہر: کسی جاندار کا مقعد سے لے کر گردن تک کا پچھلا بیرونی حصہ۔
  • دبر: مقعد اور ہر چیز کا پچھلا حصہ۔
  • صلب: ریڑھ کی ہڈی، چربی، گودا وغیرہ سمیت پشت۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

پیچھا کرنا​

کے لیے پیچھا کرنا کے لیے ابتغاء ، قصّ اور اتبع کے الفاظ آتے ہیں۔

1: ابتغاء​

بغی بمعنی ڈھونڈنا، طلب کرنا، چاہنا۔ اور ابتغاء کے معنی مطلوبہ چیز کو ڈھونڈنا اور اس کا پیچھا کرنا۔ ارشاد باری ہے:
وَ لَا تَہِنُوۡا فِی ابۡتِغَآءِ الۡقَوۡمِ ؕ اِنۡ تَکُوۡنُوۡا تَاۡلَمُوۡنَ فَاِنَّہُمۡ یَاۡلَمُوۡنَ کَمَا تَاۡلَمُوۡنَ ۚ وَ تَرۡجُوۡنَ مِنَ اللّٰہِ مَا لَا یَرۡجُوۡنَ ؕ وَ کَانَ اللّٰہُ عَلِیۡمًا حَکِیۡمًا (سورۃ النساء آیت 104)
اور ان کفار کا پیچھا کرنے میں سستی نہ کرنا۔ اگر تم بےآرام ہوتے ہو تو جس طرح تم بےآرام ہوتے ہو اسی طرح وہ بھی بےآرام ہوتے ہیں اور تم تو اللہ سے ایسی ایسی امیدیں رکھتے ہو جو وہ نہیں رکھتے اور اللہ سب کچھ جانتا ہے بڑی حکمت والا ہے۔​

2: قصّ ​

پیچھے پیچھے چلنا، کسی نشان کا پیچھا کرتے چلے جانا (مف) قرآن میں ہے:
وَ قَالَتۡ لِاُخۡتِہٖ قُصِّیۡہِ ۫ فَبَصُرَتۡ بِہٖ عَنۡ جُنُبٍ وَّ ہُمۡ لَا یَشۡعُرُوۡنَ (سورۃ القصص آیت 11)
اور والدہ موسٰی نے اسکی بہن سے کہا کہ اسکے پیچھے پیچھے چلی جا تو وہ اسے دور سے دیکھتی رہی اور ان لوگوں کو کچھ خبر نہ تھی۔​

3: اتبع ​

کسی کا پیچا کرنا اور اس کو جا لینا (مف) قرآن میں ہے:
فَاَتۡبَعُوۡہُمۡ مُّشۡرِقِیۡنَ فَلَمَّا تَرَآءَ الۡجَمۡعٰنِ قَالَ اَصۡحٰبُ مُوۡسٰۤی اِنَّا لَمُدۡرَکُوۡنَ (سورۃ الشعرا آیت 60، 61)
تو انہوں نے سورج نکلتے وقت انکا تعاقب کیا۔ پھر جب دونوں جماعتیں آمنے سامنے ہوئیں تو موسٰی کے ساتھی کہنے لگے کہ ہم تو پکڑ لئے گئے۔​

ماحصل:​

  • ابتغاء: کسی مطلوب چیز کو ڈھونڈنا اور اس کا پیچھا کرنا۔
  • قصّ: کسی نشان کا تتبع کرتے چلے جانا۔
  • اتبع: پیچھا کرنا اور جا لینا۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

پیچھے​

کے لیے بعد، وراء، خلف اور ادبار کے الفاظ آئے ہیں۔

1: بعد ​

بمعنی پیچھے، بعد ازاں۔ یہ ظرف زمان ہے (منجد) اور اس کی ضد قبل معنی پہلے ہے:
ثُمَّ بَعَثۡنٰکُمۡ مِّنۡۢ بَعۡدِ مَوۡتِکُمۡ لَعَلَّکُمۡ تَشۡکُرُوۡنَ (سورۃ البقرۃ آیت 56)
پھر موت آجانے کے بعد ہم نے تم کو ازسر نو زندہ کر دیا تا کہ احسان مانو۔​

2: ادبار ​

دبر ہر چیز کے پچھلے حصہ کو کہتے ہیں اور اس کی ضد قبل ہے۔ اور یہ پیچھے کے معنوں میں بطور ظرف زمانی متصل استعمال ہوتا ہے۔ یعنی کسی کام کے ختم ہونے کے ساتھ ہی یا فورا بعد اور دبر الصلوة کے معنی بعد از نماز ہے (جمع ادبار) ارشاد باری ہے:
وَ مِنَ الَّیۡلِ فَسَبِّحۡہُ وَ اَدۡبَارَ السُّجُوۡدِ (سورۃ ق آیت 40)
اور رات کے بعض اوقات میں بھی اور نماز کے بعد بھی اسی کے نام کی تسبیح کیا کرو۔​
اور ادبار کے معنی کسی چیز کا پیٹھ دے جانا اور غائب ہو جانا۔ چنانچہ دوسرے مقام پر ارشاد باری ہے:
وَ مِنَ الَّیۡلِ فَسَبِّحۡہُ وَ اِدۡبَارَ النُّجُوۡمِ (سورۃ الطور آیت 49)
اور رات کے بعض اوقات میں بھی اور ستاروں کے غروب ہونے کے بعد بھی اسکی تسبیح کیا کرو۔​
اس آیت میں فصاحت یہ ہے کہ ادبار کے ساتھ ادبار کا مفہوم بھی آ گیا ہے۔

3: خلف ​

بمعنی پیچھے اور اس کی ضد بین یدین بمعنی سامنے ہے (مف) یا قریب ہے اور یہ بھی ظرف زمان و مکان دونوں طرح استعمال ہوتا ہے۔ ظرف زمانی کی صورت میں بین یدین کے معنی موجودہ اور مکانی صورت میں سامنے ہو گا ۔ ارشادِ باری ہے:
(1) زمان کے لیے:
فَجَعَلۡنٰہَا نَکَالًا لِّمَا بَیۡنَ یَدَیۡہَا وَ مَا خَلۡفَہَا وَ مَوۡعِظَۃً لِّلۡمُتَّقِیۡنَ (سورۃ البقرۃ آیت 66)
اور اس قصے کو اس وقت کے لوگوں کے لئے اور جو انکے بعد آنے والے تھے عبرت اور پرہیز گاروں کے لئے نصیحت بنا دیا۔​
(2) مکان کے لیے:
لَہٗ مُعَقِّبٰتٌ مِّنۡۢ بَیۡنِ یَدَیۡہِ وَ مِنۡ خَلۡفِہٖ یَحۡفَظُوۡنَہٗ مِنۡ اَمۡرِ اللّٰہِ ؕ اِنَّ اللّٰہَ لَا یُغَیِّرُ مَا بِقَوۡمٍ حَتّٰی یُغَیِّرُوۡا مَا بِاَنۡفُسِہِمۡ ؕ وَ اِذَاۤ اَرَادَ اللّٰہُ بِقَوۡمٍ سُوۡٓءًا فَلَا مَرَدَّ لَہٗ ۚ وَ مَا لَہُمۡ مِّنۡ دُوۡنِہٖ مِنۡ وَّالٍ (سورۃ الرعد آیت 11)
اسکے آگے اور پیچھے اللہ کے چوکیدار ہیں جو اللہ کے حکم سے اسکی نگرانی کرتے ہیں۔ اللہ اس نعمت کو جو کسی قوم کو حاصل ہے نہیں بدلتا جب تک کہ وہ اپنی حالت کو نہ بدلے۔ اور جب اللہ کسی قوم کے ساتھ برائی کا ارادہ کرتا ہے تو وہ پھر نہیں سکتی۔ اور اللہ کے سوا ان کا کوئی مددگار نہیں ہوتا۔​

4: وراء ​

بمعنی پیچھے یا آگے (لغت اضداد) مذکر و مونث ہے اور ظرف زمان و مکان دونوں طرح استعمال ہوتا ہے۔ اب اس کی مثالیں دیکھیے:
(1) بمعنی پیچھے ظرف مکان:
اِنَّ الَّذِیۡنَ یُنَادُوۡنَکَ مِنۡ وَّرَآءِ الۡحُجُرٰتِ اَکۡثَرُہُمۡ لَا یَعۡقِلُوۡنَ (سورۃ الحجرات آیت 4)
اے نبی ﷺ جو لوگ تمکو حجروں کے باہر سے آواز دیتے ہیں ان میں اکثر بےعقل ہیں۔​
(۲) پیچھے ظرف زمان:
وَ امۡرَاَتُہٗ قَآئِمَۃٌ فَضَحِکَتۡ فَبَشَّرۡنٰہَا بِاِسۡحٰقَ ۙ وَ مِنۡ وَّرَآءِ اِسۡحٰقَ یَعۡقُوۡبَ (سورۃ ھود آیت 71)
اور ابراہیم کی بیوی جو پاس کھڑی تھی ہنس پڑی تو ہم نے اس کو اسحٰق کی اور اسحٰق کے بعد یعقوب کی خوشخبری دی۔​
(۳) بمعنی آگے مکان:
اَمَّا السَّفِیۡنَۃُ فَکَانَتۡ لِمَسٰکِیۡنَ یَعۡمَلُوۡنَ فِی الۡبَحۡرِ فَاَرَدۡتُّ اَنۡ اَعِیۡبَہَا وَ کَانَ وَرَآءَہُمۡ مَّلِکٌ یَّاۡخُذُ کُلَّ سَفِیۡنَۃٍ غَصۡبًا (سورۃ الکہف آیت 79)
کہ جو وہ کشتی تھی غریب لوگوں کی تھی جو دریا میں محنت کر کے یعنی کشتیاں چلا کر گذارہ کرتے تھے۔ اور انکے سامنے کی طرف ایک بادشاہ تھا جو ہر اچھی کشتی کو زبردستی چھین لیتا تھا تو میں نے چاہا کہ اسے عیب دار کر دوں تاکہ وہ اسے غصب نہ کر سکے۔​
پھر یہ لفظ کبھی سوا یا علاوہ کے معنی میں بھی استعمال ہوتا ہے۔ ارشاد باری ہے:
فَمَنِ ابۡتَغٰی وَرَآءَ ذٰلِکَ فَاُولٰٓئِکَ ہُمُ الۡعٰدُوۡنَ (سورۃ المومنون آیت 7)
اور جو ان کے سوا اوروں کے طالب ہوں وہ اللہ کی مقرر کی ہوئی حد سے نکل جانے والے ہیں۔​
اور وراء الإنسان معنی "پوتا" ہے۔ جیسا کہ اوپر مثال 2 سے بھی واضح ہے۔ گویا وراء کے معنی پرے ہے۔ اِس پار یا اس پار۔ ادھر یا اُدھر۔ اور یہ زمانی بھی ہے اور مکانی بھی۔ جیسا کہ درج ذیل آیت سے واضح ہے:
فَاِذَا سَجَدُوۡا فَلۡیَکُوۡنُوۡا مِنۡ وَّرَآئِکُمۡ ۪ وَ لۡتَاۡتِ طَآئِفَۃٌ اُخۡرٰی لَمۡ یُصَلُّوۡا فَلۡیُصَلُّوۡا مَعَکَ وَ لۡیَاۡخُذُوۡا حِذۡرَہُمۡ وَ اَسۡلِحَتَہُمۡ (سورۃ النساء آیت 102)
جب وہ سجدہ کر چکیں تو تم سے پیچھے چلے جائیں اور دوسری جماعت جس نے نماز نہیں پڑھی ان کی جگہ آئے اور ہوشیار اور مسلح ہو کر تمہارے ساتھ نماز ادا کرے۔​

ماحصل: ​

  • بعد: ظرف زمانی (ضد قبل بمعنی پہلے) زمانہ یا وقت کے لحاظ پیچھے۔
  • ادبار: ظرف زمانی متصل (ضد قبل) بمعنی فورا بعد۔
  • خلف: ظرف زمانی اور مکانی ضد بین یدین ( زمانی کی صورت میں بین یدی یا ایدی کے معنی اس وقت کے موجود لوگ اور مکانی کی صورت میں سامنے )
  • وراء: خود ذوی الاضداد سے ہے۔ یعنی آگے یا پیچھے اس طرف یا اس طرف۔ ادھر یا ادھر اس پار یا اُس پار۔ اس کے علاوہ۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

پیچھے آنا​

کے لیے خلف اور خلفة ، اردف اور تلی (تلو) کے الفاظ استعمال ہوئے ہیں۔

1: خلف ​

سلف کی ضد ہے اور ظرف زمانی کے طور پر آتا ہے بمعنی بعد میں آنا، قائم مقام ہونا، جانشین ہونا (منجد) اور خلف عموماً نالائق اور نا اہل جانشین کے لیے آتا ہے۔ ارشاد باری ہے:
فَخَلَفَ مِنۡۢ بَعۡدِہِمۡ خَلۡفٌ اَضَاعُوا الصَّلٰوۃَ وَ اتَّبَعُوا الشَّہَوٰتِ فَسَوۡفَ یَلۡقَوۡنَ غَیًّا (سورۃ مریم آیت 59)
پھر ان کے بعد چند ناخلف ان کے جانشین ہوئے جنہوں نے نماز کو ضائع کر دیا۔ اور خواہشات نفسانی کے پیچھے لگ گئے۔ سو عنقریب انکو گمراہی کی سزا ملے گی۔​
اور خلفۃ کے معنی دو چیزوں کا ایک دوسرے کے پیچھے آنا جانا۔ پہلا دوسرے کے پیچھے، دوسرا پہلے کے پیچھے۔ یکے بعد دیگرے آتے جاتے رہنا۔ (منجد) ارشاد باری ہے:
وَ ہُوَ الَّذِیۡ جَعَلَ الَّیۡلَ وَ النَّہَارَ خِلۡفَۃً لِّمَنۡ اَرَادَ اَنۡ یَّذَّکَّرَ اَوۡ اَرَادَ شُکُوۡرًا (سورۃ الفرقان آیت 62)
اور وہی تو ہے جس نے رات اور دن کو ایک دوسرے کے پیچھے آنے جانے والا بنایا یہ باتیں اس شخص کے لئے جو غور کرنا چاہے یا شکرگذاری کا ارادہ کرے سوچنے اور سمجھنے کی ہیں۔​

2: اردف ​

ردف بمعنی کسی کے پیچھے سوار ہونا اور ردف ایک سوار کے پیچھے دوسرے سوار کو کہتے ہیں (منجد) ایک چیز کے بعد اسی طرح کی دوسری چیز کا آنا۔ اور اردف بمعنی ایک چیز کے بعد اسی طرح کی چیز کا لگاتار بھیجنا۔ تانتا باندھنا۔ (ردیف مشہور لفظ ہے) ارشاد باری ہے:
اِذۡ تَسۡتَغِیۡثُوۡنَ رَبَّکُمۡ فَاسۡتَجَابَ لَکُمۡ اَنِّیۡ مُمِدُّکُمۡ بِاَلۡفٍ مِّنَ الۡمَلٰٓئِکَۃِ مُرۡدِفِیۡنَ (سورۃ الانفال آیت 9)
جب تم لوگ اپنے پروردگار سے فریاد کرتے تھے تو اس نے تمہاری دعا قبول کر لی اور فرمایا کہ تسلی رکھو ہم ہزار فرشتوں سے جو ایک دوسرے کے پیچھے آتے جائیں گے تمہاری مدد کریں گے۔​

3: تلی ​

بمعنی کسی چیز کے پیچھے پیچھے آنا اور بار بار آنا۔ آتے رہنا (مف) ارشاد باری ہے:
وَ الۡقَمَرِ اِذَا تَلٰىہَا (سورۃ الشمس آیت 2)
اور چاند کی جب وہ اسکے پیچھے چلے۔​

ماحصل:​

  • خلف: ظرف زمانی، انسانوں کا بعد میں آنا۔ بعد میں آنے والی نسلیں۔ خلفۃ ایک چیز کا دوسری کے اور دوسری کا پہلی کے پیچھے آنا جانا۔
  • ردف: کسی چیز کے پیچھے اسی طرح کی دوسری چیز کا لگاتار آنا۔
  • تلی: کسی چیز کے پیچھے کسی دوسری چیز کا بار بار آتے رہنا۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

پیچھے چھوڑنا​

کے لیے اخّر اور خلّف کے الفاظ آتے ہیں۔

1: اخرّ ​

تاخیر کی ضد تقدیم ہے۔ ظرف زمانی کے طور پر استعمال ہوتا ہے بمعنی پیچھے چھوڑنا یا پیچھے کرنا۔ پھر یہ لفظ کسی کام کو پیچھے کرنے اور اس کا تعلق اگر کسی دوسرے سے ہو تو مہلت دینے کے معنی میں بھی استعمال ہوتا ہے۔ ارشادِ باری ہے:
یُنَبَّؤُا الۡاِنۡسَانُ یَوۡمَئِذٍۭ بِمَا قَدَّمَ وَ اَخَّرَ (سورۃ القیامۃ آیت 13)
اس دن انسان کو جو عمل اس نے آگے بھیجے اور جو پیچھے چھوڑے ہوں گے سب بتا دیئے جائیں گے۔​

2: خلّف ​

پیچھے چھوڑنا۔ جہاں ظرف زمانی و مکانی دونوں کا تعلق ہو تو یہ لفظ استعمال ہوتا ہے۔ ارشاد باری ہے:
وَّ عَلَی الثَّلٰثَۃِ الَّذِیۡنَ خُلِّفُوۡا ؕ (سورۃ التوبہ آیت 118)
اور ان تینوں پر بھی جنکا معاملہ ملتوی کیا گیا تھا۔
اور ان شخصوں پر جن کو پیچھے رکھ گیا تھا (عثمانیؒ)​

ماحصل: ​

اخّر صرف ظرف زمانی کے لیے اور خلّف ظرف زمانی اور مکانی بیک وقت دونوں کے لیے آتا ہے۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

پیچھے رہنا​

کے لیے تاخّر ، خالف اور غبر کے الفاظ آئے ہیں۔

1: تاخّر ​

خود اپنے اختیار سے پیچھے رہنا۔ ارشاد باری ہے:
وَ اذۡکُرُوا اللّٰہَ فِیۡۤ اَیَّامٍ مَّعۡدُوۡدٰتٍ ؕ فَمَنۡ تَعَجَّلَ فِیۡ یَوۡمَیۡنِ فَلَاۤ اِثۡمَ عَلَیۡہِ ۚ وَ مَنۡ تَاَخَّرَ فَلَاۤ اِثۡمَ عَلَیۡہِ ۙ لِمَنِ اتَّقٰی ؕ وَ اتَّقُوا اللّٰہَ وَ اعۡلَمُوۡۤا اَنَّکُمۡ اِلَیۡہِ تُحۡشَرُوۡنَ (سورۃ البقرۃ آیت 203)
اور قیام منٰی کے دنوں میں جو گنتی کے دن ہیں اللہ کو یاد کرو۔ اگر کوئی جلدی کرے اور دو ہی دن میں چل دے تو اس پر بھی کچھ گناہ نہیں۔ اور جو بعد تک ٹھہرا رہے اس پر بھی کچھ گناہ نہیں۔ یہ باتیں اس شخص کے لئے ہیں جو اللہ سے ڈرے اور تم لوگ اللہ سے ڈرتے رہو اور جان رکھو کہ تم سب اس کے پاس جمع کئے جاؤ گے۔​

2: خالف ​

نقصان یا کوتاہی کی وجہ سے پیچھے رہنا (مف)، اس کا دوسرا معنی مخالفت کرنا بھی ہے۔ اور خالف اپنی سستی یا نا اہلی سے پیچھے رہنے والے کو کہتے ہیں (مف) اور خالف بمعنی احمق اور وہ جو ایک شخص کے جانے کے بعد بیٹھا رہے (منجد) ارشاد باری ہے:
فَاِنۡ رَّجَعَکَ اللّٰہُ اِلٰی طَآئِفَۃٍ مِّنۡہُمۡ فَاسۡتَاۡذَنُوۡکَ لِلۡخُرُوۡجِ فَقُلۡ لَّنۡ تَخۡرُجُوۡا مَعِیَ اَبَدًا وَّ لَنۡ تُقَاتِلُوۡا مَعِیَ عَدُوًّا ؕ اِنَّکُمۡ رَضِیۡتُمۡ بِالۡقُعُوۡدِ اَوَّلَ مَرَّۃٍ فَاقۡعُدُوۡا مَعَ الۡخٰلِفِیۡنَ (سورۃ التوبہ آیت 83)
پھر اگر اللہ تم کو ان میں سے کسی گروہ کی طرف لے جائے اور وہ تم سے نکلنے کی اجازت طلب کریں تو کہدینا کہ تم میرے ساتھ ہر گز نہیں نکلو گے اور نہ میرے ساتھ مددگار ہو کر دشمن سے جنگ کرو گے۔ تم پہلی دفعہ بیٹھ رہنے سے خوش ہوئے تو اب بھی پیچھے رہنے والوں کے ساتھ بیٹھے رہو۔​
اور خَالِف کی مونث خَالِفَة سے عموماً گھریلو عورت مراد لی جاتی ہے جو جہاد کے دوران گھر پر رہ جاتی ہے۔ اور جس کی جمع خوالف آتی ہے (مف) ارشاد باری ہے:
رَضُوۡا بِاَنۡ یَّکُوۡنُوۡا مَعَ الۡخَوَالِفِ وَ طُبِعَ عَلٰی قُلُوۡبِہِمۡ فَہُمۡ لَا یَفۡقَہُوۡنَ (سورۃ التوبہ آیت 87)
یہ اس بات سے خوش ہیں کہ عورتوں کے ساتھ جو پیچھے رہ جاتی ہیں گھروں میں بیٹھ رہیں انکے دلوں پر مہر لگا دی گئ ہے سو یہ سمجھتے ہی نہیں۔​

3: غبر ​

اپنے ساتھیوں سے پیچھے رہ جانا ( مف) ارشاد باری ہے:
فَاَنۡجَیۡنٰہُ وَ اَہۡلَہٗۤ اِلَّا امۡرَاَتَہٗ ۫ۖ کَانَتۡ مِنَ الۡغٰبِرِیۡنَ (سورۃ الاعراف آیت 83)
تو ہم نے انکو اور انکے گھر والوں کو بچا لیا مگر انکی بیوی نہ بچی کہ وہ پیچھے رہنے والوں میں ہو گئی۔​

ماحصل​

  • تاخّر: اپنے ارادہ و اختیار سے پیچھے رہنا۔
  • خالف: سستی اور کوتاہی کی وجہ سے پیچھے رہ جانا۔
  • غبر: اپنے ساتھیوں سے کوتاہی کی وجہ سے پیچھے رہ جانا۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

پیچھے کرنا یا ڈالنا​

کے لیے اخّر، ارجی (رجو)، ارجہ اور نسا کے الفاظ آئے ہیں۔

1: اّخر ​

مقرہ وقت سے پیچھے کرنا یا مہلت دینا (منجد، مف) اس لفظ کا استعمال عام ہے۔ ارشاد باری ہے:
وَ لَنۡ یُّؤَخِّرَ اللّٰہُ نَفۡسًا اِذَا جَآءَ اَجَلُہَا ؕ وَ اللّٰہُ خَبِیۡرٌۢ بِمَا تَعۡمَلُوۡنَ (سورۃ منافقون آیت 11)
اور جب کسی کی موت آ جاتی ہے تو اللہ اسکو ہرگز مہلت نہیں دیتا۔ اور جو کچھ تم کرتے ہو اللہ اس سے خبردار ہے۔​

2: ارجی ​

رجاء ایسے ظن کو کہتے ہیں جس میں مسرت حاصل ہونے کا امکان ہو (مف) اور اس کی ضد خوف ہے۔ اور رجاء اور خوف دونوں متلازم ہیں۔ جب کسی محبوب چیز کے حصول کی توقع ہو گی تو اس کے ضیاع کا اندیشہ بھی دامن گیر رہے گا۔ ایسے ہی اس کے برعکس صورت میں اندیشہ کے ساتھ امید بھی پائی جاتی ہے۔ اور ارجی کے معنی کسی ایسی چیز کو پیچھے ڈالنا جس میں مسرت حاصل ہونے کا امکان ہو۔ ارشاد باری ہے:
تُرۡجِیۡ مَنۡ تَشَآءُ مِنۡہُنَّ وَ تُــٔۡوِیۡۤ اِلَیۡکَ مَنۡ تَشَآءُ ؕ (سورۃ الاحزاب آیت 51)
اے پیغمبر ﷺ تمکو یہ بھی اختیار ہے کہ جس بیوی کو چاہو پیچھے رکھو اور جسے چاہو اپنے پاس رکھو۔
پیچھے رکھ دے تو جس (بیوی) کو تو چاہے ان میں سے اور جگہ دے پنے پاس جس کو تو چاہے۔ (عثمانیؒ)
​

3: ارجہ​

رجہ کے معنی کسی چیز کو دانتوں سے تھامنا اور ارجہ الامر کی کام کو پیچھے ڈالنا (منجد) یعنی ارجہ میں تاخیر کا سبب احتیاط اور مضبوطی ہوتا ہے تا کہ اس کام سے متوقع نتائج برآمد ہو سکیں۔ ارشاد باری ہے:
قَالُوۡۤا اَرۡجِہۡ وَ اَخَاہُ وَ اَرۡسِلۡ فِی الۡمَدَآئِنِ حٰشِرِیۡنَ (سورۃ الاعراف آیت 111)
انہوں نے فرعون سے کہا کہ فی الحال موسٰی اور اسکے بھائی کے معاملے کو موقوف رکھئے اور شہروں میں نقیب روانہ کر دیجئے۔​

4: نسا ​

بمعنی کسی چیز کو موخر کر دینا۔ محاورہ ہے۔ نَسَاكَ اللهُ في أَجَلِكَ یعنی خدا تمہاری عمر دراز کرے (مف) اور نسیئۃ تاخیر اور ادھار کو بھی کہتے ہیں۔ یعنی خرید و فروخت اور لین دین میں رقم بعد میں ادا کرنا۔ اور نسیء کا لفظ قرآن کریم نے تقدیم و تاخیر کے معنوں میں استعمال کیا ہے اور فی الحقیقت یہی اس کا معنی ہے یعنی ایک بات میں تعجیل ہو اور دوسری میں تاخیر (م – ق) کفار مکہ یوں کرتے تھے کہ حج کے ایام کو مقدم موخر کر کے موسم کے مطابق بنا لیتے تھے تا کہ فصلیں پک تیار ہو جائیں اور خدام کعبہ کے نذرانوں کی ادائیگی میں سہولت ہو۔ اللہ تعالیٰ نے اس قسم کی تقدیم و تاخیر کو کفر قرار دیا اور فرمایا:
اِنَّمَا النَّسِیۡٓءُ زِیَادَۃٌ فِی الۡکُفۡرِ یُضَلُّ بِہِ الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡا یُحِلُّوۡنَہٗ عَامًا وَّ یُحَرِّمُوۡنَہٗ عَامًا لِّیُوَاطِـُٔوۡا عِدَّۃَ مَا حَرَّمَ اللّٰہُ فَیُحِلُّوۡا مَا حَرَّمَ اللّٰہُ ؕ زُیِّنَ لَہُمۡ سُوۡٓءُ اَعۡمَالِہِمۡ ؕ وَ اللّٰہُ لَا یَہۡدِی الۡقَوۡمَ الۡکٰفِرِیۡنَ (سورۃ التوبہ آیت 37)
ادب کے کسی مہینے کو ہٹا کر آگے پیچھے کر دینا کفر میں بڑھ جانا ہے اس سے کافر گمراہی میں پڑے رہتے ہیں۔ ایک سال تو اسکو حلال سمجھ لیتے ہیں اور دوسرے سال حرام تاکہ ادب کے مہینوں کی جو اللہ نے مقرر کئے ہیں گنتی پوری کر لیں۔ اور جو اللہ نے منع کیا ہے اسکو جائز کر لیں۔ انکے برے اعمال انکو بھلے دکھائی دیتے ہیں اور اللہ کافر لوگوں کو ہدایت نہیں دیا کرتا۔​

ماحصل:​

  • اخّر: اس کا استعمال عام ہے۔
  • ارجی: ایسی تاخیر جس میں مسرت حاصل ہونے کا امکان ہو، پر امید ہونے کی وجہ سے دیر کرنا۔
  • ارجہ: ایسی تاخیر جس میں احتیاط ملحوظ ہو تا کہ کام درست ہو سکے۔
  • نسیء: ایک بات میں تعجیل اور دوسری میں تاخیر کرنا۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

پیچھے لگانا - پیچھے لگنا​

کے لیے اتبع، قفی (قفّو) اور اغری (غری) کے الفاظ آئے ہیں۔

1: اتبع ​

لازم اور متعدی دونوں طرح استعمال ہوتا ہے۔ لازم ہو تو اس کے معنی پیچھے لگنا یا تعاقب کرنا ہے۔ مثلاً:
فَاَتۡبَعُوۡہُمۡ مُّشۡرِقِیۡنَ (سورۃ الشعرا آیت 60)
تو انہوں نے سورج نکلتے وقت انکا تعاقب کیا۔​
اور متعدی ہو تو اس کے معنی پیچھے لگانا ہو گا۔ ارشاد باری ہے:
وَ اَتۡبَعۡنٰہُمۡ فِیۡ ہٰذِہِ الدُّنۡیَا لَعۡنَۃً ۚ وَ یَوۡمَ الۡقِیٰمَۃِ ہُمۡ مِّنَ الۡمَقۡبُوۡحِیۡنَ (سورۃ القصص آیت 42)
اور اس دنیا سے ہم نے ان کے پیچھے لعنت لگا دی اور وہ قیامت کے روز بھی بدحالوں میں ہوں گے۔​

2: قفی اور قفّی​

القفاء کے معنی گدّی کے ہیں۔ اور قفا – يقفوا کے معنی کسی کی گدی پر مارنا اور کسی کے پیچھے لگ جانا یا پیچھے پڑ جانا (مف) ارشاد باری ہے:
وَ لَا تَقۡفُ مَا لَیۡسَ لَکَ بِہٖ عِلۡمٌ ؕ اِنَّ السَّمۡعَ وَ الۡبَصَرَ وَ الۡفُؤَادَ کُلُّ اُولٰٓئِکَ کَانَ عَنۡہُ مَسۡـُٔوۡلًا (سورۃ بنی اسرائیل آیت 36)
اور اے بندے جس چیز کا تجھے علم نہیں اسکے پیچھے نہ پڑ۔ کہ کان اور آنکھ اور دل ان سب اعضاء کے بارے میں ضرور باز پرس ہو گی۔​
اور قفّی کے معنی کسی کے پیچھے کسی چیز کو لگاتار لگانے کے ہیں (اسی سے لفظ قافیه ہے)۔ اس طرح پیچھے لگانا کہ مسلسل قائم رہے۔ ارشاد باری ہے:
وَ لَقَدۡ اٰتَیۡنَا مُوۡسَی الۡکِتٰبَ وَ قَفَّیۡنَا مِنۡۢ بَعۡدِہٖ بِالرُّسُلِ (سورۃ البقرۃ آیت 87)
اور ہم نے موسٰی کو کتاب عنایت کی اور ان کے پیچھے یکے بعد دیگرے پیغمبر بھیجتے رہے​

3: اغری ​

کے معنی کتے یا کسی شکاری جانور کو برانگیختہ کرکے شکار کے پیچھے لگا دینا (مف) پنجابی ششکارنا۔ ارشاد باری ہے:
وَ مِنَ الَّذِیۡنَ قَالُوۡۤا اِنَّا نَصٰرٰۤی اَخَذۡنَا مِیۡثَاقَہُمۡ فَنَسُوۡا حَظًّا مِّمَّا ذُکِّرُوۡا بِہٖ ۪ فَاَغۡرَیۡنَا بَیۡنَہُمُ الۡعَدَاوَۃَ وَ الۡبَغۡضَآءَ اِلٰی یَوۡمِ الۡقِیٰمَۃِ ؕ وَ سَوۡفَ یُنَبِّئُہُمُ اللّٰہُ بِمَا کَانُوۡا یَصۡنَعُوۡنَ (سورۃ المائدۃ آیت 14)
اور جو لوگ کہتے ہیں کہ ہم نصارٰی ہیں ہم نے ان سے بھی عہد لیا تھا مگر انہوں نے بھی اس نصیحت کا جو انکو کی گئ تھی ایک حصہ فراموش کر دیا تو ہم نے ان میں قیامت تک کے لئے دشمنی اور کینہ ڈال دیا۔ اور جو کچھ وہ کرتے رہے اللہ عنقریب انکو اس سے آگاہ کر دے گا۔
پھر ہم نے لگا دی آپس میں ان کے دشمنی اور کینہ۔ (عثمانیؒ)
​

ماحصل:​

  • اتبع: عام ہے۔ لازم اور متعدی دونوں طرح استعمال ہوتا ہے یعنی پیچھے لگنا اور لگانا۔
  • قفی: کسی چیز کے پیچھے پڑ جانا اور قفّی کسی چیز کے پیچھے کسی کو تسلسل کے ساتھ لگانا۔
  • اغری: کسی چیز کو ابھار کر دوسروں کے پیچھے لگا دینا۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

پیچھے کے دوسرے مشتقات​

علاوہ ازیں "پیچھے" کے کچھ مشتقات ایسے ہیں جن کے لیے قرآن کریم میں ایک ہی لفظ آیا ہے اور وہ یہ ہیں:
(1) پیچھے چلنا کے لیے اتبع اور
(۲) پیچھے دیکھنا کے لیے التفت: لفت کے معنی کسی چیز کو موڑ کر دائیں یا بائیں کر دینا۔ (م ل) اور التفت کے معنی مڑ کر دیکھنا۔ توجہ کرنا اور پیچھے کی طرف دیکھنا ہے۔ التفات مشہور لفظ ہے۔ ارشاد باری ہے:
فَاَسۡرِ بِاَہۡلِکَ بِقِطۡعٍ مِّنَ الَّیۡلِ وَ اتَّبِعۡ اَدۡبَارَہُمۡ وَ لَا یَلۡتَفِتۡ مِنۡکُمۡ اَحَدٌ وَّ امۡضُوۡا حَیۡثُ تُؤۡمَرُوۡنَ (سورۃ الحجر آیت 65)
تو آپ کچھ رات رہے سے اپنے گھر والوں کو لے نکلیں اور خود انکے پیچھے چلیں اور آپ میں سے کوئی شخص پیچھے مڑ کر نہ دیکھے۔ اور جہاں آپ کو حکم ہو وہاں چلے جایئے۔
​
پیچھے ہٹنا کے لیے خنّس:
خنس
کے معنی پیچھے ہٹنا اور سکڑ جانا (منجد) اور بمعنی سیدھا چلتے چلتے ایک قدم پیچھے ہٹ جانا ( مف) آنکھ بچا کر یا چوری چھپے پیچھے ہٹ جانا۔ (م ل) اور خانس یعنی پیچھے ہٹ جانے والا۔ اس کی جمع خنّس آتی ہے۔ ارشاد باری ہے:
فَلَاۤ اُقۡسِمُ بِالۡخُنَّسِ الۡجَوَارِ الۡکُنَّسِ (سورۃ التکویر آیت 15، 16)
پس میں ان ستاروں کی قسم کھاتا ہوں جو پیچھے ہٹ جاتے ہیں۔ اور جو سیر کرتے اور غائب ہو جاتے ہیں۔
​
اور خانس سے اسم مبالغہ خنّاس ہے یعنی جس نے بار بار پیچھے ہٹ جانے کو اپنا وطیرہ بنا لیا ہو۔ ارشاد باری ہے:
مِنۡ شَرِّ الۡوَسۡوَاسِ ۬ۙ الۡخَنَّاسِ (سورۃ الناس آیت 4)
اس بڑے وسوسہ ڈالنے والے کی برائی سے جو اللہ کا نام سن کر پیچھے ہٹ جاتا ہے۔
​
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

پیدا کرنا​

کے لیے برا ، بدع، فطر، خلق ،انشا اور ذرا کے الفاظ آئے ہیں۔

1: برا ​

کسی چیز کو عدم سے وجود میں لانا۔ جامہ خلقت پہنانا (منجد) (فق ل113) ایجاد و اختراع کرنا۔ ارشاد باری ہے:
وَ اِذۡ قَالَ مُوۡسٰی لِقَوۡمِہٖ یٰقَوۡمِ اِنَّکُمۡ ظَلَمۡتُمۡ اَنۡفُسَکُمۡ بِاتِّخَاذِکُمُ الۡعِجۡلَ فَتُوۡبُوۡۤا اِلٰی بَارِئِکُمۡ فَاقۡتُلُوۡۤا اَنۡفُسَکُمۡ ؕ ذٰلِکُمۡ خَیۡرٌ لَّکُمۡ عِنۡدَ بَارِئِکُمۡ ؕ فَتَابَ عَلَیۡکُمۡ ؕ اِنَّہٗ ہُوَ التَّوَّابُ الرَّحِیۡمُ (سورۃ البقرۃ آیت 54)
اور جب موسٰی نے اپنی قوم کے لوگوں سے کہا کہ بھائیو تم نے بچھڑے کو معبود ٹھہرانے میں اپنی جانوں پر ظلم کیا ہے تو اپنے پیدا کرنے والے کے آگے توبہ کرو پھر اپنوں کو قتل کرو۔ تمہارے خالق کے نزدیک تمہارے حق میں یہی بہتر ہے پھر اس نے تمہارا قصور معاف کر دیا وہ بیشک بڑا معاف کرنے والا ہے بڑا مہربان ہے۔​

2: بدع ​

پہلی بار بنانا، کسی نمونہ اور کسی کی تقلید کے بغیر بنانا (مف) اور بدیع معنی انوکھی چیز بنانے والا (منجد) ارشاد باری ہے:
بَدِیۡعُ السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ ؕ وَ اِذَا قَضٰۤی اَمۡرًا فَاِنَّمَا یَقُوۡلُ لَہٗ کُنۡ فَیَکُوۡنُ (سورۃ البقرۃ آیت 117)
وہی آسمانوں اور زمین کا پیدا کرنے والا ہے اور جب کوئی کام کرنا چاہتا ہے تو اس کو ارشاد فرما دیتا ہے کہ ہو جا تو وہ ہو جاتا ہے۔​

3: فطر​

کے معنی تراش خراش کو خوبصورت تخلیق کرنا۔ آیت:
فِطۡرَتَ اللّٰہِ الَّتِیۡ فَطَرَ النَّاسَ عَلَیۡہَا (سورۃ الروم آیت 30)​
کا ترجمہ عثمانیؒ صاحب یوں کرتے ہیں:
وہی تراش اللہ کی جس پر تراشا لوگوں کو ​
نیز ارشاد باری ہے:
اَلۡحَمۡدُ لِلّٰہِ فَاطِرِ السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ جَاعِلِ الۡمَلٰٓئِکَۃِ رُسُلًا اُولِیۡۤ اَجۡنِحَۃٍ مَّثۡنٰی وَ ثُلٰثَ وَ رُبٰعَ ؕ یَزِیۡدُ فِی الۡخَلۡقِ مَا یَشَآءُ ؕ اِنَّ اللّٰہَ عَلٰی کُلِّ شَیۡءٍ قَدِیۡرٌ (سورۃ فاطر آیت 1)
سب تعریف اللہ ہی کیلئے ہے جو آسمانوں اور زمین کا پیدا کرنے والا اور فرشتوں کو قاصد بنانے والا ہے جنکے دو دو اور تین تین اور چار چار پر ہیں وہ اپنی مخلوقات میں جو چاہتا ہے بڑھاتا ہے۔ بیشک اللہ ہر چیز پر قادر ہے۔​

4: خلق ​

کا لفظ کئی معنوں میں استعمال ہوتا ہے۔ مثلاً:
(1) کسی چیز کو بنانے کے لیے اس کا اندازہ لگانا یا خاکہ تیار کرنا (مف)، گویا تخلیق کا کام ذہنی بھی ہو سکتا ہے اور اس کی نسبت غیر اللہ کی طرف بھی ہو سکتی ہے۔
(۲) کبھی خلق ابداع کے معنی میں بھی آتا ہے۔ قرآن کریم میں جیسے خَلق السموات و الْأَرْضِ آتا ہے، ایسے ہی بديع السموت والارض بھی آتا ہے۔ اس صورت میں اس کی نسبت غیر اللہ کی طرف نہیں ہو سکتی۔
(۳) اور خلق کا عام مفہوم یہ ہے کہ ایک چیز سے دوسری چیز بنائی جائے۔ پہلے مادہ موجود ہو تو اس سے کوئی دوسری ایجاد کی جائے۔ جیسے ارشاد باری ہے:
یٰۤاَیُّہَا النَّاسُ اتَّقُوۡا رَبَّکُمُ الَّذِیۡ خَلَقَکُمۡ مِّنۡ نَّفۡسٍ وَّاحِدَۃٍ وَّ خَلَقَ مِنۡہَا زَوۡجَہَا وَبَثَّ مِنۡہُمَا رِجَالًا کَثِیۡرًا وَّنِسَآءً ۚ وَاتَّقُوا اللّٰہَ الَّذِیۡ تَسَآءَلُوۡنَ بِہٖ وَالۡاَرۡحَامَ ؕ اِنَّ اللّٰہَ کَانَ عَلَیۡکُمۡ رَقِیۡبًا (سورۃ النساء آیت 1)
لوگو اپنے پروردگار سے ڈرو جس نے تم کو ایک شخص سے پیدا کیا یعنی اوّل اس سے اس کا جوڑا بنایا پھر ان دونوں سے کثرت سے مرد و عورت پیدا کر کے روئے زمین پر پھیلا دئیے۔ اور اللہ سے ڈرو جس کے واسطے سے تم ایک دوسرے سے حقوق کا مطالبہ کرتے ہو اور قطع رحمی سے بچو کچھ شک نہیں کہ اللہ تمہیں دیکھ رہا ہے۔​
اس صورت میں اس کی نسبت غیر اللہ سے بھی ہو سکتی ہے۔ جیسے حضرت عیسی علیہ السلام سے اللہ تعالی فرمائیں گے:
وَ اِذۡ تَخۡلُقُ مِنَ الطِّیۡنِ کَہَیۡـَٔۃِ الطَّیۡرِ بِاِذۡنِیۡ (سورۃ المائدۃ آیت 110)
اور جب تو بناتا تھا گارے سے جانور کی صورت (عثمانیؒ)​
نیز یہ آیت:
فَتَبٰرَکَ اللّٰہُ اَحۡسَنُ الۡخٰلِقِیۡنَ (سورۃ المومنون آیت 14)
سو بڑا برکت والا ہے اللہ جو سب سے اچھا بنانے والا ہے۔
بہترین پیدا کرنے والا۔ (عثمانیؒ)
​

5: انشاء ​

اس کے بنیادی طور پر دو معنی ہیں (1) کسی چیز کو پیدا کرنا اور (2) پھر اسے پال پوس کر بڑھانا (م – ل ، منجد) اور یہ لفظ ان دونوں معنوں میں الگ الگ بھی استعمال ہوتا ہے اور مشترکہ طور پر بھی مثلاً :
(1) بمعنی پیدا کرنا:
وَ هُوَ الَّذِىۡۤ اَنۡشَاَكُمۡ مِّنۡ نَّفۡسٍ وَّاحِدَةٍ فَمُسۡتَقَرٌّ وَّمُسۡتَوۡدَعٌ‌ ؕ قَدۡ فَصَّلۡنَا الۡاٰيٰتِ لِقَوۡمٍ يَّفۡقَهُوۡنَ‏ (سورۃ الانعام آیت 98)
اور وہی ہے جس نے تمہیں ایک جان سے پیدا فرمایا ہے پھر ایک جائے اقامت اور ایک جائے امانت بیشک ہم نے سمجھنے والے لوگوں کے لئے (اپنی قدرت کی) نشانیاں کھول کر بیان کر دی ہیں۔​
(۲) معنی پالنا پوسنا:
اَوَ مَنۡ یُّنَشَّؤُا فِی الۡحِلۡیَۃِ وَ ہُوَ فِی الۡخِصَامِ غَیۡرُ مُبِیۡنٍ (سورۃ الزخرف آیت 18)
کیا وہ ہستی جو زیوروں میں پرورش پائے اور جھگڑے کے وقت بات نہ کر سکے اللہ کی اولاد ہو سکتی ہے؟​
(۳) پیدا کرنا اور بڑھانا مشترکہ عمل کے لیے:
ءَاَنۡتُمۡ اَنۡشَاۡتُمۡ شَجَرَتَہَاۤ اَمۡ نَحۡنُ الۡمُنۡشِـُٔوۡنَ (سورۃ الواقعہ آیت 72)
کیا تم نے اس کے درخت کو پیدا کیا ہے یا ہم پیدا کرتے ہیں؟​

6: ذرء ​

(1) بمعنی پیدا کرنا (۲) پھیلا دینا۔ (م ا) اور یہ لفظ دونوں معنوں میں الگ الگ بھی استعمال ہوتا ہے اور اکٹھے معنوں میں بھی ۔ مثلاً درج ذیل آیت صرف پیدا کرنے کے معنوں میں ہے:
وَ لَقَدۡ ذَرَاۡنَا لِجَہَنَّمَ کَثِیۡرًا مِّنَ الۡجِنِّ وَ الۡاِنۡسِ (سورۃ الاعراف آیت 179)
اور ہم نے بہت سے جن اور انسان دوزخ کے لئے پیدا کئے ہیں۔​
اور ذرا بمعنی کھیت میں بیج ڈالنا (منجد) اور ذرء بمعنی ہر وہ چیز جو بوئی جائے اور کھیتی باڑی کی جائے (م ل) گویا جس طرح بیج پھیلا کر بکھیر دیا جاتا ہے اسی طرح انسانوں کے زمین میں پھیلا دینے یا بکھیر دینے کے معنوں میں بھی یہ لفظ آتا ہے۔ جیسے فرمایا:
قُلۡ هُوَ الَّذِىۡ ذَرَاَكُمۡ فِىۡ الۡاَرۡضِ وَاِلَيۡهِ تُحۡشَرُوۡنَ‏ (سورۃ الملک آیت 24)
فرما دیجئے: وُہی ہے جس نے تمہیں زمین میں پھیلا دیا اور تم (روزِ قیامت) اُسی کی طرف جمع کیے جاؤ گے۔​

ماحصل:​

  • براء: بغیر مادہ کے کسی چیز کو عدم سے وجود میں لانا۔
  • بدع بغیر نمونہ اور تقلید کے یعنی پہلی بار بنانا یا پیدا کرنا۔
  • فطر: تراش خراش کر اچھی شکل بنانا۔
  • خلق: ایسی چیز بنانا جس کا مواد پہلے موجود ہو۔
  • انشا: پیدا کرنا اور نشو و نما کرنا۔
  • ذرا: پیدا کرنا اور پھیلانا۔
پیروی کرنا کے لیے دیکھیے "اطاعت کرنا"۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

پیش کرنا​

کے لیے عَرَضَ اور احضر کے الفاظ آئے ہیں۔

1: عرض ​

بمعنی پیش کرنا۔ سامنے لانا (منجد) اور یہ عموماً غیر ذوی العقول کے لیے آتا ہے۔ جیسے عرضداشت، پیغام یا دوسری اشیاء اور عموماً معنوی طور پر استعمال ہوتا ہے۔ (مف) قرآن میں ہے:
وَ عَلَّمَ اٰدَمَ الۡاَسۡمَآءَ کُلَّہَا ثُمَّ عَرَضَہُمۡ عَلَی الۡمَلٰٓئِکَۃِ ۙ فَقَالَ اَنۡۢبِـُٔوۡنِیۡ بِاَسۡمَآءِ ہٰۤؤُلَآءِ اِنۡ کُنۡتُمۡ صٰدِقِیۡنَ (سورۃ البقرۃ آیت 31)
اور اس نے آدم کو سب چیزوں کے نام سکھائے پھر ان کو فرشتوں کے سامنے کیا اور فرمایا کہ اگر سچے ہو تو مجھے ان کے نام بتاؤ۔​

2: احضر ​

حضر کے معنی سامنے آنا، پیش ہونا۔ اور احضر بمعنی کسی دوسرے کو پیش کرنا یا سامنے لانا، حاضر کرنا اور اس میں اس شے کا ورود اور مشاہدہ ضروری ہے (م۔ ل) اور یہ عموماً ذوی العقول کے لیے آتا ہے۔ اور برے مفہوم میں استعمال ہوتا ہے جیسے کسی مجرم کو حاضر کرنا اور احضار کا لفظ ناراضگی اور غضب پر دلالت کرتا ہے (فق ل 177) ارشاد باری ہے:
فَوَرَبِّكَ لَـنَحۡشُرَنَّهُمۡ وَالشَّيٰطِيۡنَ ثُمَّ لَــنُحۡضِرَنَّهُمۡ حَوۡلَ جَهَـنَّمَ جِثِيًّا‌ۚ‏ (سورۃ مریم آیت 68)
پس آپ کے رب کی قسم ہم ان کو اور (جملہ) شیطانوں کو (قیامت کے دن) ضرور جمع کریں گے پھر ہم ان (سب) کو جہنم کے گرد ضرور حاضر کر دیں گے اس طرح کہ وہ گھٹنوں کے بل گرے پڑے ہوں گے​

ماحصل:​

  • عرض: غیر ذوی العقول کے لیے۔ مادی و معنوی دونوں طرح استعمال ہوتا ہے۔
  • احضر: ذوی العقول کے لیے اور اس میں درود اور مشاہدہ ضروری ہے اور برے مفہوم میں آتا ہے۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

پیشانی (ماتھا)​

کے لیے جبين، جبہ اور ناصیة کے الفاظ آئے ہیں۔

1: جبین ​

ماتھے کے کسی ایک کنارہ کو کہتے ہیں (منجد) اور پیشانی کی دونوں اطراف (دائیں اور بائیں) کو اجبیان کہا جاتا ہے۔ ارشاد باری ہے:
فَلَمَّاۤ اَسۡلَمَا وَتَلَّهٗ لِلۡجَبِيۡنِ‌ۚ‏ (سورۃ الصافات آیت 103)
پھر جب دونوں (رضائے الٰہی کے سامنے) جھک گئے اور ابراہیم (علیہ السلام) نے اسے پیشانی کے بل لِٹا دیا۔​

2: جبہ ​

بمعنی پیشانی کی چوڑائی اور اس کی خوبصورتی (منجد) جبہ دراصل پیشانی کے سامنے کے حصہ کو کہتے ہیں جو سجدہ کے وقت زمین پر لگتا ہے۔ پیشانی کے دونوں اطراف کا درمیانی حصہ۔ اور اس کی جمع جباہ آتی ہے۔ ارشاد باری ہے:
يَوۡمَ يُحۡمٰى عَلَيۡهَا فِىۡ نَارِ جَهَـنَّمَ فَتُكۡوٰى بِهَا جِبَاهُهُمۡ وَجُنُوۡبُهُمۡ وَظُهُوۡرُهُمۡ‌ؕ هٰذَا مَا كَنَزۡتُمۡ لِاَنۡفُسِكُمۡ فَذُوۡقُوۡا مَا كُنۡتُمۡ تَكۡنِزُوۡنَ‏ (سورۃ التوبہ آیت 35)
جس دن اس (سونے، چاندی اور مال) پر دوزخ کی آگ میں تاپ دی جائے گی پھر اس (تپے ہوئے مال) سے ان کی پیشانیاں اور ان کے پہلو اور ان کی پیٹھیں داغی جائیں گی، (اور ان سے کہا جائے گا) کہ یہ وہی (مال) ہے جو تم نے اپنی جانوں (کے مفاد) کے لئے جمع کیا تھا سو تم (اس مال کا) مزہ چکھو جسے تم جمع کرتے رہے تھے۔​

3: ناصية ​

بمعنی پیشانی یا پیشانی کے بال جبکہ وہ دراز ہوں (منجد) اس کا اطلاق پیشانی کے بالوں پر بھی ہوتا ہے اور پیشانی پر بھی۔ اس کی جمع نواصی ہے۔ ارشاد باری ہے۔
يُعۡرَفُ الۡمُجۡرِمُوۡنَ بِسِيۡمٰهُمۡ فَيُؤۡخَذُ بِالنَّوَاصِىۡ وَ الۡاَقۡدَامِ‌ۚ‏ (سورۃ الرحمن آیت 41)
مجرِم لوگ اپنے چہروں کی سیاہی سے پہچان لئے جائیں گے پس انہیں پیشانی کے بالوں اور پاؤں سے پکڑ کر کھینچا جائے گا۔​

ماحصل:​

  • جبین: پیشانی کی کوئی ایک طرف دائیں یا بائیں۔
  • جبه: پیشانی کا درمیانی حصہ۔
  • ناصية : پیشانی اور اس کے بال۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

پیغمبر​

کے لیے نبی، رسول، مرسل اور ملئکۃ کے الفاظ قرآن کریم میں آئے ہیں۔

1، 2: نبی، رسول اور مرسل: ​

نبی، نبا سے مشتق ہے۔ اور اس کے معنی ہیں اللہ تعالیٰ سے بذریعہ وحی انبائے غیب وصول کرنے والا۔ اور نبوت کی نسبت نبی کی طرف ہوتی ہے۔
اور رسول کا لغوی معنی صرف پیغامبر ہے جو کسی کی طرف سے کوئی شخص بھی ہو سکتا ہے۔ لیکن شرعی اصطلاح میں رسول وہ ہوتا ہے جو اللہ تعالیٰ سے بذریعہ وحی و الہام انبائے غیب اور احکام وصول کرے اور اس پیغام کو دوسرے لوگوں تک پہنچا دے۔ رسالت کی نسبت رسول کی طرف نہیں بلکہ اللہ تعالیٰ کی طرف ہوتی ہے۔ اور رسول، مرسل صرف اسی وقت کہلا سکتا ہے جب وہ پیغام دوسروں تک پہنچا دے۔ حالانکہ رسول وہ اس وقت سے ہوتا ہے جب کوئی پیغام یا نامہ اس کے حوالے کر دیا جاتا ہے۔ (فق- ل۲۲۳)
بعض لوگوں کا خیال ہے کہ نبی اور رسول میں کوئی فرق نہیں اور یہ ایک ہی سکہ کے دو رخ ہیں۔ ان لوگوں کی دلیل یہ ہے کہ جن ہستیوں کو اللہ تعالیٰ نے نبی کہا، ان کو یا ان میں سے اکثر کو رسول بھی کہا ہے۔ لیکن حقیقت یہ ہے کہ نبی اور رسول میں بین فرق ہے۔ اور اس فرق کی دلیل درج ذیل آیت ہے:
وَمَاۤ اَرۡسَلۡنَا مِنۡ قَبۡلِكَ مِنۡ رَّسُوۡلٍ وَّلَا نَبِىٍّ اِلَّاۤ اِذَا تَمَنّٰٓى اَلۡقَى الشَّيۡطٰنُ فِىۡۤ اُمۡنِيَّتِهٖ‌ۚ (سورۃ حج آیت 52)
اور ہم نے آپ سے پہلے کوئی رسول نہیں بھیجا اور نہ کوئی نبی مگر (سب کے ساتھ یہ واقعہ گزرا کہ) جب اس (رسول یا نبی) نے (لوگوں پر کلامِ الٰہی) پڑھا (تو) شیطان نے (لوگوں کے ذہنوں میں) اس (نبی کے) پڑھے ہوئے (یعنی تلاوت شدہ) کلام میں (اپنی طرف سے باطل شبہات اور فاسد خیالات کو) ملا دیا​
اس آیت سے صاف واضح ہے کہ نبی اور رسول دو الگ الگ اصطلاحیں ہیں اور ان میں بنیادی فرق مندرجہ ذیل ہیں:
(1) رسول کے مبعوث ہونے کے پیشتر اس کی آمد کی خبر سابقہ نبیوں کے ذریعہ دی جاتی ہے جس کا وہ اعلان کرتے ہیں۔ لیکن نبی کے لیے یہ بات ضروری نہیں ہوتی۔
(۲) رسول اپنے ساتھ ایک نئی شریعت لاتا اور ایک نئی امت کی تشکیل کرتا ہے لیکن نبی اپنے سے پہلے کے رسول کی مسخ شدہ تعلیم کی اصلاح اور پہلی ہی امت کے کردار کی اصلاح کے لیے آتا ہے۔
(۳) لوگوں کی دستبرد سے رسول کی حفاظت اللہ کی ذمہ داری ہوتی ہے جبکہ انبیا بغیر حق کے قتل بھی کیے جاتے رہے۔

3: ملئكة ​

کا مادہ لاک ہے۔ الاکۃ الی فلان بمعنی اس کو پیغام پہنچانا۔ الكنی الی فلان بمعنی میرا اسے پیغام دینا۔ اور ملاک اور ملک بمعنی پیغام رساں فرشتہ (منجد) ملك بمعنی فرشتہ (جمع ملئکۃ) بھی ایک شرعی اصطلاح کے طور پر استعمال ہوتا ہے اور اس میں یہ تخصیص بھی نہیں کہ ہر ملک ضرور پیغام رساں ہو۔ اور وہ فرشتہ جو اللہ کا پیغام نبیوں اور رسولوں تک لانے کے لیے مقرر ہے وہ جبریل علیہ السلام ہیں جنہیں اللہ تعالیٰ نے روح اور روح الامین کے لقب سے بھی پکارا ہے۔ تاہم پیغام رسانی کا کام دوسرے فرشتے بھی کرتے ہیں جیسا کہ ارشاد باری ہے:
اِذۡ قَالَتِ الۡمَلٰٓٮِٕكَةُ يٰمَرۡيَمُ اِنَّ اللّٰهَ يُبَشِّرُكِ بِكَلِمَةٍ مِّنۡهُ ۖ اسۡمُهُ الۡمَسِيۡحُ عِيۡسَى ابۡنُ مَرۡيَمَ وَجِيۡهًا فِىۡ الدُّنۡيَا وَالۡاٰخِرَةِ وَمِنَ الۡمُقَرَّبِيۡنَ‏ (سورۃ آل عمران آیت 45)
جب فرشتوں نے کہا: اے مریم! بیشک اﷲ تمہیں اپنے پاس سے ایک کلمۂ (خاص) کی بشارت دیتا ہے جس کا نام مسیح عیسٰی بن مریم (علیھما السلام) ہوگا وہ دنیا اور آخرت (دونوں) میں قدر و منزلت والا ہو گا اور اﷲ کے خاص قربت یافتہ بندوں میں سے ہو گا۔​

ماحصل:​

  • نبی: اللہ تعالی سے بذریعہ وحی غیب کی خبریں وصول کرنے والا اور اس کے مطابق سابقہ تعلیم اور سابقہ امت کے کردار کی اصلاح کرنے والا۔
  • رسول: وہ نبی ہو صاحب شریعت بھی ہو اور نئی امت تشکیل کرے اور اللہ کا پیغام دوسروں تک پہنچائے۔
  • ملئکۃ: فرشتے جو پیغام رساں بھی ہوتے ہیں۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

پیغمبروں کے حریف​

حریف کا لغوی معنی تو ہم پیشہ ہے۔ تاہم اس لفظ کا اطلاق کسی ایک پہلو میں مماثلت پر بھی ہوتا ہے۔ پیغمبروں نے جب بھی دعوت پیش کی تو کفار کی طرف سے انہیں ساحر، کاہن، شاعر اور مجنون کے الزامات دئیے جاتے رہے۔ ہم یہاں یہ دکھنا چاہتے ہیں کہ ان لوگوں کے کاموں اور پیغمبروں کے کام میں بنیادی فرق کیا ہے؟

1: ساحر ​

(بمعنی جادوگر) انبیاء و رسل کو اللہ تعالی کی طرح سے بعض دفعہ از خود، بعض دفعہ کفار کے مطالبہ پر اور بعض دفعہ کسی اشد ضرورت کے تحت معجزات عطا کیے جاتے رہے تو کفار فورا جادوگر کا الزام دے دیتے۔ ارشاد باری ہے:
اِقۡتَرَبَتِ السَّاعَةُ وَانشَقَّ الۡقَمَرُ‏ وَاِنۡ يَّرَوۡا اٰيَةً يُّعۡرِضُوۡا وَيَقُوۡلُوۡا سِحۡرٌ مُّسۡتَمِرٌّ‏ (سورۃ القمر آیت 1، 2)
قیامت قریب آ پہنچی اور چاند دو ٹکڑے ہو گیا۔ اور اگر وہ (کفّار) کوئی نشانی (یعنی معجزہ) دیکھتے ہیں تو مُنہ پھیر لیتے ہیں اور کہتے ہیں کہ (یہ تو) ہمیشہ سے چلا آنے والا طاقتور جادو ہے۔​
پہلی آیت میں انشقاق قمر کا معجزہ بیان کرنے کے بعد فورا یہ حقیقت بتلائی گئی کہ کفار کا تو کام ہی یہ ہے کہ وہ جھٹ معجزہ کو جادو کہہ دیتے ہیں۔ لہذا جاود اور معجزہ کا فرق سمجھنا ضروری ہے۔ اور یہ فرق درج ذیل ہیں:
(1) جادو میں اشیاء کی ماہیت اور حقیقت نہیں ہوتی بلکہ لوگوں کی آنکھوں پر جادو کر دیا جاتا ہے۔ اور انہیں چیز کچھ کی کچھ دکھائی دینے لگتی ہے۔ حضرت موسی علیہ السلام کے مقابلہ میں جادو گروں نے رسیوں اور لاٹھیوں کے جو سانپ بناتے تھے ان کے متعلق ارشاد باری ہے:
قَالَ اَلۡقُوۡا‌ۚ فَلَمَّاۤ اَلۡقَوۡا سَحَرُوۡۤا اَعۡيُنَ النَّاسِ وَاسۡتَرۡهَبُوۡهُمۡ وَجَآءُوۡ بِسِحۡرٍ عَظِيۡمٍ‏ (سورۃ الاعراف آیت 116)
موسٰی (علیہ السلام) نے کہا: تم ہی (پہلے) ڈال دو پھر جب انہوں نے (اپنی رسیوں اور لاٹھیوں کو زمین پر) ڈالا (تو انہوں نے) لوگوں کی آنکھوں پرجادو کردیا اور انہیں ڈرا دیا اور وہ زبردست جادو (سامنے) لے آئے۔​
جبکہ معجزہ کی صورت میں چیز کی ماہیت اور حقیقت ہی بدل جاتی ہے۔ جیسے حضرت موسیٰ علیہ السلام کا عصا جسے پھینکنے پر تو سانپ بن جاتا مگر پھر پکڑنے سے اپنی اصلی حالت میں آ جاتا تھا۔
(۲) معجزہ سے نئی پیدا شدہ چیز یا تو اسی صورت میں قائم اور بحال رہتی ہے جیسے چاہ زمزم یا بارہ چشموں کا اجرا یا پھر اپنی اصلی حالت پر لوٹ آتی ہے۔ جیسے انشقاق قمر، عصائے موسی یا ید بیضا۔ معجزہ کا اہلاک ممکن نہیں جبکہ جادو کا اہلاک ممکن ہے۔ جیسے جادوگروں کے بنائے ہوئے سانپوں کو حضرت موسیٰ علیہ السلام کا عصا ( سانپ) ہڑپ کر گیا تھا۔
(۳) جادو ایک فن ہے جو کسب سے حاصل ہوتا ہے لیکن معجزہ وہبی چیز ہے جو کسب و اکتساب سے حاصل نہیں ہوتی۔ یہی وجہ تھی کہ حضرت موسی علیہ السلام کے مقابلہ میں آنے والے جادوگر، جو فن کی انتہائی بلندیوں پر تھے، یہ جان گئے کہ یہ چیز جو موسیٰ علیہ السلام نے پیش کی ہے فن سے ماورا ہے۔ لہذا وہ فورا ایمان لے آئے۔
(۴) جادوگروں کی سیرت و کردار مکروہ ہوتا ہے اور لوگ ان کے شر سے بچنے کے لیے ان سے خائف رہتے ہیں جبکہ انبیاء کی زندگی انتہائی پاکیزہ ہوتی ہے اور اس لحاظ سے وہ لوگوں میں معزز اور محبوب ہوتے ہیں۔

2: کاهن ​

انبیا بھی مستقبل میں پیش آنے والے واقعات کی خبریں دیتے ہیں اور کاہن بھی۔ اس لحاظ سے انبیاء کو کاہن کا الزام بھی دیا جاتا رہا ہے۔ ان دونوں میں فرق یہ ہے کہ انبیاء کی خبر کا ماخذ وحی الہی ہوتا ہے جس کا جھوٹ ثابت ہونا نا ممکنات سے ہے ۔ جیسے دور نبوی میں رومیوں کو شکست ہوئی تو وحی الہی نے بتلایا کہ سے 9 سال کے عرصہ تک رومی دوبارہ غالب آ جائیں گے۔ اگرچہ بظاہر اس بات کا کوئی امکان نظر نہ آتا تھا۔ تاہم یہ پیشنگوئی پوری ہو کہ رہی۔ اور کہانت کا ماخذ جنات اور خبیث روحیں ہیں۔ جو ملاء اعلیٰ سے کوئی نہ کوئی بات سُن پاتے اور جھوٹ سچ ملا کر کاہنوں تک پہنچاتے ہیں لہذا ان کی خبر غلط بھی ہو جاتی ہیں اور کبھی صحیح بھی۔
دوسرا فرق یہ ہے کہ عورت کاہنہ تو ہو سکتی ہے لیکن نبیہ نہیں ہو سکتی۔ ایک لاکھ چوبیس ہزار پیغمبر آئے لیکن کوئی عورت حتی کہ حضرت مریم بھی نبی نہ تھیں۔ کاہن مردوں اور عورتوں کو مذہبی تقدس کا درجہ حاصل تھا۔ لوگ ان سے اپنے پیچیدہ خصومات کا فیصلہ بھی کرواتے اور اسی تقدیس کی وجہ سے اسے حتمی فیصلہ سمجھتے تھے۔ دور نبوی ﷺ میں ابن صیاد ایسا ہی کاہن تھا جس کا ذکر احادیث صحیحہ میں موجود ہے۔ انسانی جان کے مقابلہ میں سو اونٹ کی دیت کا فیصلہ بھی کہانت کی بنا پر رواج پا گیا جسے اسلام نے بحال رکھا۔

3: شاعر​

شاعر کا کام یہ ہے کہ وہ فصیح منظوم زبان میں اپنے تخیل کی بلندی اور نکتہ آفرینی کو یوں پیش کرتا ہے کہ اس سے سننے والے پر ایک وجدانی سی کیفیت آ جاتی ہے۔ قرآن کریم گو بحر و اوزان کے لحاظ سے مبرا ہے لیکن باقی تمام خصوصیات اس میں بدرجہ اتم پائی جاتی ہیں جو کسی انسان کے کلام میں ممکن نہیں۔ اس وجہ مماثلت کی بنا پر آپ ﷺ کو شاعر بھی کہا جاتا رہا۔ شاعر اور نبی میں بنیادی فرق یہ ہے کہ شاعر کے تخیل کی پرواز کا میدان زندگی کا ہر اچھا یا برا پہلو ہوتا ہے۔ ماحول کا تاثر اس کی طبیعت پر غالب رہتا ہے اور معاشرہ کی اکثریت چونکہ گمراہ ہوتی ہے۔ لہذا اس کا تخیل بھی انہیں راستوں پر پرواز کرتا ہے۔ ارشاد باری ہے:
وَالشُّعَرَآءُ يَتَّبِعُهُمُ الۡغَاوٗنَؕ‏ اَلَمۡ تَرَ اَنَّهُمۡ فِىۡ كُلِّ وَادٍ يَّهِيۡمُوۡنَۙ‏ (سورۃ الشعرا آیت 224، 225)
اور شاعروں کی پیروی بہکے ہوئے لوگ ہی کرتے ہیں۔ کیا تو نے نہیں دیکھا کہ وہ (شعراء) ہر وادئ (خیال) میں (یونہی) سرگرداں پھرتے رہتے ہیں۔​
جبکہ نبی کے تخیل کی پرواز کا میدان وحی الہی کے تابع ہوتا ہے۔ اور دوسرا فرق یہ ہے کہ شاعر کے نظریات میں عمر و عقل کی پختگی تجربہ اور ممارست کی وجہ سے تبدیلی ہوتی رہتی ہے لیکن نبی ابتداء میں جو کچھ کہہ دیتا ہے۔ بعد میں جو کچھ بھی کہے گا اس کی تائید میں کہے گا۔ کفار کے ان الزامات کا رد کرتے ہوئے اللہ تعالی نے فرمایا:
وَمَا هُوَ بِقَوۡلِ شَاعِرٍ‌ؕ قَلِيۡلاً مَّا تُؤۡمِنُوۡنَۙ‏ (سورۃ الحاقہ آیت 41)
اور یہ کسی شاعر کا کلام نہیں (کہ اَدبی مہارت سے خود لکھا گیا ہو)، تم بہت ہی کم یقین رکھتے ہو
وَلَا بِقَوۡلِ كَاهِنٍ‌ؕ قَلِيۡلاً مَّا تَذَكَّرُوۡنَؕ‏ (سورۃ الحاقہ آیت 42)
اور نہ (یہ) کسی کاہن کا کلام ہے (کہ فنی اَندازوں سے وضع کیا گیا ہو)، تم بہت ہی کم نصیحت حاصل کرتے ہو​
ان قباحتوں کی وجہ سے ہی آپﷺ کو شعر کی تعلیم نہیں دی گئی۔ حالانکہ آپ ﷺ افصح العرب و العجم تھے۔ ان سب باتوں کے باوجود یہ کہنا غلط ہے کہ سب اشعار اور شعرا مذموم ہی ہوتے ہیں۔ شاعر کا تخیل صواب کی راہ بھی دیکھ سکتا ہے۔ چنانچہ آپ ﷺ نے حضرت لبید کے دور جاہلیت کے اس شعر کو بہت پسند فرمایا۔ کیونکہ یہ شعر وحی الہی ہی کی ترجمانی پیش کرتا ہے۔
الا کلّ شیء ما خلا اللہ باطل
و کلّ نعیم لا محالۃ زائل

ترجمہ: جان لو کہ اللہ کے سوا ہر چیز باطل ہے اور ہر نعمت لا محالہ زائل ہو کے رہے گی۔​

4: مجنون​

یعنی فاتر العقل، وہ شخص جس کی عقل پر پردہ پڑ چکا ہو اور وہ بہکی بہکی باتیں کرتا ہو۔ اہل عرب دیوانے کو مجنون اس لیے کہتے تھے کہ ان کے خیال کے مطابق جن کسی انسان کے اندر داخل ہو کر اسے مخبوط الحواس بنا دیتا ہے اور وہ خلاف عقل یا دستور باتیں کرنے لگتا ہے۔ انبیا کی تعلیم بھی چونکہ معاشرہ کو راس نہیں آتی اس لیے کفار کی طرف سے انبیا کو مجنون کا خطاب بھی دیا جاتا رہا ہے۔ ارشاد باری ہے:
كَذٰلِكَ مَاۤ اَتَى الَّذِيۡنَ مِنۡ قَبۡلِهِمۡ مِّنۡ رَّسُوۡلٍ اِلَّا قَالُوۡا سَاحِرٌ اَوۡ مَجۡنُوۡنٌ‌ۚ‏ (سورۃ الذریات آیت 52)
اسی طرح اُن سے پہلے لوگوں کے پاس بھی کوئی رسول نہیں آیا مگر انہوں نے یہی کہا کہ (یہ) جادوگر ہے یا دیوانہ ہے۔​
نبی اور مجنون میں بنیادی فرق ہے کہ نبی کی دعوت گو معاشرہ کی عقل و دستور کے خلاف ہوتی ہے تا ہم وہ ہمیشہ اپنی ذات پر قائم رہتا اور اس پر عمل کر کے دکھاتا ہے اور اپنی پاکیزہ سیرت و کردار سے اپنی بات پر مہر تصدیق ثبت کرتا ہے جبکہ مجنون ان تینوں باتوں سے عاری ہوتا ہے۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

پینا​

کے لیے شرب، جرّع اور ساغ (سوغ) کے الفاظ آئے ہیں۔

1: شرب​

بمعنی پانی یا کوئی دوسری پینے کی چیز، نوش کرنا (مف) پینا کے لیے اس لفظ کا استعمال عام ہے۔ شراب بمعنی پینے کی کوئی چیز، شرب شربۃ پینے کی باری یا ایک بار پینا۔ اور مشرب بمعنی پینے کی جگہ، گھاٹ (منجد) قرآن میں ہے:
فَمَنۡ شَرِبَ مِنۡہُ فَلَیۡسَ مِنِّیۡ ۚ وَ مَنۡ لَّمۡ یَطۡعَمۡہُ فَاِنَّہٗ مِنِّیۡۤ اِلَّا مَنِ اغۡتَرَفَ غُرۡفَۃًۢ بِیَدِہٖ ۚ (سورۃ البقرۃ آیت 249)
جو شخص اس میں سے پانی پی لے گا اس کی نسبت تصّور کیا جائے گا کہ وہ میرا نہیں۔ اور جو نہ پئے گا وہ سمجھا جائے گا کہ میرا ہے۔ ہاں اگر کوئی ہاتھ سے چلو بھر پانی لے لے تو خیر​

2: جرّع​

بمعنی گھونٹ گھونٹ کر کے پینا (منجد) اور جرعۃ بمعنی گھونٹ اور اجترع یکبارگی پی جانے کو کہتے ہیں (منجد) قرآن میں ہے:
یَّتَجَرَّعُہٗ وَ لَا یَکَادُ یُسِیۡغُہٗ وَ یَاۡتِیۡہِ الۡمَوۡتُ مِنۡ کُلِّ مَکَانٍ وَّ مَا ہُوَ بِمَیِّتٍ ؕ وَ مِنۡ وَّرَآئِہٖ عَذَابٌ غَلِیۡظٌ (سورۃ ابراہیم آیت 17)
وہ اسکو گھونٹ گھونٹ کر کے پئے گا اور گلے سے نہیں اتار سکے گا اور ہر طرف سے اسے موت آ رہی ہو گی مگر وہ مرنے میں نہیں آئے گا اور اسکے بعد سخت عذاب ہو گا۔​

3: ساغ​

بمعنی کسی مشروب کا آسانی کے ساتھ حلق سے نیچے اتر جانا (مف) غٹ غٹ کر کے پی جانا اور ساغیۃ خوش مزہ شربت یا مشروب کو کہتے ہیں (صراح) اور اس کی ضد غصّ ہے یعنی ایسی چیز جو گلے سے آسانی سے نیچے نہ اترے اور پھنس جائے۔ ارشاد باری ہے:
وَ اِنَّ لَکُمۡ فِی الۡاَنۡعَامِ لَعِبۡرَۃً ؕ نُسۡقِیۡکُمۡ مِّمَّا فِیۡ بُطُوۡنِہٖ مِنۡۢ بَیۡنِ فَرۡثٍ وَّ دَمٍ لَّبَنًا خَالِصًا سَآئِغًا لِّلشّٰرِبِیۡنَ (سورۃ النحل آیت 66)
اور تمہارے لئے چوپایوں میں بھی مقام عبرت و غور ہے کہ انکے پیٹوں میں جو گوبر اور لہو ہے اس کے درمیان سے نکال کر ہم تم کو خالص دودھ پلاتے ہیں جو پینے والوں کے لئے خوشگوار ہے۔​

ماحصل:​

  • شرب: پینا کے لیے عام لفظ ہے۔
  • جرّع: گھونٹ گھونٹ کر کے پینا۔
  • ساغ: مشروب خوشگوار ہونے کی وجہ سے غٹ غٹ کر کے پی جانا۔
 
Top