مترادفات القرآن (چ)

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

چابی (کنجی)​

کے لیے مقالید اور مفاتح کے الفاظ آئے ہیں۔

1: مقالید​

قلد بمعنی لوہے کو پتلا کرنا اور کسی چیز پر موڑنا یا موڑ کر گچھا بنانا۔ اور قلاد یا اقلید تانبے یا پیتل کے اس تار کو کہتے ہیں جس کو ہار میں استعمال کیا جائے۔ اور قلادۃ گلے کے ہار کو کہتے ہیں۔ مقلد اس لوہے کی چابی کو کہتے ہیں جو موڑ کر تالا کھولا جاتا ہے۔ اس کی جمع مقالد اور جمع الجمع مقالید آتی ہے۔ ارشاد باری ہے:
لَہٗ مَقَالِیۡدُ السَّمٰوٰتِ وَ الۡاَرۡضِ ۚ یَبۡسُطُ الرِّزۡقَ لِمَنۡ یَّشَآءُ وَ یَقۡدِرُ ؕ اِنَّہٗ بِکُلِّ شَیۡءٍ عَلِیۡمٌ (سورۃ شوری آیت 12)
آسمانوں اور زمین کی کنجیاں اسی کے پاس ہیں۔ وہ جسکے لئے چاہتا ہے رزق فراخ کر دیتا ہے اور جسکے لئے چاہتا ہے تنگ کر دیتا ہے۔ بیشک وہ ہر چیز سے واقف ہے۔
​

2: مفاتح​

فتح کے معنی کھولنا یا کسی چیز سے بندش اور پیچیدگی دور کرنا (مف) اور یہ لفظ دروازہ کھولنے، تالا کھولنے، پانی بہنے کے لیے راستہ کھولنے، کسی قضیہ کا فیصلہ کرنے اور کسی ملک کو فتح کرنے سب معنوں میں آتا ہے۔ مفتح (جمع مفاتح) کے معنی چابی بھی ہیں اور پانی کی نالی بھی (منجد) اور مفتاح کی جمع مفاتح۔ پھر اس کی جمع مفاتیح ہے (منجد) اور یہ لفظ قرآن کریم میں استعمال نہیں ہوا۔ گویا مفاتح کا لفظ مقالید سے زیادہ ابلغ ہے جو ہر قسم کی بندش اور رکاوٹ کو دور کرنے ور کھولنے کے معنوں میں آتا ہے۔ ارشاد باری ہے:
وَ عِنۡدَہٗ مَفَاتِحُ الۡغَیۡبِ لَا یَعۡلَمُہَاۤ اِلَّا ہُوَ (سورۃ الانعام آیت 59)
اور اسی کے پاس غیب کی کنجیاں ہیں جنکو اسکے سوا کوئی نہیں جانتا​
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

چادر​

کے لیے خمر اور جلابیب کے الفاظ آئے ہیں۔

1: خمر​

واحد خمار بمعنی اوڑھنی، دوپٹہ، پردہ (منجد) خمار وہ چھوٹی چادر یا دوپٹہ جس سے چہرہ کا پردہ کیا جا سکے۔ اور پہلوؤں کو نیز سینہ کو ڈھانپا جا سکے۔ ارشاد باری ہے:
وَ لۡیَضۡرِبۡنَ بِخُمُرِہِنَّ عَلٰی جُیُوۡبِہِنَّ (سورۃ النور آیت 31)
اور اپنے سینوں پر اوڑھنیاں اوڑھے رہا کریں
​

2: جلابیب​

واحد جلباب، بمعنی چادر یا قمیص اور جلبب بمعنی چادر یا قمیص پہنانا (منجد) جلباب دراصل وہ بڑی چادر ہے جو سر سے پاؤں تک سارا بدن ڈھانپ سکے۔ ارشاد باری ہے:
یااَیُّہَا النَّبِیُّ قُلۡ لِّاَزۡوَاجِکَ وَ بَنٰتِکَ وَ نِسَآءِ الۡمُؤۡمِنِیۡنَ یُدۡنِیۡنَ عَلَیۡہِنَّ مِنۡ جَلَابِیۡبِہِنَّ ؕ ذٰلِکَ اَدۡنٰۤی اَنۡ یُّعۡرَفۡنَ فَلَا یُؤۡذَیۡنَ ؕ وَ کَانَ اللّٰہُ غَفُوۡرًا رَّحِیۡمًا (سورۃ الاحزاب آیت 59)
اے پیغمبر ﷺ اپنی بیویوں اور بیٹیوں اور مسلمانوں کی عورتوں سے کہدو کہ باہر نکلا کریں تو اپنے چہروں پر چادر لٹکا کر گھونگھٹ نکال لیا کریں۔ یہ چیز انکے لئے موجب شناخت و امتیاز ہو گی تو کوئی انکو ایذا نہ دے گا۔ اور اللہ بخشنے والا ہے مہربان ہے۔​
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

چارہ​

کے لیے مرعی، ابّ اور عصف کے الفاظ آئے ہیں۔

1: مرعی​

رعی بمعنی مویشی کا گھاس چرنا۔ اور مرعی کا لفظ چراگاہ کے معنی میں بھی آتا ہے۔ اور تازہ گھاس یا چارہ کے بھی (منجد) ارشاد باری ہے:
وَ الَّذِیۡۤ اَخۡرَجَ الۡمَرۡعٰی فَجَعَلَہٗ غُثَآءً اَحۡوٰی (سورۃ الاعلی آیت 4، 5)
اور جس نے چارہ اگایا۔ پھر اسکو سیاہ رنگ کا کوڑا کر دیا۔
​

2: ابّ​

ایسی گھاس جو جانوروں کے چرنے اور کٹنے کے لیے بالکل تیار ہو (مف) اور صاحب منجد کے نزدیک اس لفظ کا اطلاق تر و خشک ہر قسم کے چارہ پر ہوتا ہے جو مویشیوں کی خوراک ہو مثلاً توڑی، گھاس، بھوسہ وغیرہ۔ یا ایسا چارہ جسے سٹاک کیا جا سکے۔ جو حیثیت انسان کے لیے فاکھۃ کی ہے وہی چارپایوں کے لے ابّ کی ہے۔ فاکھۃ بمعنی میوے خشک ہوں یا تر اسی طرح ابّ خشک و تر چارہ کے لیے آتا ہے (م ق) قرآن میں ہے:
وَّ فَاکِہَۃً وَّ اَبًّا مَّتَاعًا لَّکُمۡ وَ لِاَنۡعَامِکُمۡ (سورۃ عبس آیت 31، 32)
اور میوے اور چارا۔ یہ سب کچھ تمہارے اور تمہارے مویشیوں کیلئے بنایا۔
​

3: عصف​

دانہ کے اوپر کے پردے اور چھلکے (م ل) توڑی، بھوسہ وغیرہ۔ اور عصف ماکول چارے کا وہ حصہ یا ڈنٹھل ہیں جو جانور چرنے کے آخر پر چھوڑ دیتے ہیں (عثمانیؒ) اور صاحب منجد کے نزدیک کھیتی کے تنے اور بھوسہ کے تنکے ہیں۔ عصف بمعنی ہوا کا تیز چلنا اور عاصفہ آندھی کو کہتے ہیں۔ اور آندھی جو گھاس پھوس اور اس کے تنکے اڑاتی پھرتی ہے وہ بھی عصف ہے قرآن میں ہے:
فَجَعَلَہُمۡ کَعَصۡفٍ مَّاۡکُوۡلٍ (سورۃ الفیل آیت 5)
تو اس نے ان کو ایسا کر دیا جیسے کھایا ہوا بھس۔
​

ماحصل:​

  • مرعی: تازہ چارہ کے لیے۔
  • اب: ایسے چارہ کے لیے جو خشک ہو رہا ہو۔
  • عصف: چرنے کے بعد چھوڑے ہوئے حصہ کے لیے آتا ہے۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

چاند​

کے لیے قمر اور اھلّۃ کے الفاظ آئے ہیں۔

1، 2: اھلّۃ، قمر​

اھلۃ ھلال کی جمع ہے۔ اور ھلال بمعنی نیا چاند اور ھلّ بمعنی ہلال کا ظاہر ہونا۔ اور اھلّ بمعنی کسی بات کو مشہور کرنا۔ جیسے لوگ نئے چان دیکھتے وقت ایک دوسرے کو اشارہ سے بتلاتے، دکھاتے اور مشہور کرتے ہیں۔ ارشاد باری ہے:
یَسۡـَٔلُوۡنَکَ عَنِ الۡاَہِلَّۃِ ؕ قُلۡ ہِیَ مَوَاقِیۡتُ لِلنَّاسِ وَ الۡحَجِّ ؕ (سورۃ البقرۃ آیت 189)
اے پیغمبر لوگ تم سے نئے چاند کے بارے میں دریافت کرتے ہیں کہ گھٹتا بڑھتا کیوں ہے کہہ دو کہ وہ لوگوں کے کاموں کی میعادیں اور حج کے وقت معلوم ہونے کا ذریعہ ہے۔
​
اہل عرب نے چاند کو شکلوں کے لحاظ سے تین حصوں میں تقسیم کر رکھا تھا ہلال کا وقت 7 دن ہے۔ تین دن نمودار ہونے کے بعد اور چار دن پہلے۔ چوتھی سے لے کر بارھویں تک اور پھر انیسویں سے لے کر چھبیسویں تک قمر ہے۔ تیرھویں سے اٹھارہویں تک ایک ہفتہ بدر ہے۔ تاہم اس کا عام مستعمل نام قمر ہی ہے۔ اور ہر شکل کے چاند کو قمر کہہ سکتے ہیں۔ ارشاد باری ہے:
وَ الۡقَمَرَ قَدَّرۡنٰہُ مَنَازِلَ حَتّٰی عَادَ کَالۡعُرۡجُوۡنِ الۡقَدِیۡمِ (سورۃ یس آیت 39)
اور چاند کی بھی ہم نے منزلیں مقرر کر دیں یہاں تک کہ گھٹتے گھٹتے کھجور کی پرانی شاخ کی طرح ہو جاتا ہے۔
​

ماحصل:​

ہر شکل کے چاند کو قمر کہہ سکتے ہیں۔ اور ھلال صرف نئے چاند یا پتلی شکل کے چاند کو کہتے ہیں۔ یعنی چھبیسویں تاریخ کے چاند سے لے کر تیسری تک کا چاند۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

چاہنا​

کے لیے شاء اور اراد، اشتھی اور بغی، ابتغی اور رغب کے الفاظ آئے ہیں۔

1: شاء​

کا مصدر شیء ہے بمعنی چیز۔ اور شیء وہ ہوتی ہے جس کا علم ہو سکے اور اس کی خبر دی جا سکے (جمع اشیاء ) (منجد، مف) اور شیئۃ اور مشیئۃ اس ہے بمعنی ارادہ (منجد) اصل میں مشیئۃ کے معنی کسی چیز کی ایجاد یا اس کو پا لینے کے ہیں۔ لیکن ہر چیز کو وجود میں لانے اور اس کا انتظام رکھنے والا چونکہ اللہ تعالی ہے۔ لہذا مشیئت کا لفظ صرف ارادہ الہی کے معنوں میں آتا ہے۔

2: اراد​

مشیئت الہی اور ارادہ الہی میں بھی فرق ہے۔ مشیئت ایسا ارادہ ہوتا ہے جو اللہ کے علم اور تقدیر کے مطابق وجود میں آنا ضروری ہوتا ہے۔ اسی بنا پر کہتے ہیں ما شاء اللہ کان و ما لم یشاء لم یکن یعنی اللہ جو چاہے وہی ہوتا ہے اور جو نہ چاہے نہیں ہوتا۔ جبکہ ارادہ الہی اس کے حتمی وجود کا مقتضی نہیں ہوتا۔ قرآن میں ہے:
یُرِیۡدُ اللّٰہُ بِکُمُ الۡیُسۡرَ وَ لَا یُرِیۡدُ بِکُمُ الۡعُسۡرَ (سورۃ البقرۃ آیت 185)
اللہ تمہارے حق میں آسانی چاہتا ہے اور سختی نہیں چاہتا۔
​
اسی طرح دوسرے مقام پر ہے:
وَ مَا اللّٰہُ یُرِیۡدُ ظُلۡمًا لِّلۡعِبَادِ (سورۃ مؤمن آیت 31)
اور اللہ تو بندوں پر ظلم کرنا نہیں چاہتا۔
​
حالانکہ یہ امر واقع ہے کہ لوگوں میں سختی، تنگی اور ظلم پائے جاتے ہیں۔ کیونکہ مشیت ان باتوں کی مقتضی ہوتی ہے۔ شاء کی نسبت جب انسان کی طرف ہو تو اس سے مراد ایسی خواہش یا ارادہ ہوتا ہے جو اللہ کی تقدیر کے تابع ہو۔ ارشاد باری ہے:
وَ مَا تَشَآءُوۡنَ اِلَّاۤ اَنۡ یَّشَآءَ اللّٰہُ رَبُّ الۡعٰلَمِیۡنَ (سورۃ التکویر آیت 29)
اور تم لوگ کچھ بھی نہیں چاہ سکتے مگر وہی جو اللہ رب العالمین چاہے۔
​
جبکہ انسان کا ارادہ اس قید سے آزاد ہے وہ اللہ کی مشیت کے خلاف ہو سکتا ہے۔ مثلاً انسان چاہتا ہے کہ اسے موت نہ آئے۔ لیکن ایسا ہونا مشیت الہی کے خلاف ہے۔ لہذا نہیں ہو سکتا۔ ارشاد باری ہے:
یُرِیۡدُوۡنَ لِیُطۡفِـُٔوۡا نُوۡرَ اللّٰہِ بِاَفۡوَاہِہِمۡ وَ اللّٰہُ مُتِمُّ نُوۡرِہٖ وَ لَوۡ کَرِہَ الۡکٰفِرُوۡنَ (سورۃ الصف آیت 8)
یہ چاہتے ہیں کہ اللہ کے چراغ کی روشنی کو اپنی پھونکوں سے بجھا دیں حالانکہ اللہ اپنی روشنی کو پورا کر کے رہے گا خواہ کافر ناخوش ہی ہوں۔
​
نیز ارادہ اور مشیت کا واضح یہ فرق ہے کہ ارادہ آگے پیچھے ہو سکتا ہے لیکن مشیت کا وقت آگے پیچھے نہیں ہوتا (فق ل 40)

3: اشتھی​

بمعنی نفس کا اس چیز کی طرف کھچ جانا جسے وہ فطری طور پر پسند کرتا ہو۔ فطری میلانات مثلاً بھوک، شہوت، حرص وغیرہ (مف) (ضد نفر) اور صاحب منجد اس کے معنی مرغوب چیزوں کی خواہش کرنا لکھتے ہیں (منجد) ایسی خواہشات جن میں ارادہ کو دخل نہیں ہوتا (فق ل 98) ارشاد باری ہے:
نَحۡنُ اَوۡلِیٰٓؤُکُمۡ فِی الۡحَیٰوۃِ الدُّنۡیَا وَ فِی الۡاٰخِرَۃِ ۚ وَ لَکُمۡ فِیۡہَا مَا تَشۡتَہِیۡۤ اَنۡفُسُکُمۡ وَ لَکُمۡ فِیۡہَا مَا تَدَّعُوۡنَ (سورۃ حم سجدۃ آیت 31)
ہم دنیا کی زندگی میں بھی تمہارے دوست تھے اور آخرت میں بھی تمہارے رفیق ہیں اور وہاں جس نعمت کو تمہارا جی چاہے گا تمکو ملے گی اور جو چیز طلب کرو گے تمہارے لئے موجود ہو گی۔
​

4: بغی​

بمعنی کسی چیز کی طلب میں میانہ روی کی حد سے تجاوز کرنے کی خواہش کرنا (مف) اور یہ صفت محمود بھی ہو سکی ہے جیسے فرائض سے آگے بڑھ کر تطوّع بجا لانا اور مذموم بھی جیسے حق سے تجاوز کر کے باطل کی طرف مائل ہونا۔ قرآن میں ہے:
قَالُوۡا یٰۤاَبَانَا مَا نَبۡغِیۡ ؕ ہٰذِہٖ بِضَاعَتُنَا رُدَّتۡ اِلَیۡنَا ۚ (سورۃ یوسف آیت 65)
کہنے لگے ابا ہمیں اور کیا چاہیے دیکھئے یہ ہماری پونجی بھی ہمیں واپس کر دی گئی ہے۔
​
گویا یہ پونجی بازیافت ان کا حق نہ تھا جو انہیں مل گیا۔
اور ابتغی بمعنی کوشش کے ساتھ کسی چیز کا طلب کرنا (مف) ہے۔ یعنی واجبی کوشش سے زیادہ کرنا۔ ارشاد باری ہے:
اِلَّا ابۡتِغَآءَ وَجۡہِ رَبِّہِ الۡاَعۡلٰی (سورۃ الیل آیت 20)
بلکہ اپنے رب اعلیٰ کی رضامندی حاصل کرنے کے لئے دیتا ہے۔
​

5: رغب​

کسی چیز کو دل سے چاہنا۔ اور مرغوب بمعنی من بھاتا، خواہ یہ چیز طبعی میلانات کے مطابق نہ ہو۔ ارشاد باری ہے:
عَسٰی رَبُّنَاۤ اَنۡ یُّبۡدِلَنَا خَیۡرًا مِّنۡہَاۤ اِنَّاۤ اِلٰی رَبِّنَا رٰغِبُوۡنَ (سورۃ القلم آیت 32)
امید ہے کہ ہمارا پروردگار اسکے بدلے میں ہمیں اس سے بہتر باغ عنایت کرے ہم اپنے پروردگار کی طرف رجوع کرتے ہیں۔
​

ماحصل:​

  • شاء: ایسی خواہش یا ارادہ جو اللہ کی تقدیر کے تابع ہو۔ اور یہ مقررہ وقت سے آگے پیچھے نہیں ہوتا۔
  • اراد: عام ہے۔ خواہ مشیت الہی کے تابع ہو یا نہ ہو۔ اس کا وقت آگے پیچھے ہو سکتا ہے۔
  • اشتھی: مرغوب چیزوں کی خواہش، طبعی میلانات کی خواہش کرنا۔
  • بغی: کسی چیز کو حاصل کرنے میں حد اعتدال سے آگے چلا جانا۔
  • رغب: کسی چیز کی محض چاہت، خواہ یہ طبعی میلانات کے مطابق ہو یا نہ ہو۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

چپ ہونا – رہنا​

کے لیے سکت، صمت اور انصت کے الفاظ آئے ہیں۔

1: سکت​

بات کرتے کرتے رک جانا، تھم جانا، چپ ہو جانا، خلاف الکلام (م ل، منجد) اس معنی میں اس لفظ کا استعمال قرآن کریم میں نہیں ہے۔ البتہ غصہ تھم جانے کے لیے آیا ہے۔ ارشاد باری ہے:
وَ لَمَّا سَکَتَ عَنۡ مُّوۡسَی الۡغَضَبُ اَخَذَ الۡاَلۡوَاحَ ۚۖ (سورۃ الاعراف آیت 154)
اور جب موسٰی کا غصہ ٹھنڈا ہوا تو تورات کی تختیاں اٹھا لیں
​

2: صمت​

بمعنی چپ رہنا، کم گو یا خاموش طبع ہونا۔ فرمان نبوی ﷺ ہے:
من صمت نجا
جو شخص خاموش رہا وہ نجات پا گیا۔
​
صمت کی ضد نطق ہے۔ مال صامت روپے پیسے اور نقدی کو کہتے ہیں جبکہ مال ناطق حیوانات کو (منجد) قرآن میں ہے:
وَ اِنۡ تَدۡعُوۡہُمۡ اِلَی الۡہُدٰی لَا یَتَّبِعُوۡکُمۡ ؕ سَوَآءٌ عَلَیۡکُمۡ اَدَعَوۡتُمُوۡہُمۡ اَمۡ اَنۡتُمۡ صَامِتُوۡنَ (سورۃ الاعراف آیت 193)
اور اگر تم انکو سیدھے رستے کی طرف بلاؤ تو تمہارا کہا نہ مانیں۔ تمہارے لئے برابر ہے کہ تم انکو بلاؤ یا چپکے ہو رہو۔
​

3: انصت​

نصت اور انصت بمعنی دوسرے کی بات چپ چاپ رہ کر سننا (منجد) قرآن میں ہے:
وَ اِذَا قُرِیَٔ الۡقُرۡاٰنُ فَاسۡتَمِعُوۡا لَہٗ وَ اَنۡصِتُوۡا لَعَلَّکُمۡ تُرۡحَمُوۡنَ (سورۃ الاعراف آیت 204)
اور جب قرآن پڑھا جائے تو توجہ سے سنا کرو۔ اور خاموش رہا کرو۔ تاکہ تم پر رحم کیا جائے۔
​

ماحصل:​

خاموش طبع یا کم گوئی کے لیے صمت، باتیں کرتے کرتے چپ ہونے کے لیے سکت اور دوسرے کی بات خاموش ہو کر سننے کے لیے انصت آتا ہے۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

چراغ​

کے لیے مصباح اور سراج کے الفاظ آئے ہیں۔

1: مصباح​

صبح بمعنی روشن اور چمکدار ہونا، صبح الشعر بمعنی بالوں کا چمکدار ہونا اور صبح الحدید بمعنی لوہے کا تابدار ہونا۔ اور صبیح اور صبحان خوبصورت کے معنوں میں آتا ہے (منجد) اور ابن فارس لکھتے ہیں کہ صبح کا لفظ بنیادی طور پر سرخ رنگی دلالت کرنا ہے صبح کو بھی اس کی سرخ کی وجہ سے صبح کہتے ہیں۔ اور مصباح (جمع مصابیح) (چراغ) کو بھی اس کی سرخی کی وجہ سے مصباح کہتے ہیں۔ (م ل) قرآن میں ہے:
مَثَلُ نُوۡرِہٖ کَمِشۡکٰوۃٍ فِیۡہَا مِصۡبَاحٌ (سورۃ النور آیت 35)
اسکے نور کی مثال ایسی ہے کہ گویا ایک طاق ہے جس میں ایک چراغ ہے
​
پھر مصباح کا لفظ روشن ستاروں کے لیے قرآن کریم میں استعمال ہوا ہے۔
وَ لَقَدۡ زَیَّنَّا السَّمَآءَ الدُّنۡیَا بِمَصَابِیۡحَ (سورۃ الملک آیت 5)
اور ہم نے قریب کے آسمان کو تاروں کے چراغوں سے زینت دی۔
​

2: سراج​

ابن فارس کہتے ہیں کہ سرج کا لفظ حسن، زینت اور جمال پر دلالت کرتا ہے۔ اور سراج (چراغ) کو سراج اس کی روشنی اور زینت کی وجہ سے کہتے ہیں۔ گھوڑے کی زین کو بھی سرج اس لیے کہتے ہیں کہ یہ اس کی زینت ہے۔ کہا جاتا ہے سرّج وجھہ اس نے اپنے چہرے کی آرائش کی سرّج شعرہ اس نے اپنے بال سنوارے یا گوندھے (م ل) قرآن میں ہے:
تَبٰرَکَ الَّذِیۡ جَعَلَ فِی السَّمَآءِ بُرُوۡجًا وَّ جَعَلَ فِیۡہَا سِرٰجًا وَّ قَمَرًا مُّنِیۡرًا (سورۃ الفرقان آیت 61)
بڑی برکت والا ہے وہ جس نے آسمان میں برج بنائے اور ان میں آفتاب کا نہایت روشن چراغ اور چمکتا ہوا چاند بھی بنایا۔
​
ابن الفارس صاحب مقائیس اللغۃ کے حوالے سے جو اوپر لغوی تحقیق پیش کی گئی ہے قرآن اس کی تائید نہیں کرتا بلکہ معاملہ اس کے برعکس معلوم ہوتا ہے۔ قرآن نے سورج کو سراج (سورۃ الفرقان آیت 61) اور سراج و ھاجا (سورۃ النبا آیت 13) کہا ہے حالانکہ اس کی روشنی سرخی مائل ہوتی ہے سفیدی مائل نہیں ہوتی۔ اسی طرح قرآن نے ستاروں کو مصابیح کہا ہے حالانکہ ان کی روشنی سفیدی مائل ہوتی ہے سرخ نہیں ہوتی لہذا اصل یہ ہے کہ:

ماحصل:​

سراج وہ ہے جس کی روشنی سرخی مائل ہو اور مصباح وہ ہے جس کی روشنی سفیدی مائل ہو۔ واللہ اعلم۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

چرانا​

کے لیے رعی اور اسام کے الفاظ قرآن کریم میں آئے ہیں۔

1: رعی​

بمعنی کسی حیوان کو چرانا اور اس کی حفاظت اور نگہداشت کرنا۔ اور راعی بمعنی چراوہا، گڈریا اور مرعی بمعنی چارہ بھی اور چراگاہ بھی (مف) کسی چیز کو ضائع ہونے سے بچانا اور بیرونی خطرات پیدا ہونے کے اسباب دور کرنا (ضد اھمال) بمعنی ریوڑ کا چرواہا کے بغیر ہونا (فق ل 15) ارشاد باری ہے:
کُلُوۡا وَ ارۡعَوۡا اَنۡعَامَکُمۡ ؕ اِنَّ فِیۡ ذٰلِکَ لَاٰیٰتٍ لِّاُولِی النُّہٰی (سورۃ طہ آیت 54)
کہ خود بھی کھاؤ اور اپنے مویشیوں کو بھی چراؤ۔ بیشک ان باتوں میں عقل والوں کے لئے بہت سی نشانیاں ہیں۔
​
لفظ رعی کا بنیادی معنی چونکہ تربیت اور نگہداشت ہے لہذا اس کا اطلاق انسانوں پر بھی ہو سکتا ہے بادشاہ راعی ہے پبلک رعیت۔

2: اسام​

سوم کے بنیادی معنی دو ہیں (1) طلب (2) روانگی۔ یعنی کسی چیز کی طلب میں روانہ ہو جانا۔ سامت الابل بمعنی اونٹ چرنے کے لیے چراگاہ کی طرف چلے گئے۔ اور اسام بمعنی چرانے کو لے جانا (مف) ارشاد باری ہے:
ہُوَ الَّذِیۡۤ اَنۡزَلَ مِنَ السَّمَآءِ مَآءً لَّکُمۡ مِّنۡہُ شَرَابٌ وَّ مِنۡہُ شَجَرٌ فِیۡہِ تُسِیۡمُوۡنَ (سورۃ النحل آیت 10)
وہی تو ہے جس نے آسمان سے پانی برسایا جسے تم پیتے ہو اور اس سے درخت بھی شاداب ہوتے ہیں جن میں تم اپنے مویشیوں کو چراتے ہو۔
​

ماحصل:​

  • رعی: بمعنی چرانا اور نگہداشت کرنا۔
  • اسام: چرانے کے لیے جانا۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

چڑھنا (اوپر کو)​

کے لیے عرج، رقی، صعد، ظھر، رھق اور تسوّر کے الفاظ آئے ہیں۔
نوٹ: سورج اور سیارات کے چڑھنے یا طلوع ہونے کے لیے دیکھیے "نکلنا"۔

1: عرج​

کے معنی میں دو باتیں پائی جاتی ہیں۔ جھکاؤ اور بلندی (م ل) بمعنی لنگڑا کر چلنا اور اعرج لنگڑے کو کہتے ہیں۔ اور عرج فی السلم بمعنی سیڑھی پر چڑھنا۔ قرآن میں ہے:
وَ لَوۡ فَتَحۡنَا عَلَیۡہِمۡ بَابًا مِّنَ السَّمَآءِ فَظَلُّوۡا فِیۡہِ یَعۡرُجُوۡنَ (سورۃ الحجر آیت 14)
اور اگر ہم آسمان کا کوئی دروازہ ان پر کھول دیں اور وہ اس میں چڑھنے بھی لگیں۔
​

2: رقی​

کے معنی جھاڑ پھونک کرنا بھی ہیں اور بلندی پر چڑھنا بھی۔ اسی طرح کہ اس میں اپنی وسعت کے مطابق قوت صرف کی جائے۔ آہستہ آہستہ نرم رفتار سے اوپر چڑھنا (منجد) کہا جاتا ہے ارق علی ظلعک یعنی اپنی ہمت کے مطابق چڑھو اپنے نفس پر طاقت سے زیادہ بوجھ نہ ڈالو (منجد، مف) اور کہا جاتا ہے رقیت فی العلم و الشرف میں نے علم اور شرف میں ترقی کی (فق ل 152) گویا اس کا استعمال عام ہے۔ قرآن میں ہے:
اَوۡ یَکُوۡنَ لَکَ بَیۡتٌ مِّنۡ زُخۡرُفٍ اَوۡ تَرۡقٰی فِی السَّمَآءِ ؕ وَ لَنۡ نُّؤۡمِنَ لِرُقِیِّکَ حَتّٰی تُنَزِّلَ عَلَیۡنَا کِتٰبًا نَّقۡرَؤُہٗ ؕ قُلۡ سُبۡحَانَ رَبِّیۡ ہَلۡ کُنۡتُ اِلَّا بَشَرًا رَّسُوۡلًا (سورۃ بنی اسرائیل آیت 93)
یا تمہارا سونے کا گھر ہو۔ یا تم آسمان پر چڑھ جاؤ اور ہم تمہارے چڑھنے کو بھی نہیں مانیں گے جب تک کہ کوئی کتاب نہ لاؤ جسے ہم پڑھ بھی لیں کہدو کہ میرا پروودگار پاک ہے میں تو صرف ایک پیغام پہنچانے والا انسان ہوں۔
​

3: صعد​

کے مفہوم میں دو باتیں بنیادی طور پر پائی جاتی ہیں (1) بلندی (2) مشقت (م ل) یعنی کسی بلند مقام پر مشقت سے چڑھنا۔ اور صعود بلندی اور گھاٹی کو کہتے ہیں۔ اور چڑھنے والے دشوار گزار راستے کو بھی (منجد) کسی چیز کا بمشکل اوپر اٹھنا جیسے دھواں اوپر اٹھتا ہے۔ اور مصعد الکھہ بائیہ برقی لفٹ کو کہتے ہیں (مف) اور اصعد اور صعّد بمعنی دقت اور دشواری سے اوپر چڑھنا۔ قرآن میں ہے:
فَمَنۡ یُّرِدِ اللّٰہُ اَنۡ یَّہۡدِیَہٗ یَشۡرَحۡ صَدۡرَہٗ لِلۡاِسۡلَامِ ۚ وَ مَنۡ یُّرِدۡ اَنۡ یُّضِلَّہٗ یَجۡعَلۡ صَدۡرَہٗ ضَیِّقًا حَرَجًا کَاَنَّمَا یَصَّعَّدُ فِی السَّمَآءِ ؕ کَذٰلِکَ یَجۡعَلُ اللّٰہُ الرِّجۡسَ عَلَی الَّذِیۡنَ لَا یُؤۡمِنُوۡنَ (سورۃ الانعام آیت 125)
تو جس شخص کو اللہ چاہتا ہے کہ ہدایت بخشے اس کا سینہ اسلام کے لئے کھول دیتا ہے اور جسے چاہتا ہے کہ گمراہ کرے اس کا سینہ تنگ اور گھٹا ہوا کر دیتا ہے۔ گویا وہ آسمان پر چڑھ رہا ہے۔ اس طرح اللہ ان لوگوں پر جو ایمان نہیں لاتے عذاب بھیجتا ہے۔
​
نوٹ: مندرجہ بالا تینوں الفاظ عرج، رقی، اور صعد کی ضد نزل ہے۔

4: ظھر​

بمعنی ظاہر ہونا، غالب آنا، چڑھنا اور چڑھ کر اوپر دک پہنچ جانا خواہ یہ سیڑھیاں ہوں یا دیوار وغیرہ جس پر بغیر سیڑھیوں کے چڑھا جائے۔ ارشاد باری ہے:
فَمَا اسۡطَاعُوۡۤا اَنۡ یَّظۡہَرُوۡہُ وَ مَا اسۡتَطَاعُوۡا لَہٗ نَقۡبًا (سورۃ الکہف آیت 97)
پھر ان میں یہ قدرت نہ رہی کہ اس پر چڑھ سکیں۔ اور نہ یہ طاقت رہی کہ اس میں نقب لگا سکیں۔
​
دوسرے مقام پر فرمایا:
وَ لَوۡ لَاۤ اَنۡ یَّکُوۡنَ النَّاسُ اُمَّۃً وَّاحِدَۃً لَّجَعَلۡنَا لِمَنۡ یَّکۡفُرُ بِالرَّحۡمٰنِ لِبُیُوۡتِہِمۡ سُقُفًا مِّنۡ فِضَّۃٍ وَّ مَعَارِجَ عَلَیۡہَا یَظۡہَرُوۡنَ (سورۃ الزخرف آیت 33)
اور اگر یہ خیال نہ ہوتا کہ سب لوگ ایک ہی جماعت ہو جائیں گے تو جو لوگ اللہ سے انکار کرتے ہیں۔ ہم انکے گھروں کی چھتیں چاندی کی بنا دیتے اور سیڑھیاں بھی جن پر وہ چڑھتے۔
​

5: رھق​

بمعنی ایک چیز کے اوپر دوسری چیز چڑھ جانا اور اسے چھپا لینا (اس میں اضطراری کیفیت پائی جاتی ہے) رھقہ الامر بمعنی کسی معاملہ نے اسے بزور و جبر دبا لیا (مف) یعنی اسے ڈھانپ لیا (م ل) چنانچہ قرآن میں ہے:
وَ وُجُوۡہٌ یَّوۡمَئِذٍ عَلَیۡہَا غَبَرَۃٌ تَرۡہَقُہَا قَتَرَۃٌ (سورۃ عبس آیت 40، 41)
اور اس روز کتنے چہرے ایسے ہونگے جن پر گرد پڑ رہی ہو گی۔ اور ان پر سیاہی چڑھ رہی ہو گی۔
​

6: تسوّر​

سور بمعنی شہر پناہ یا ایسی بلند دیوار پھاند کر اندر داخل نہ ہو سکیں (م ل) اور سار بمعنی دیوار پر چڑھنا اور اس کو پھاندنا۔ اور تسوّر کا معنی دیوار پر چڑھنا اور پھاندنا بھی ہے اور کنگن پہننانا بھی (جو کہ سوار، سوار جمع اساور اور اسورۃ بمعنی کنگن سے مشتق ہے) ارشاد باری ہے:
وَ ہَلۡ اَتٰىکَ نَبَؤُا الۡخَصۡمِ ۘ اِذۡ تَسَوَّرُوا الۡمِحۡرَابَ (سورۃ ص آیت 21)
اور اے نبی ﷺ کیا تمہارے پاس ان جھگڑنے والوں کی بھی خبر آئی ہے جب وہ دیوار پھاند کر اندر داخل ہوئے۔
​

ماحصل:​

  • عرج: رک رک کر چڑھنے کے لیے۔
  • رقی: اپنی ہمت کے مطابق چڑھنے کے لیے۔
  • صعد: بہ مشقت اوپر چڑھنے کے لیے۔
  • ظھر: اوپر تک چڑھ جانے کے لیے۔
  • رھق: ایک چیز پر دوسرے کے چڑھنے اور اسے دبا لینے کے لیے۔
  • تسوّر: دیوار پر چڑھنے یا اسے پھاندنے کے لیے۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

چشمہ​

کے لیے عین، ینبوع اور سریّ کے الفاظ آئے ہیں۔

1: عین​

بمعنی آنکھ اور اس کی جمع قرآن میں اعین آئی ہے پھر اس اعتبار سے کہ آنکھ سے پانی بہتا ہے ۔ مشکیزہ کے منہ کو بھی عین کہہ دیتے ہیں۔ اسی طرح پانی کے اس چشمہ کو بھی جس سے پانی جاری ہے جائے (مف) اور عین جاری چشمہ کے معنی میں آتا ہے اور اس کی جمع قرآن میں عیون آئی ہے۔ ارشاد باری ہے:
وَّ فَجَّرۡنَا الۡاَرۡضَ عُیُوۡنًا فَالۡتَقَی الۡمَآءُ عَلٰۤی اَمۡرٍ قَدۡ قُدِرَ (سورۃ القمر آیت 12)
اور زمین میں چشمے جاری کر دیئے تو پانی ایک کام کے لئے جو مقدر ہو چکا تھا جمع ہو گیا۔
​
اور عین کا اطلاق جھیل اور خلیج پر بھی ہو سکتا ہے دیکھیے "پانی کے راستے"۔

2: ینبوع​

نبع بمعنی چشمہ سے پانی پھوٹنا اور منبع اس مقام کو کہتے ہیں جہاں سے پانی پھوٹتا ہے۔ اور ینبوع ایسے چشمہ کو کہتے ہیں جس سے پانی ابل رہا ہو (مف) اور اس کی جمع (ینابع ) آتی ہے۔ ارشاد باری ہے:
وَ قَالُوۡا لَنۡ نُّؤۡمِنَ لَکَ حَتّٰی تَفۡجُرَ لَنَا مِنَ الۡاَرۡضِ یَنۡۢبُوۡعًا (سورۃ بنی اسرائیل آیت 90)
اور کہنے لگے کہ ہم تم پر ایمان نہیں لائیں گے جب تک کہ عجیب و غریب باتیں نہ دکھاؤ یعنی یا تو ہمارے لئے زمین سے چشمہ جاری کر دو۔
​

3: سریّ​

بمعنی چھوٹی سی نہر۔ جاری نہر (ف ل 261، منجد) اس کی جمع اسریۃ اور سریان آتی ہے اور سریّۃ جھوٹے سے لشکر یا فوجی دستے کو بھی کہتے ہیں جس کی جمع سرایا ہے۔ اور ساریۃ بمعنی رات کو جانے والی تھوڑی سی فوج (منجد) گویا اس میں چھوٹائی کا تصور پایا جاتا ہے (منجد) ارشاد باری ہے:
فَنَادٰىہَا مِنۡ تَحۡتِہَاۤ اَلَّا تَحۡزَنِیۡ قَدۡ جَعَلَ رَبُّکِ تَحۡتَکِ سَرِیًّا (سورۃ مریم آیت 24)
تب انکے ٹیلے کے نیچے کی جانب سے فرشتے نے انکو آواز دی کہ غمناک نہ ہو۔ تمہارے پروردگار نے تمہارے نیچے ایک چشمہ پیدا کر دیا ہے۔
​

ماحصل:​

چشمہ کو جریان کے اعتبار سے عین اور زمین سے پانی پھوٹنے کے اعتبار سے ینبوع اور جاری شدہ چشمہ جو چھوٹی نہر کی شکل اختیار کر جائے اسے سریّ کہتے ہیں۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

چشمہ کا پھوٹنا اور بہنا​

کے لیے فار، انبجس، انفجر اور فجّر، نضخ، سال (سیل) جری اور فاض (فیض) کے الفاظ آئے ہیں۔

1: فار​

بمعنی جوش مارنا اور ابلنا (منجد) اور فور بمعنی غلیان یا ابال (م ل) ہے۔ فار القدر بمعنی ہانڈی کا جوش مارنا۔ فار الماء بمعنی پانی کا جوش مارنا اور فار العرق بمعنی رگ کا مضطرب ہونا (منجد) ہے۔ گویا فار میں پانی بہنے کی بجائے اس کے جوش مار کر اوپر اٹھنے کا تصور پایا جاتا ہے۔ خصوصا جبکہ پانی کا دباؤ زیادہ ہو اور سوراخ تنگ ہو۔ اسی سے مشہور لفظ فوارہ مشتق ہے۔ ارشاد باری ہے:
حَتّٰۤی اِذَا جَآءَ اَمۡرُنَا وَ فَارَ التَّنُّوۡرُ ۙ (سورۃ ھود آیت 40)
یہاں تک کہ جب ہمارا حکم آ پہنچا اور تنور جوش مارنے لگا۔
​

2: نضخ​

بمعنی پانی کا چشمہ سے زور سے پھوٹنا۔ اور انضخ بمعنی پانی کا اچھل کر نیچے گرنا۔ نضاخ موسلادھار بارش اور منضخۃ پانی چھڑکاؤ کرنے کے آلہ کو کہتے ہیں (منجد) گویا اس لفظ میں جوش مار کر اوپر اچھلنے کی بجائے ابلنے اور بہنے کا تصور پایا جاتا ہے۔ ارشاد باری ہے:
فِیۡہِمَا عَیۡنٰنِ نَضَّاخَتٰنِ (سورۃ الرحمن آیت 66)
ان میں دو چشمے ابل رہے ہیں۔
​

3: انبجس​

بمعنی کسی چیز کا پانی کی وجہ سے کھل جانا، خواہ زمین ہو یا پتھر یا پہاڑ (م ل) اور صاحب فقہ اللغۃ کے نزدیک پہاڑ یا پتھر سے پانی نکلنے اور بہنے کے لیے انبجس کا لفظ خاص ہے (ف ل 259) ارشاد باری ہے:
فَانۡۢبَجَسَتۡ مِنۡہُ اثۡنَتَا عَشۡرَۃَ عَیۡنًا (سورۃ الاعراف آیت 160)
تو اس میں سے بارہ چشمے پھوٹ نکلے۔
​

4: انفجر​

انفجر اور انبجس قریب المعنی الفاظ ہیں۔ اور قرآن کریم میں یہ دونوں الفاظ ایک ہی موقع کے لیے استعمال ہوئے ہیں۔ مثلاً انفجر سے متعلقہ آیت اس طرح ہے:
وَ اِذِ اسۡتَسۡقٰی مُوۡسٰی لِقَوۡمِہٖ فَقُلۡنَا اضۡرِبۡ بِّعَصَاکَ الۡحَجَرَ ؕ فَانۡفَجَرَتۡ مِنۡہُ اثۡنَتَاعَشۡرَۃَ عَیۡنًا (سورۃ البقرۃ آیت 60)
اور جب موسٰی نے اپنی قوم کے لئے ہم سے پانی مانگا تو ہم نے کہا کہ اپنی لاٹھی پتھر پر مارو انہوں نے لاٹھی ماری تو اس میں سے بارہ چشمے پھوٹ نکلے
​
ان دونوں میں خفیف سا فرق یہ ہے کہ جب چشمہ کا دہانہ پوری طرح نہ کھلا ہو اور پانی کچھ تھوڑا بہت اوپر بھی اٹھتا ہو تو انبجس کا لفظ استعمال ہو گا اور جب منہ پوری طرح کھل جائے اور پانی دہانہ پر آ کر بہنے لگے تو انفجر کا لفظ استعمال ہو گا۔ اور دوسرا فرق یہ ہے کہ انجس پہاڑ یا پتھریلی زمین سے چشمہ پھوٹنے سے خاص ہے جبکہ انفجر کا لفظ عام ہے۔ یہ پہاڑی اور میدانی زمین دونوں کے لیے استعمال ہو سکتا ہے۔ طوفان نوح کے وقت پانی عام زمین سے پھوٹ کر بہ نکلا تھا۔ اللہ تعالی فرماتے ہیں:
وَّ فَجَّرۡنَا الۡاَرۡضَ عُیُوۡنًا فَالۡتَقَی الۡمَآءُ عَلٰۤی اَمۡرٍ قَدۡ قُدِرَ (سورۃ القمر آیت 12)
اور زمین میں چشمے جاری کر دیئے تو پانی ایک کام کے لئے جو مقدر ہو چکا تھا جمع ہو گیا۔
​

5: سال​

میں صرف پانی کے بہنے کا تصور پایا جاتا ہے خواہ یہ پانی بارش کا ہو یا چشمے کا۔ مثلاً:
اَنۡزَلَ مِنَ السَّمَآءِ مَآءً فَسَالَتۡ اَوۡدِیَۃٌۢ بِقَدَرِہَا فَاحۡتَمَلَ السَّیۡلُ زَبَدًا رَّابِیًا ؕ (سورۃ الرعد آیت 17)
اسی نے آسمان سے مینہ برسایا پھر اس سے اپنے اپنے اندازے کے مطابق نالے بہ نکلے پھر پانی پر پھولا ہوا جھاگ آ گیا۔
وَ اَسَلۡنَا لَہٗ عَیۡنَ الۡقِطۡرِ (سورۃ سبا آیت 12)
اور انکے لئے ہم نے تانبے کا چشمہ بہا دیا تھا۔
​
اسی سے لفظ سیال ہے جو ہر اس چیز کو کہتے ہیں جو پانی کی طرح نشیب کی طرف بہہ نکلے۔ گویا سیل میں نیچے کی طرف زور سے بہنے کا تصور پایا جاتا ہے۔ اور سیل کو ہی ہماری زبان میں سیلاب کہتے ہیں۔ ارشاد باری ہے:
فَاَعۡرَضُوۡا فَاَرۡسَلۡنَا عَلَیۡہِمۡ سَیۡلَ الۡعَرِمِ وَ بَدَّلۡنٰہُمۡ بِجَنَّتَیۡہِمۡ جَنَّتَیۡنِ ذَوَاتَیۡ اُکُلٍ خَمۡطٍ وَّ اَثۡلٍ وَّ شَیۡءٍ مِّنۡ سِدۡرٍ قَلِیۡلٍ (سورۃ سبا آیت 16)
تو انہوں نے شکرگذاری سے منہ پھیر لیا پس ہم نے ان پر بند توڑ سیلاب چھوڑ دیا اور انہیں انکے باغوں کے بدلے دو ایسے باغ دیئے جنکے میوے بدمزہ تھے اور جن میں کچھ تو جھاؤ کے پیڑ تھے اور تھوڑی سی بیریاں۔
​

6: جری​

پانی کا چلنا اور جاری ہونا۔ جبکہ نشیب بھی زیادہ نہ ہو اور پانی کا زور بھی زیادہ نہ ہو۔ معمولی رفتار سے پانی کا بہنا یا چلنا خواہ یہ چشمہ کا ہو یا نہر کا یا دریا کا۔ مثلاً:
فِیۡہِمَا عَیۡنٰنِ تَجۡرِیٰنِ (سورۃ الرحمن آیت 50)
ان میں دو چشمے بہ رہے ہیں۔
​
اور جری کا استعمال عام ہے جو سیال چیزوں کے علاوہ ہواؤں اور سورج، چاند وغیرہ کے چلنے کے لیے بھی قرآن کریم میں استعمال ہوتا ہے۔ علاوہ ازیں اس کا استعمال معنوی طور پر بھی ہوتا ہے جیسے سنت جاریہ مشہور لفظ ہے۔ مگر قرآن میں اس معنوی استعمال کی مثال غالباً موجود نہیں۔ ظرف زمانی اور مکانی دونوں طرف استعمال ہوتا ہے، بمعنی دور تک یا دیر تک جاری ہونا یا بہنا۔

7: فاض​

فیض میں دو تصور پائے جاتے ہیں۔ (1) کسی چیز کی کثرت (2) کثرت کی وجہ سے بے قابو ہو جانا۔ فاض السیل بمعنی پانی کا کثرت سے ہونا اور ندی کے کناروں کے اوپر سے بہہ نکلنا (منجد) اور افاض الاناء بمعنی اس نے برتن کو اتنا بھرا کہ پانی کناروں سے بہنے لگا over flow (منجد، مف) قرآن میں ہے:
وَ اِذَا سَمِعُوۡا مَاۤ اُنۡزِلَ اِلَی الرَّسُوۡلِ تَرٰۤی اَعۡیُنَہُمۡ تَفِیۡضُ مِنَ الدَّمۡعِ مِمَّا عَرَفُوۡا مِنَ الۡحَقِّ ۚ یَقُوۡلُوۡنَ رَبَّنَاۤ اٰمَنَّا فَاکۡتُبۡنَا مَعَ الشّٰہِدِیۡنَ (سورۃ المائدۃ آیت 83)
اور جب اس کتاب کو سنتے ہیں جو اس پیغمبر محمد ﷺ پر نازل ہوئی تو تم دیکھتے ہو کہ انکی آنکھوں سے آنسو جاری ہو جاتے ہیں اسلئے کہ انہوں نے حق بات پہچان لی۔ اور یہ اللہ کی جناب میں عرض کرتے ہیں کہ اے پروردگار ہم ایمان لے آئے سو تو ہم کو ماننے والوں میں لکھ لے۔
یعنی آنکھیں آنسوؤں سے اتنی بھر جاتی ہیں کہ آنسو بہنے لگتے ہیں۔
​
دوسرے مقام پر ارشاد باری ہے:
ثُمَّ اَفِیۡضُوۡا مِنۡ حَیۡثُ اَفَاضَ النَّاسُ وَ اسۡتَغۡفِرُوا اللّٰہَ ؕ اِنَّ اللّٰہَ غَفُوۡرٌ رَّحِیۡمٌ (سورۃ البقرۃ آیت 199)
پھر جہاں سے اور لوگ واپس ہوں وہیں سے تم بھی واپس ہو اور اللہ سے بخشش مانگو۔ بیشک اللہ بخشنے والا ہے رحمت کرنے والا ہے۔
​
یہاں لوگوں سے مراد لوگوں ریلا، ہجوم یا کثرت ہے۔ جن کی کثرت خود بخود ان کا ساتھ دینے پر مجبور کرتی ہے۔ اور ان کا ساتھ دینے اور لوٹنے کو افاض سے تعبیر کیا گیا۔ اسی طرح تیسرے مقام پر کسی کام یا باتوں میں انتہائی انہماک کی بنا پر بھی
اِذۡ تُفِیۡضُوۡنَ فِیۡہِ ؕ (سورۃ یونس آیت 61)​
کا استعمال ہوا ہے۔

ماحصل:​

  • فار: پانی کا جوش مار کر اوپر اچھلنا۔
  • نضخ: پانی کا اچھلنا اور نیچے گرنا۔
  • انبجس: پانی کا چشمہ سے پھوٹ کر بہہ نکلنا جبکہ دہانہ تنگ ہو۔
  • انفجر: پانی کا چشمہ سے پھوٹ کر بہہ نکلنا جب کہ دہانہ کشادہ ہو جائے۔
  • سال: میں پانی یا کسی مائع چیز کے صرف بہنے کا تصور پایا جاتا ہے۔
  • جری: معمولی رفتار سے پانی یا کسی دوسری چیز کا دیر تک یا دور تک بہتے یا چلتے جانا۔
  • فاض: محض کثرت کی وجہ سے پانی یا کسی دوسری چیز کا بہنے لگنا over flow۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

چلنا​

کے لیے مشی، دبّ، انطلق، سلک، سرب، سری، داب، مضی، نقّب، سار (سیر)، قصّ اور رجل (رجالا) کے الفاظ آئے ہیں۔

1: مشی​

بمعنی ایک مقام سے دوسرے مقام کی طرف قصد اور ارادہ سے چلنا (مف) قدم بہ قدم چلنا، چلنا پھرنا، عام رفتار سے چلنا (ف ل 174) چلنا کے لیے بالعموم یہی لفظ استعمال ہوتا ہے۔ قرآن میں ہے:
وَ قَالُوۡا مَالِ ہٰذَا الرَّسُوۡلِ یَاۡکُلُ الطَّعَامَ وَ یَمۡشِیۡ فِی الۡاَسۡوَاقِ ؕ لَوۡ لَاۤ اُنۡزِلَ اِلَیۡہِ مَلَکٌ فَیَکُوۡنَ مَعَہٗ نَذِیۡرًا ۙ(سورۃ الفرقان آیت 7)
اور کہتے ہیں یہ کیسا پیغمبر ہے کہ کھانا کھاتا ہے اور بازاروں میں چلتا پھرتا ہے۔ اس پر کوئی فرشتہ کیوں نازل نہیں کیا گیا کہ اسکے ساتھ خبردار کرنے کو رہتا۔
​

2: دبّ​

عام رفتار سے تھوڑی ہلکی رفتار سے چلنا (رحکۃ علی الارض اخف من المشی) (م ل) رینگنا، سانپ کی طرح چلنا یا بچہ جو ہاتھ پاؤں سے چلنا سیکھتا ہے سب اس میں شامل ہیں (م ق) اور جو بھی زمین پر چلتا پھرتا ہے وہ دابۃ ہے۔ (م ل) قرآن میں ہے:
وَ مَا مِنۡ دَآبَّۃٍ فِی الۡاَرۡضِ اِلَّا عَلَی اللّٰہِ رِزۡقُہَا وَ یَعۡلَمُ مُسۡتَقَرَّہَا وَ مُسۡتَوۡدَعَہَا ؕ کُلٌّ فِیۡ کِتٰبٍ مُّبِیۡنٍ (سورۃ ھود آیت 6)
اور زمین پر کوئی چلنے پھرنے والا نہیں مگر اس کا رزق اللہ کے ذمے ہے وہ اسکے رہنے کی جگہ کو بھی جانتا ہے اور جہاں سونپا جاتا ہے اسے بھی۔ یہ سب کچھ کتاب روشن میں لکھا ہوا ہے۔
​

3: انطلق​

طلق بمعنی کسی بندھن سے آزاد کرنا (مف) اور انطلق بمعنی کسی توقف کے بعد چلنا، چل کر کھڑا ہونا، روانہ ہونا، قید کا رہائی کے بعد روانہ ہونا یا چپ رہنے کے بعد گفتگو شروع کرنا۔ ارشاد باری ہے:
فَانۡطَلَقَا ٝ حَتّٰۤی اِذَا رَکِبَا فِی السَّفِیۡنَۃِ خَرَقَہَا ؕ قَالَ اَخَرَقۡتَہَا لِتُغۡرِقَ اَہۡلَہَا ۚ لَقَدۡ جِئۡتَ شَیۡئًا اِمۡرًا (سورۃ الکہف آیت 71)
تو دونوں چل پڑے یہاں تک کہ جب کشتی میں سوار ہوئے تو خضر نے کشتی کو پھاڑ ڈالا۔ موسٰی نے کہا کیا آپ نے اسکو اس لئے پھاڑا ہے کہ سواروں کو غرق کر دیں۔ یہ تو آپ نے بڑی عجیب بات کی۔
وَ یَضِیۡقُ صَدۡرِیۡ وَ لَا یَنۡطَلِقُ لِسَانِیۡ فَاَرۡسِلۡ اِلٰی ہٰرُوۡنَ (سورۃ الشعرا آیت 13)
اور میرا دل تنگ ہوتا ہے اور میری زبان رکتی ہے تو ہارون کو حکم بھیج کہ میرے ساتھ چلیں۔
​

4: سلک​

دو معنی میں استعمال ہوتا ہے (1) کسی رستہ کو پکڑے چلے جانا اور ادھر ادھر نہ ہونا (منجد) رستہ پر چلنا اور چلانا (مف) قرآن میں ہے:
ثُمَّ کُلِیۡ مِنۡ کُلِّ الثَّمَرٰتِ فَاسۡلُکِیۡ سُبُلَ رَبِّکِ ذُلُلًا ؕ (سورۃ النحل آیت 69)
پھر ہر قسم کے میوے کھا۔ اور اپنے پروردگار کے صاف رستوں پر چلی جا۔
​
اور (2) نفوذ الشئ فی الشئ ( م ل) یعنی ایک چیز میں دوسری کا نفوذ کرنا، داخل ہو جانا، کرنا پرونا۔ قران میں ہے:
اُسۡلُکۡ یَدَکَ فِیۡ جَیۡبِکَ تَخۡرُجۡ بَیۡضَآءَ مِنۡ غَیۡرِ سُوۡٓءٍ ۫ (سورۃ القصص آیت 32)
اپنا ہاتھ گریبان میں ڈالو تو بغیر کسی عیب کے سفید روشن ہو کر نکل آئے گا۔
​

4: سرب​

بمعنی نشیب کی طرف جانا، گھستے چلے جانا۔ اور سرب بمعنی وحشی جانوروں کا سوراخ یا بل، زمین کے اندر کا گڑھا، تہ خانہ، قید خانہ (مف) کہتے ہیں انسربت الحیّۃ الی جحرھا یعنی سانپ اپنے بل میں گھس گیا (مف) قرآن میں ہے:
فَلَمَّا بَلَغَا مَجۡمَعَ بَیۡنِہِمَا نَسِیَا حُوۡتَہُمَا فَاتَّخَذَ سَبِیۡلَہٗ فِی الۡبَحۡرِ سَرَبًا (سورۃ الکہف آیت 61)
پھر جب وہ دونوں ان دریاؤں کے سنگم پر پہنچے تو اپنی مچھلی بھول گئے پھر اس مچھلی نے دریا میں سرنگ کی طرح اپنا رستہ بنا لیا۔
​

6: سری​

سری (یسری) بمعنی رات کو چلنا، رات کو سفر کرنا اور الساریۃ بمعنی کو سفر کرنے والی چھوٹی سی جماعت (مف) قرآن میں یہ لفظ رات کو چلنے کے معنی میں نہیں بلکہ خود رات کے چلنے کے معنی میں آیا ہے۔ ارشاد باری ہے:
وَ الَّیۡلِ اِذَا یَسۡرِ (سورۃ الفجر آیت 4)
اور رات کی جب رخصت ہونے لگے۔
​

7: داب​

کوشش اور مشقت سے برابر کسی کام کو کرتے رہنا (منجد) مسلسل چلتے جانا، بغیر وقفہ کے چلتے رہنا (مف) قرآن میں ہے:
وَ سَخَّرَ لَکُمُ الشَّمۡسَ وَ الۡقَمَرَ دَآئِبَیۡنِ ۚ وَ سَخَّرَ لَکُمُ الَّیۡلَ وَ النَّہَارَ (سورۃ ابراہیم آیت 33)
اور سورج اور چاند کو تمہارے لئے کام میں لگا دیا کہ دونوں دن رات ایک ڈگر پر چل رہے ہیں۔ اور رات اور دن کو بھی تمہاری خاطر کام میں لگا دیا۔
​
دوسرے مقام پر ہے:
قَالَ تَزۡرَعُوۡنَ سَبۡعَ سِنِیۡنَ دَاَبًا ۚ فَمَا حَصَدۡتُّمۡ فَذَرُوۡہُ فِیۡ سُنۡۢبُلِہٖۤ اِلَّا قَلِیۡلًا مِّمَّا تَاۡکُلُوۡنَ (سورۃ یوسف آیت 47)
انہوں نے کہا کہ تم لوگ سات سال متواتر کھیتی کرتے رہو گے تو جو غلہ کاٹو تو تھوڑے سے غلے کے سوا جو کھانے میں آئے باقی کو خوشوں میں ہی رہنے دینا۔
​

8: مضی​

بمعنی گزرنا، چلے جانا، اور خالی ہونا (م ق) مضی میں یا تو محض وقت یا زمانہ گزرنے کا تصور پایا جاتا ہے اور ماضی گزرے ہوئے زمانہ کو کہتے ہیں یا کسی چیز کے وقت اور زمانہ کے ساتھ چلے اور گزر جانے کے معنی دیتا ہے مضی ما مضی بمعنی جو ہوا سو ہوا، جو گزرا سو گزرا (منجد) قرآن میں ہے:
فَاَہۡلَکۡنَاۤ اَشَدَّ مِنۡہُمۡ بَطۡشًا وَّ مَضٰی مَثَلُ الۡاَوَّلِیۡنَ (سورۃ الزخرف آیت 8)
تو جو ان میں سخت زور والے تھے انکو ہم نے ہلاک کر دیا اور پہلے لوگوں کی حالت گذر چکی۔
وَ اِذۡ قَالَ مُوۡسٰی لِفَتٰىہُ لَاۤ اَبۡرَحُ حَتّٰۤی اَبۡلُغَ مَجۡمَعَ الۡبَحۡرَیۡنِ اَوۡ اَمۡضِیَ حُقُبًا (سورۃ الکہف آیت 60)
اور جب موسٰی نے اپنے شاگرد سے کہا کہ جب تک میں دو دریاؤں کے ملنے کی جگہ نہ پہنچ جاؤں ٹلنے کا نہیں خواہ صدیوں چلتا رہوں۔
​
یہاں زمانہ کے لحاظ سے مضی کا لفظ استعمال ہوا ہے۔ یعنی ہٹنے کا نہیں خواہ مدتیں گزر جائیں۔

9: نقّب​

نقب بمعنی (1) دیوار یا چمڑے میں سوراخ کرنا اور (2) خبروں کی تحقیق کرنا۔ اور نقّب بمعنی گشت لگانا، کسی ملک میں داخل ہونا اور حالات کی تحقیق و تفتیش کرنا۔ قرآن میں ہے:
وَ کَمۡ اَہۡلَکۡنَا قَبۡلَہُمۡ مِّنۡ قَرۡنٍ ہُمۡ اَشَدُّ مِنۡہُمۡ بَطۡشًا فَنَقَّبُوۡا فِی الۡبِلَادِ ؕ ہَلۡ مِنۡ مَّحِیۡصٍ (سورۃ ق آیت 36)
اور ہم نے ان سے پہلے کئی امتیں ہلاک کر ڈالیں وہ لوگ ان سے قوت میں کہیں بڑھ کر تھے پھر وہ شہروں میں گشت کرنے لگے۔ کیا کہیں بھاگنے کی جگہ ہے؟
​

10: سار​

بمعنی چلنا پھرنا، سیر کرنا، چہل قدمی کرنا خواہ یہ کسی بھی مقصد کے لیے ہو۔ اور چلنے والے آدمی کو سائر اور ایک ساتھ چلے والی جماعت کو سیّارہ (سورۃ یوسف آیت 19) کہتے ہیں۔ قرآن میں ہے:
فَلَمَّا قَضٰی مُوۡسَی الۡاَجَلَ وَ سَارَ بِاَہۡلِہٖۤ اٰنَسَ مِنۡ جَانِبِ الطُّوۡرِ نَارًا (سورۃ القصص آیت 29)
پھر جب موسٰی نے مدت پوری کر دی اور اپنے گھر کے لوگوں کو لے کر چلے تو طور کی طرف سے آگ دکھائی دی۔
​

11: قصّ​

کے معنی کس نشان پر چلنا، بتدریج پیچھے پیچھے چلنا اور اتباع کرنے جانا ہے۔ (مف) ارشاد باری ہے:
وَ قَالَتۡ لِاُخۡتِہٖ قُصِّیۡہِ ۫ فَبَصُرَتۡ بِہٖ عَنۡ جُنُبٍ وَّ ہُمۡ لَا یَشۡعُرُوۡنَ (سورۃ القصص آیت 11)
اور والدہ موسٰی نے اسکی بہن سے کہا کہ اسکے پیچھے پیچھے چلی جا تو وہ اسے دور سے دیکھتی رہی اور ان لوگوں کو کچھ خبر نہ تھی۔
​

12: رجل​

بمعنی پاؤں پر یا پیدا چلنا۔ اور اس کا استعمال اس وقت ہوتا ہے جب مقابلہ میں کچھ سوار بھی ہوں۔ قرآن میں ہے:
وَ اَذِّنۡ فِی النَّاسِ بِالۡحَجِّ یَاۡتُوۡکَ رِجَالًا وَّ عَلٰی کُلِّ ضَامِرٍ یَّاۡتِیۡنَ مِنۡ کُلِّ فَجٍّ عَمِیۡقٍ (سورۃ الحج آیت 27)
اور لوگوں میں حج کے لئے اعلان کر دو کہ تمہاری طرف پیدل اور دبلے دبلے اونٹوں پر جو دور دراز رستوں سے چلے آتے ہوں سوار ہو کر چلے آئیں۔
​
دوسرے مقام پر ہے:
فَاِنۡ خِفۡتُمۡ فَرِجَالًا اَوۡ رُکۡبَانًا ۚ فَاِذَاۤ اَمِنۡتُمۡ فَاذۡکُرُوا اللّٰہَ کَمَا عَلَّمَکُمۡ مَّا لَمۡ تَکُوۡنُوۡا تَعۡلَمُوۡنَ (سورۃ البقرۃ آیت 239)
پھر اگر تم خوف کی حالت میں ہو تو پیادے یا سوار جس حال میں ہو نماز پڑھ لو پھر جب امن و اطمینان ہو جائے تو جس طریق سے اللہ نے تم کو سکھایا ہے جو تم پہلے نہیں جانتے تھے اللہ کو یاد کرو۔
​
اور اگر سوار نہ ہوں تو مشی کا لفظ آئے گا۔

ماحصل:​

  • مشی: عام رفتار سے چلنا، چلنا کے لیے عام لفظ
  • دبّ: مشی سے ذرا ہلکی چال چلنا۔
  • انطلق: روانہ ہونا، چل کھڑا ہونا۔
  • سلک: نشیب کی طرف چلنا، بل میں گھسنا۔
  • سری: رات کو چلنا یا رات کا چلنا۔
  • داب: کسی معین راہ پر چلتے رہنا۔
  • مضی: وقت کا گزرنا یا وقت کے ساتھ چلنا۔
  • نقّب: گشت لگانا۔
  • سار: چلنا پھرنا، سیر کرنا، سفر کرنا۔
  • قصّ: کسی کے پیچھے پیچھے چلتے جانا۔
  • رجل: پیدا چلنا جبکہ کچھ لوگ سوار بھی ہوں۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

چلانا​

کے لیے ساق (سوق) حرّک، ازجی (زجو)، سلک، سیّر اور اسری کے الفاظ آئے ہیں۔

1: ساق​

ہانکنا، کسی کو پیچھے سے ہانک کر چلانا، جیسے چرواہا چوپایوں کو ہانکتا ہے (ف ل 187)۔ ڈرائیور کا گاڑی چلانا (ڈرائیور کو سواق کہتے ہیں) (ق ج) قرآن میں ہے:
وَّ نَسُوۡقُ الۡمُجۡرِمِیۡنَ اِلٰی جَہَنَّمَ وِرۡدًا (سورۃ مریم آیت 86)
اور گناہگاروں کو دوزخ کی طرف پیاسے ہانک لے جائیں گے۔
​

2: حرّک​

حرک بمعنی ہلنا، حرکت کرنا اور حرّک بمعنی کسی چیز کو ہلانا، حرکت دینا، حرکت دے کر آگے بڑھانا یا چلانا ارشاد باری ہے:
لَا تُحَرِّکۡ بِہٖ لِسَانَکَ لِتَعۡجَلَ بِہٖ (سورۃ القیامۃ آیت 16)
اور اے پیغمبر ﷺ وحی کے پڑھنے کے لئے اپنی زبان کو تیز تیز حرکت نہ دیا کرو کہ اس کو جلد سیکھ لو۔
​

3: ازجی​

آہستہ آہستہ ہانکنا، نرمی سے چلانا اور مزجّی بمعنی کمزور (منجد) ارشاد باری ہے:
اَلَمۡ تَرَ اَنَّ اللّٰہَ یُزۡجِیۡ سَحَابًا ثُمَّ یُؤَلِّفُ بَیۡنَہٗ ثُمَّ یَجۡعَلُہٗ رُکَامًا فَتَرَی الۡوَدۡقَ یَخۡرُجُ مِنۡ خِلٰلِہٖ (سورۃ النور آیت 43)
کیا تم نے نہیں دیکھا کہ اللہ ہی بادلوں کو چلاتا ہے پھر انکو آپس میں ملا دیتا ہے۔ پھر انکو تہ بہ تہ کر دیتا ہے پھر تم دیکھتے ہو کہ بادل سے مینہ نکل کر برس رہا ہے
​

4: سلک​

معین راستہ پر چلنا اور چلانا، لازم اور متعدی دونوں طرح استعمال ہوتا ہے۔ کسی چیز کا دوسری میں نفوذ کرنا یا آر پار ہونا (م ل) پرونا، بدھنا۔اس لفظ کا راستہ سے خاص تعلق ہے۔ قرآن میں ہے:
الَّذِیۡ جَعَلَ لَکُمُ الۡاَرۡضَ مَہۡدًا وَّ سَلَکَ لَکُمۡ فِیۡہَا سُبُلًا وَّ اَنۡزَلَ مِنَ السَّمَآءِ مَآءً ؕ فَاَخۡرَجۡنَا بِہٖۤ اَزۡوَاجًا مِّنۡ نَّبَاتٍ شَتّٰی (سورۃ طہ آیت 53)
وہ وہی تو ہے جس نے تم لوگوں کے لئے زمین کر فرش بنایا۔ اور اس میں تمہارے لئے رستے بنا دیئے اور آسمان سے پانی برسایا پھر اس سے مختلف نباتات پیدا کیں۔
​

5: سیّر​

سار بمعنی چلنا پھرنا، سیر کرنا، سفر کرنا اور سیّر بمعنی چلانا، سفر کرانا، سفر پر روانہ کرنا۔ ارشاد باری ہے:
ہُوَ الَّذِیۡ یُسَیِّرُکُمۡ فِی الۡبَرِّ وَ الۡبَحۡرِ (سورۃ یونس آیت 22)
وہی تو ہے جو تم کو جنگل اور دریا میں چلنے پھرنے اور سیر کرنے کی توفیق دیتا ہے۔
​

6: اسری​

سری یسری بمعنی رات کو چلنا۔ اور اسری بمعنی رات کو چلانا، سیر کرانا، سفر کرانا۔ قرآن میں ہے:
فَاَسۡرِ بِاَہۡلِکَ بِقِطۡعٍ مِّنَ الَّیۡلِ (سورۃ ھود آیت 81)
تو کچھ رات رہے سے اپنے گھر والوں کو لے کر چل دو۔
​
اور دوسرے مقام پر ہے:
سُبۡحٰنَ الَّذِیۡۤ اَسۡرٰی بِعَبۡدِہٖ لَیۡلًا مِّنَ الۡمَسۡجِدِ الۡحَرَامِ اِلَی الۡمَسۡجِدِ الۡاَقۡصَا الَّذِیۡ بٰرَکۡنَا حَوۡلَہٗ لِنُرِیَہٗ مِنۡ اٰیٰتِنَا ؕ اِنَّہٗ ہُوَ السَّمِیۡعُ الۡبَصِیۡرُ (سورۃ بنی اسرائیل آیت 1)
وہ قادر مطلق جو ہر خامی سے پاک ہے ایک رات اپنے بندے کو مسجد حرام یعنی خانہ کعبہ سے مسجد اقصٰے یعنی بیت المقدس تک جسکے چاروں طرف ہم نے برکتیں رکھی ہیں لے گیا تاکہ ہم اسے اپنی قدرت کی نشانیاں دکھائیں۔ بیشک وہ سننے والا ہے دیکھنے والا ہے۔
​

ماحصل:​

  • ساق: پیچھے سے چلانا۔
  • حرّک: حرکت دے کر چلانا، ہلانا۔
  • ازجی: دھیرے دھیرے چلانا۔
  • سلک: راستہ پر چلانا یا راہ چلنا۔
  • سیّر: سیر کرانا، چلانا۔
  • اسری: رات کو چلانا، سیر کرانا۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

چلّانا – چیخنا​

کے لیے نعق، صدّ، جئر، استصرخ (صرخ) اور صرّ کے الفاظ آئے ہیں۔

1: نعق​

بلند آواز سے گلا پھاڑ کر کسی کو پکارنا۔ کوے کا زور سے کائیں کائیں کرنا، چرواہے کا ریوڑ کو دور سے آواز دینا۔ (ف ل 194) قرآن میں ہے:
وَ مَثَلُ الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡا کَمَثَلِ الَّذِیۡ یَنۡعِقُ بِمَا لَا یَسۡمَعُ اِلَّا دُعَآءً وَّ نِدَآءً ؕ صُمٌّۢ بُکۡمٌ عُمۡیٌ فَہُمۡ لَا یَعۡقِلُوۡنَ (سورۃ البقرۃ آیت 171)
جو لوگ کافر ہیں ان کی مثال اس شخص کی سی ہے جو کسی ایسی چیز کو آواز دے جو پکار اور آواز کے سوا کچھ سن نہ سکے یہ بہرے ہیں گونگے ہیں اندھے ہیں کہ کچھ سمجھ ہی نہیں سکتے۔
​

2: صدّ​

یصدّ بمعنی خواہ مخواہ شور مچنا، چلانا، واویلا کرنا اور صدّد بمعنی تالی بجانا (منجد ) ارشاد باری ہے:
وَ لَمَّا ضُرِبَ ابۡنُ مَرۡیَمَ مَثَلًا اِذَا قَوۡمُکَ مِنۡہُ یَصِدُّوۡنَ (سورۃ الزخرف آیت 57)
اور جب مریم کے بیٹے عیسٰی کا حال بیان کیا گیا تو تمہاری قوم کے لوگ اس سے چلا اٹھے۔
​

3: جئر​

بلند آواز سے گڑگڑانا۔ زاری کرنا (منجد) گھبراہٹ کے وقت وحشی جانوروں مثلاً ہرن وغیرہ کا زور سے آواز نکالنا اور چیخنا (مف) ارشاد باری ہے:
حَتّٰۤی اِذَاۤ اَخَذۡنَا مُتۡرَفِیۡہِمۡ بِالۡعَذَابِ اِذَا ہُمۡ یَجۡـَٔرُوۡنَ (سورۃ المؤمنون آیت 64)
یہاں تک کہ جب ہم نے ان میں سے آسودہ حال لوگوں کو عذاب میں پکڑ لیا تو وہ اسی وقت چلا اٹھیں گے۔
​

4: استصرخ​

صرخ بمعنی چیخنا چلانا تا کہ دوسرے لوگ مدد کو پہنچیں، فریاد کرنا۔ اور اصرخ بمعنی کسی کی فریاد سن کر اس کی مدد کو پہنچنا۔ اور استصرخ کے معنی موجود لوگوں کے سامنے چیخ اور چلا کر اپنی مدد کو بلانا۔ قرآن میں ہے:
فَاَصۡبَحَ فِی الۡمَدِیۡنَۃِ خَآئِفًا یَّتَرَقَّبُ فَاِذَا الَّذِی اسۡتَنۡصَرَہٗ بِالۡاَمۡسِ یَسۡتَصۡرِخُہٗ ؕ قَالَ لَہٗ مُوۡسٰۤی اِنَّکَ لَغَوِیٌّ مُّبِیۡنٌ (سورۃ القصص آیت 18)
الغرض صبح کے وقت شہر میں ڈرتے ڈرتے داخل ہوئے کہ دیکھیں کیا ہوتا ہے تو ناگہاں وہی شخص جس نے کل ان سے مدد مانگی تھی پھر انکو پکار رہا ہے۔ موسٰی نے اس سے کہا کہ تو تو بڑا بہکا ہوا ہے۔
​

5: صرّ​

صرّ اور صرصر الرجل بمعنی کسی کا زور سے چلانا (منجد) اور صرّۃ بمعنی چیخ (مف) ارشاد باری ہے:
فَاَقۡبَلَتِ امۡرَاَتُہٗ فِیۡ صَرَّۃٍ فَصَکَّتۡ وَجۡہَہَا وَ قَالَتۡ عَجُوۡزٌ عَقِیۡمٌ (سورۃ الذریات آیت 29)
تو ابراہیم کی بیوی چلاتی آئیں اور اپنا منہ پیٹ کر کہنے لگیں کہ ایک تو میں بڑھیا اوپر سے بانجھ۔
​

ماحصل:​

  • نعق: گلا پھاڑ کر آواز دینا۔
  • صدّ: خواہ مخواہ شور مچانا۔
  • جئر: گھبراہٹ کی وجہ سے زاری کرنا۔
  • اصطرخ: فریاد کے طور پر چلانا۔
  • صرّ: چیخ مارنا۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

چمٹنا​

کے لیے الحف، لزب، اور لزم کے الفاظ قرآن میں آئے ہیں۔

1: الحف​

لحاف بمعنی اوڑھنے کا کپڑا۔ محاورہ ہے الحفتہ فالتحف میں نے اسے لحاف میں ڈھانپ دیا چنانچہ وہ اس سے لپٹ گیا۔ اور الحاف کے معنی الحاح یعنی چمٹ کر مانگنا ہیں (مف) ارشاد باری ہے:
تَعۡرِفُہُمۡ بِسِیۡمٰہُمۡ ۚ لَا یَسۡـَٔلُوۡنَ النَّاسَ اِلۡحَافًا ؕ (سورۃ البقرۃ آیت 273)
اور تم قیافے سے ان کو صاف پہچان لو کہ حاجت مند ہیں اور شرم کے سبب لوگوں سے منہ پھوڑ کر اور لپٹ کر نہیں مانگ سکتے۔
​

2: لزب​

لازب اس چیز کو کہتے ہیں جو کسی مقام پر شدت سے ثبت ہو جائے اور چمٹ جائے (مف) اور صاحب فقہ اللغۃ کے نزدیک لازب سے مراد ہی چپکدار اور لیسدار مٹی ہے (ف ل 268) قرآن میں یہ لفظ صرف مٹی ہی کے لیے استعمال ہوا ہے۔ لہذا دونوں معنی کی تائید ہو جاتی ہے۔ ارشاد باری ہے:
فَاسۡتَفۡتِہِمۡ اَہُمۡ اَشَدُّ خَلۡقًا اَمۡ مَّنۡ خَلَقۡنَا ؕ اِنَّا خَلَقۡنٰہُمۡ مِّنۡ طِیۡنٍ لَّازِبٍ (سورۃ الصافات آیت 11)
تو ان سے پوچھو کہ انکا بنانا مشکل ہے یا جتنی خلقت ہم نے بنائی ہے اس کا؟ انہیں ہم نے چپکنے والے گارے سے بنایا ہے۔
​

3: لزم​

میں ثبت اور دوام دو باتیں پائی جاتی ہیں۔ یعنی کسی چیز کا عرصہ دراز تک ایک جگہ ٹھہرے یا لگے رہنا (مف) اسی مفہوم کے لحاظ سے اس لفظ کا مختلف مقامات پھر اردو زبان کے لحاظ سے مختلف الفاظ میں ترجمہ کیا جاتا ہے۔ ارشاد باری ہے:
وَ لَوۡ لَا کَلِمَۃٌ سَبَقَتۡ مِنۡ رَّبِّکَ لَکَانَ لِزَامًا وَّ اَجَلٌ مُّسَمًّی (سورۃ طہ آیت 129)
اور اگر ایک بات تمہارے پروردگار کی طرف سے پہلے صادر اور جزائے اعمال کے لئے ایک میعاد مقرر نہ ہو چکی ہوتی تو نزول عذاب لازم ہو جاتا۔
​

ماحصل:​

  • الحف: کسی سے چمٹ کر یا لپٹ کر اسے کام پر آمادہ کرنا۔
  • لزب: کسی چیز کا چپکدار اور لیسدار ہونے کی وجہ سے چمٹنا۔
  • لزم: ایک چیز کا دوسری سے عرصہ دراز کے لیے لگنا یا چمٹنا۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

چمکنا – چمک​

کے لیے بزغ، اشرق (شرق)، ثقب، سنا (سنو)، اور دریّ (درّ) کے الفاظ آئے ہیں۔

1: بزغ​

سورج کا طلوع ہونا جبکہ اس کی روشنی پھیل رہی ہو (مف)۔ سورج، چاند، ستاروں یا اجرام فلکی کی روشنی کے لیے آتا ہے جبکہ وہ طلوع ہو رہے ہوں۔ اور نجوم بازغ طلوع ہونے والے ستاروں کو کہتے ہیں۔ قرآن میں ہے:
فَلَمَّا رَاَ الشَّمۡسَ بَازِغَۃً قَالَ ہٰذَا رَبِّیۡ ہٰذَاۤ اَکۡبَرُ ۚ فَلَمَّاۤ اَفَلَتۡ قَالَ یٰقَوۡمِ اِنِّیۡ بَرِیۡٓءٌ مِّمَّا تُشۡرِکُوۡنَ (سورۃ الانعام آیت 78)
پھر جب سورج کو دیکھا کہ جگمگا رہا ہے تو کہنے لگے میرا پروردگار یہ ہے یہ سب سے بڑا ہے۔ مگر جب وہ بھی غروب ہو گیا تو کہنے لگے لوگو جن چیزوں کو تم اللہ کا شریک بناتے ہو میں ان سے بیزار ہوں۔
​

2: اشرق​

شرق بمعنی روشنی کا کھل جانا یا پھیل جانا (م ل) اور اشرق کسی چیز کو منور کرنا، اس پر پوری پوری روشنی ڈالنا کہ وہ چمک اٹھے۔ ارشاد باری ہے:
وَ اَشۡرَقَتِ الۡاَرۡضُ بِنُوۡرِ رَبِّہَا وَ وُضِعَ الۡکِتٰبُ وَ جِایۡٓءَ بِالنَّبِیّٖنَ وَ الشُّہَدَآءِ وَ قُضِیَ بَیۡنَہُمۡ بِالۡحَقِّ وَ ہُمۡ لَا یُظۡلَمُوۡنَ (سورۃ الزمر آیت 69)
اور زمین اپنے پروردگار کے نور سے چمک اٹھے گی اور اعمال کی کتاب کھول کر رکھ دی جائے گی اور پیغمبر اور دوسرے گواہ حاضر کئے جائیں گے اور ان میں انصاف سے فیصلہ کیا جائے گا اور انکے ساتھ بے انصافی نہیں کی جائے گی۔
​

3: ثقب​

آگ کا روشن ہونا، ستارہ کا چمکنا اور ثقب (ق پیش) سرخی میں آگ کے مشابہ ہونا (منجد) روشنی کا پوری طرح نفوذ کر جانا اور آر پار ہو جانا (م ل) ثقب بمعنی کسی چیز میں سوراخ کرنا اور ثاقب کے معنی اتنا روشن کہ جس چیز پر اس کی شعاعیں پڑیں ان میں سے چھید کرتی ہوئی پار گزر جائیں (مف) گویا ثقب میں تیزی اور آگر کی طرح سرخ روشنی کا تصور پایا جاتا ہے۔ قرآن میں ہے:
اِلَّا مَنۡ خَطِفَ الۡخَطۡفَۃَ فَاَتۡبَعَہٗ شِہَابٌ ثَاقِبٌ (سورۃ الصافات آیت 10)
ہاں جو کوئی فرشتوں کی کسی بات کو چوری سے جھپٹ لینا چاہتا ہے تو جلتا ہوا انگارہ اسکے پیچھے لگ جاتا ہے۔
​

4: سنا​

بمعنی (چمکنے والی بجلی کی)کوند، پنجابی لشک، نگاہوں کو خیرہ کرنے والی روشنی (منجد) قرآن میں ہے:
یَکَادُ سَنَا بَرۡقِہٖ یَذۡہَبُ بِالۡاَبۡصَارِ (سورۃ النور آیت 43)
(اور بادل میں جو بجلی ہوتی ہے) اس کی چمک آنکھوں کو خیرہ کر کے بینائی کو اچکے لئے جاتی ہے۔
​

5: دریّ​

درّ میں چمک اور زیادتی دو تصور پائے جاتے ہیں۔ سیف دریّ بمعنی چمک دمک والی تلوار اور دراّ اور ادور بہت زیادہ دودھ دینے والی اونٹنی کو کہتے ہیں۔ لفظ مدرارا میں یہی مفہوم ہے اور درّ چمکنے والے موتی کو کہتے ہیں۔ اور کبھی یہ دونوں باتیں اکٹھی پائی جاتی ہیں جیسے کوکب درّیّ بہت زیادہ چمکدار ستار۔ یعنی روشن بھی بہت ہو اور چمک دمک بھی بہت رکھتا ہو۔ قرآن میں ہے:
اَلزُّجَاجَۃُ کَاَنَّہَا کَوۡکَبٌ دُرِّیٌّ یُّوۡقَدُ مِنۡ شَجَرَۃٍ مُّبٰرَکَۃٍ زَیۡتُوۡنَۃٍ لَّا شَرۡقِیَّۃٍ وَّ لَا غَرۡبِیَّۃٍ (سورۃ النور آیت 35)
اور قندیل ایسی صاف شفاف ہے کہ گویا موتی کا سا چمکتا ہوا تارہ ہے۔ اس میں ایک مبارک درخت کا تیل جلایا جاتا ہے یعنی زیتون کا کہ نہ مشرق کی طرف ہے نہ مغرب کی طرف
​

ماحصل:​

  • بزغ: اجرام فلکی کا بوقت طلوع جگمگانا۔
  • اشرق: کسی چیز پر روشنی پڑنا اور پھیلنا اور اسے منور کر دینا۔
  • ثقب: سرخ اور تیز روشنی کا آر پار گزر جانا۔
  • سنا: نگاہوں کو خیرہ کرنے والی روشنی، کوند، لشک۔
  • درّیّ: بہت زیادہ چمکدار۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

چند​

کے لیے معدودۃ، بضع اور نفر کے الفاظ آئے ہیں۔

1: معدودۃ​

کے معنی ہیں گنتی کے، چند ایک یا تھوڑے۔ زیادہ کے مقابلہ میں کم۔ جیسے ہزار کے مقابلہ میں سینکڑہ بھی تھوڑے ہی ہوتے ہیں۔ ارشاد باری ہے:
وَ شَرَوۡہُ بِثَمَنٍۭ بَخۡسٍ دَرَاہِمَ مَعۡدُوۡدَۃٍ ۚ وَ کَانُوۡا فِیۡہِ مِنَ الزَّاہِدِیۡنَ (سورۃ یوسف آیت 20)
اور انہوں نے اسکو تھوڑی سی قیمت یعنی معدودے چند درہموں پر بیچ ڈالا اور وہ اس سے بیزار ہو رہے تھے۔
​

2: بضع​

تین سے لے کر دس تک کے درمیانی اعداد میں ہر ایک کو بضع کہہ سکتے ہیں (ف 74، مف) تین سے نو تک کے صرف طاق اعداد بضع ہیں (م ق) قرآن میں ہے:
فِیۡ بِضۡعِ سِنِیۡنَ ۬ؕ لِلّٰہِ الۡاَمۡرُ مِنۡ قَبۡلُ وَ مِنۡۢ بَعۡدُ ؕ وَ یَوۡمَئِذٍ یَّفۡرَحُ الۡمُؤۡمِنُوۡنَ ۙ(سورۃ الروم آیت 4)
چند ہی سال میں۔ پہلے بھی اور بعد میں بھی اللہ ہی کا حکم ہے اور اس روز مومن خوش ہو جائیں گے۔
​

3: نفر​

النّفر بمعنی سارے لوگ بھی اور تین سے لے کر دس تک کی جماعت اور ثلاثۃ نفر او انفار بمعنی تین آدمی (منجد) ارشاد باری ہے:
قُلۡ اُوۡحِیَ اِلَیَّ اَنَّہُ اسۡتَمَعَ نَفَرٌ مِّنَ الۡجِنِّ فَقَالُوۡۤا اِنَّا سَمِعۡنَا قُرۡاٰنًا عَجَبًا (سورۃ الجن آیت 1)
اے پیغمبر ﷺ لوگوں سے کہدو کہ میرے پاس وحی آئی ہے کہ جنوں کی ایک جماعت نے اس کتاب کو سنا تو کہنے لگے کہ ہم نے ایک عجیب قرآن سنا۔
​

ماحصل:​

  • معدودۃ: گنتی کے چند، زیادہ کے مقابلہ میں کم۔
  • بضع: 3 سے 9 تک عام چیزوں کے لیے۔
  • نفر: 3 سے 9 تک کی جماعت، ذوی العقول کے لیے۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

چن لینا​

کے لیے اختار (خیر)، اصطفی (صفو)، اجتبی (جبو) استخلص (خلص)، اور اصطنع (صنع) کے الفاظ آئے ہیں۔

1: اختار​

خیر ہر اس چیز یا بات کو کہتے ہیں جو سب کو مرغوب ہو (مف) اور اختار سے مراد یہ ہے کہ ایک ہی جنس کی بہت سی اشیا میں بہتر چیز کا انتخاب کر لینا (مف) قرآن میں ہے:
وَ اخۡتَارَ مُوۡسٰی قَوۡمَہٗ سَبۡعِیۡنَ رَجُلًا لِّمِیۡقَاتِنَا (سورۃ الاعراف آیت 155)
اور موسٰی نے اس معیاد پر جو ہم نے مقرر کی تھی اپنی قوم کے ستر آدمی منتخب کر کے کوہ طور پر حاضر کئے۔
​

2: اصطفی​

الصّفا اور صفو کے معنی ہیں پاک و صاف ہونا (مف) الصّفیّ اور الصّفوۃ مخلص دوست کو کہتے ہیں (منجد) اور اصطفی بمعنی پاکیزگی اور طہارت نفس کی بنا پر کسی چیز کا انتخاب کرنا۔ قرآن میں ہے:
اِنَّ اللّٰہَ اصۡطَفٰۤی اٰدَمَ وَ نُوۡحًا وَّ اٰلَ اِبۡرٰہِیۡمَ وَ اٰلَ عِمۡرٰنَ عَلَی الۡعٰلَمِیۡنَ (سورۃ آل عمران آیت 33)
اللہ نے آدم اور نوح اور خاندان ابراہیم اور خاندان عمران کو تمام جہان کے لوگوں میں سے منتخب فرمایا تھا۔
​

3: اجتبی​

جبو کے معنی (1) کسی چیز کو جمع کرنا (2) پھر اسے کہیں لے جانا۔ یجمع و یحمل (م ق) ابن فارس کے الفاظ ہیں جمع الشئ والتجمّع (م ل) ہیں۔ نیز جبو کا لفظ عموماً خراج یا محصول اکٹھا کرنے کے لیے آتا ہے جس میں اسے خزانہ تک پہنچانا بھی شامل ہے۔ اور مجبی بمعنی خراج (م ق) قرآن میں ہے:
یُّجۡبٰۤی اِلَیۡہِ ثَمَرٰتُ کُلِّ شَیۡءٍ رِّزۡقًا مِّنۡ لَّدُنَّا وَ لٰکِنَّ اَکۡثَرَہُمۡ لَا یَعۡلَمُوۡنَ (سورۃ القصص آیت 57)
جہاں ہر قسم کے میوے پہنچائے جاتے ہیں بطور رزق ہماری طرف سے لیکن ان میں سے اکثر نہیں جانتے۔
​
اور اجتبی کے معنی ہیں کسی عمدہ چیز کو انتخاب کر کے قریب کر لینا، مقرب و برگزیدہ بنا لینا قرآن میں ہے:
وَ کَذٰلِکَ یَجۡتَبِیۡکَ رَبُّکَ وَ یُعَلِّمُکَ مِنۡ تَاۡوِیۡلِ الۡاَحَادِیۡثِ وَ یُتِمُّ نِعۡمَتَہٗ عَلَیۡکَ وَ عَلٰۤی اٰلِ یَعۡقُوۡبَ کَمَاۤ اَتَمَّہَا عَلٰۤی اَبَوَیۡکَ مِنۡ قَبۡلُ اِبۡرٰہِیۡمَ وَ اِسۡحٰقَ ؕ اِنَّ رَبَّکَ عَلِیۡمٌ حَکِیۡمٌ (سورۃ یوسف آیت 6)
اور اسی طرح اللہ تمہیں برگزیدہ و ممتاز کرے گا اور خواب کی باتوں کی تعبیر کا علم سکھائے گا۔ اور جس طرح اس نے اپنی نعمت پہلے تمہارے دادا پردادا ابراہیم اور اسحٰق پر پوری کی تھی اسی طرح تم پر اور اولاد یعقوب پر پوری کرے گا بیشک تمہارا پروردگار سب کچھ جاننے والا ہے حکمت والا ہے۔
​

4: استخلص​

خلص (ضد خلط) بمعنی دوسری چیزوں کی آمیزش اور آلائش سے صاف ہونا، خالص ہونا۔ اور خلّص بمعنی خالص بنانا (منجد) خلص، صفی سے البلغ ہے۔ کیونکہ صفی کبھی پہلے ہی صاف ہو سکتا ہے۔ لہذا استخلص کے معنی کسی کو چننا اور اپنے لیے مختص کر لینا ہے۔ قرآن میں ہے:
وَ قَالَ الۡمَلِکُ ائۡتُوۡنِیۡ بِہٖۤ اَسۡتَخۡلِصۡہُ لِنَفۡسِیۡ ۚ فَلَمَّا کَلَّمَہٗ قَالَ اِنَّکَ الۡیَوۡمَ لَدَیۡنَا مَکِیۡنٌ اَمِیۡنٌ (سورۃ یوسف آیت 54)
اور بادشاہ نے حکم دیا کہ اسے میرے پاس لاؤ میں اسے اپنا مصاحب خاص بناؤں گا۔ پھر جب ان سے گفتگو کی تو کہا کہ آج سے تم ہمارے ہاں صاحب منزلت ہو اور صاحب اعتبار ہو۔
​

5: اصطنع​

صنع کے معنی ہیں کسی چیز کو فنی مہارت سے بنانا۔ اور اصطنع کے معنی کسی خاص مقصد کے لیے کسی موزوں شخص کا انتخاب کر کے اس کی خاص طور سے تربیت کرنا۔ حضرت موسی علیہ السلام کے متعلق اللہ تعالی نے فرمایا:
وَ اصۡطَنَعۡتُکَ لِنَفۡسِیۡ (سورۃ طہ آیت 41)
اور میں نے تمکو اپنے کام کے لئے بنایا ہے۔
​

ماحصل:​

  • اختار: بہت سی چیزوں میں سے کسی بہتر چیز کا انتخاب کرنا۔
  • اصطفی: کسی چیز کو پاکیزگی کی بنا پر انتخاب کرنا۔
  • اجتبی: کسی کو انتخاب کر کے اسے اپنا مقرب بنانا۔
  • استخلص: کسی خاص مقصد کے لیے کسی شخص کا انتخاب کرنا۔
  • اصطنع: کسی خاص مقصد کے لیے کسی کا انتخاب کر کے اس کی موزوں طریقہ پر تربیت کرنا۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

چوپائے​

کے لیے وحوش، بھائم، انعام، دوّاب کے الفاظ آئے ہیں۔
1: وحوش
وحش کی جمع ہے۔ اور وحش، انس کی ضد ہے۔ یعنی ایسے جاندار جو انسان کے مانوس نہ ہوں۔ جنگلی جانور اور درندے وغیرہ (مف) قرآن میں ہے:
وَ اِذَا الۡوُحُوۡشُ حُشِرَتۡ (سورۃ التکویر آیت 5)
اور جب وحشی جانور جمع کئے جائیں گے۔​
2: بھائم
بھیمۃ کی جمع ہے۔ اور وحشی چوپایوں کے علاوہ باقی سب قسم کے چوپایوں پر اس کا اطلاق ہوتا ہے (مف) خواہ خشکی کے ہوں یا تری کے (منجد) تاہم اس کا استعمال زیادہ تر بھیڑ بکری اورگائے پر ہوتا ہے (منجد) بھم بھیڑ بکری کے بچہ کو کہتے ہیں (مف) اور بھیمۃ کی ایک تعریف یہ ہے کہ ایسے چوپائے (ماسوائے درندوں کے) جن میں قوت گویائی نہ ہو (منجد) اور بھم مشکل کام کو اور ابھم گونگے کو کہتے ہیں۔
3: انعام
نعم کی جمع ہے۔ گو اس لفظ اطلاق بھی درندوں کے علاوہ باقی جانوروں پر ہوتا ہے۔ تاہم اس کا استعمال زیادہ تر اونٹ کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ (ف ل 134) کیونکہ عربوں کے لیے اونٹ سے بڑھ کر کوئی نعمت نہ تھی۔ قرآن میں انعام کا لفظ تو اکیلا بھی آتا ہے۔ جیسے:
مَّتَاعًا لَّکُمۡ وَ لِاَنۡعَامِکُمۡ (سورۃ عبس آیت 32)
یہ سب کچھ تمہارے اور تمہارے مویشیوں کیلئے بنایا۔
کُلُوۡا وَ ارۡعَوۡا اَنۡعَامَکُمۡ ؕ اِنَّ فِیۡ ذٰلِکَ لَاٰیٰتٍ لِّاُولِی النُّہٰی (سورۃ طہ آیت 54)
کہ خود بھی کھاؤ اور اپنے مویشیوں کو بھی چراؤ۔ بیشک ان باتوں میں عقل والوں کے لئے بہت سی نشانیاں ہیں۔​
لیکن بھیمۃ کا لفظ (واحد کی صورت میں) اکثر انعام کے لفظ کے ساتھ آتا ہے ۔ جیسے:
لِّیَشۡہَدُوۡا مَنَافِعَ لَہُمۡ وَ یَذۡکُرُوا اسۡمَ اللّٰہِ فِیۡۤ اَیَّامٍ مَّعۡلُوۡمٰتٍ عَلٰی مَا رَزَقَہُمۡ مِّنۡۢ بَہِیۡمَۃِ الۡاَنۡعَامِ ۚ فَکُلُوۡا مِنۡہَا وَ اَطۡعِمُوا الۡبَآئِسَ الۡفَقِیۡرَ (سورۃ الحج آیت 28)
تاکہ اپنے فائدے کے کاموں کے لئے حاضر ہوں۔ اور قربانی کےایام معلوم میں مویشی چوپایوں کے ذبح کے وقت جو اللہ نے انکو دیئے ہیں ان پر اللہ کا نام لیں۔ اب اس میں سے تم خود بھی کھاؤ اور خستہ حال ضرورت مند کو بھی کھلاؤ۔
​
یا جیسے فرمایا:
اُحِلَّتۡ لَکُمۡ بَہِیۡمَۃُ الۡاَنۡعَامِ (سورۃ المائدۃ آیت 1)
تمہارے لئے چرنے والے مویشی حلال کر دیئے گئے ہیں۔
​
4: الدوّاب
دآبۃ کی جمع ہے۔ اور ہر جانور جو سطح زمین پر چلتا ہے خواہ وہ پیٹ کے بل چلے جیسے سانپ وغیرہ یا دو پاؤں پر چلے جیسے انسان۔ اور بندروں کی بعض اقسام یا چار پاؤں والا۔ جیسے وحشی جانور اور چوپائے وغیرہ خواہ وہ سواری کا ہو یا بار برداری کا۔ مذکر یا مونث سب کے لیے دابّۃ کا لفظ عام ہے (منجد) لیکن اس کا استعمال خصوص گھوڑے، خچر اور گدھے پر ہوتا ہے۔ (ف ل 134) قرآن میں تخصیص ممکن نہیں بلکہ علی الاطلاق اس کا استعمال ہوا ہے۔ ارشاد باری ہے:
وَ مَا مِنۡ دَآبَّۃٍ فِی الۡاَرۡضِ اِلَّا عَلَی اللّٰہِ رِزۡقُہَا وَ یَعۡلَمُ مُسۡتَقَرَّہَا وَ مُسۡتَوۡدَعَہَا ؕ کُلٌّ فِیۡ کِتٰبٍ مُّبِیۡنٍ (سورۃ ھود آیت 6)
اور زمین پر کوئی چلنے پھرنے والا نہیں مگر اس کا رزق اللہ کے ذمے ہے وہ اسکے رہنے کی جگہ کو بھی جانتا ہے اور جہاں سونپا جاتا ہے اسے بھی۔ یہ سب کچھ کتاب روشن میں لکھا ہوا ہے۔​
بلکہ ارض سے پہلے فی کا لفظ اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ اس میں پانی کے جانور اور پرندے بھی شامل ہیں۔
اِنَّ شَرَّ الدَّوَآبِّ عِنۡدَ اللّٰہِ الَّذِیۡنَ کَفَرُوۡا فَہُمۡ لَا یُؤۡمِنُوۡنَ (سورۃ الانفال آیت 55)
جانداروں میں سب سے بدتر اللہ کے نزدیک وہ لوگ ہیں جو کافر ہیں سو وہ ایمان نہیں لاتے۔
​
ماحصل:
  • وحوش: جنگلی جانور، درندے۔
  • بھائم: درندوں کے علاوہ باقی چوپائے، چرنے والے جانور عموماً بھیڑ، بکری اور گائے کے لیے۔
  • انعام: درندوں کے علاوہ باقی چوپائے، عموماً اونٹ کے لیے۔
  • دوّاب: زمین میں چلنے والا ہر جاندار۔
 

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

چورا چورا یا ریزہ ریزہ​

کے لیے ھشیم، حطام، غثّا (غثو)، ھباء (ھبو)، رفات، بسّ اور دکّاء کے الفاظ قرآن کریم میں آئے ہیں۔

1: ھیشم​

ھشم بمعنی کوٹنا۔ اور ھشیم کوٹی ہوئی خشک گھاس کو کہتے ہیں (منجد) اور اس سے مراد ہر قسم کی نباتات کا چورا خس و خاشاک اور بھس ہوتا ہے۔ قرآن میں ہے:
اِنَّاۤ اَرۡسَلۡنَا عَلَیۡہِمۡ صَیۡحَۃً وَّاحِدَۃً فَکَانُوۡا کَہَشِیۡمِ الۡمُحۡتَظِرِ (سورۃ القمر آیت 31)
ہم نے ان پر عذاب کے لئے ایک زور کی آواز بھیجی تو وہ ایسے ہو گئے جیسے باڑ والے کی چورا چورا ہو جانے والی باڑ۔
​

2: حطام​

حطم بمعنی توڑنا، مروڑنا، اور حطوم ایسی تند و تیز ہوا کو کہتے ہیں جو ہر چیز کو توڑ مروڑ کر رکھ دے۔ اور حطام توڑی مروڑی یا ریزہ ریزہ شدہ چیز کو کہتے ہیں (منجد) یہ لفظ کسی چیز کو روندنے اور ریزہ ریزہ کر دینے پر بھی بولا جاتا ہے۔ کچل ڈالنا (مف) ارشاد باری ہے:
اَلَمۡ تَرَ اَنَّ اللّٰہَ اَنۡزَلَ مِنَ السَّمَآءِ مَآءً فَسَلَکَہٗ یَنَابِیۡعَ فِی الۡاَرۡضِ ثُمَّ یُخۡرِجُ بِہٖ زَرۡعًا مُّخۡتَلِفًا اَلۡوَانُہٗ ثُمَّ یَہِیۡجُ فَتَرٰىہُ مُصۡفَرًّا ثُمَّ یَجۡعَلُہٗ حُطَامًا ؕ اِنَّ فِیۡ ذٰلِکَ لَذِکۡرٰی لِاُولِی الۡاَلۡبَابِ (سورۃ الزمر آیت 21)
کیا تم نے نہیں دیکھا کہ اللہ آسمان سے پانی نازل کرتا پھر اسکو زمین میں چشمے بنا کر جاری کرتا پھر اس سے کھیتی اگاتا ہے جسکے طرح طرح کے رنگ ہوتے ہیں۔ پھر وہ تیار ہو جاتی ہے پس تم اسکو دیکھتے ہو کہ زرد ہو گئ ہے پھر اسے چورا چورا کر دیتا ہے۔ بیشک اس میں عقل والوں کے لئے نصیحت ہے۔
​

3: غثآء​

بمعنی سیلاب کے پانی کے جھاگ میں پھنساہوا کوڑا کرکٹ، درختوں کے گلے سڑے پتے جو جھاگ میں ملے ہوئے ہوں (منجد) اور غثی الکلام بمعنی بات میں جھوٹ سچ ملانا۔ اور غثآء گھاس پھونس کے چورا اور کوڑا کرکٹ کو بھی کہہ دیتے ہیں (مف) قرآن میں ہے:
وَ الَّذِیۡۤ اَخۡرَجَ الۡمَرۡعٰی فَجَعَلَہٗ غُثَآءً اَحۡوٰی (سورۃ الاعلی آیت 4، 5)
اور جس نے چارہ اگایا۔ پھر اس کو سیاہ رنگ کا کوڑا کر دیا۔​

4: ھبآء​

گرد و غبار جسے ہوا اڑاتی پھرے۔ اڑتی ہوئی خاک (ف ل 256) مٹی کے باریک ذرات جو ہوا میں پھیلے ہوئے ہوتے ہیں۔ اور الھبوۃ گرد و غبار کے بگولے کو کہتے ہیں (منجد) قرآن میں ہے:
وَ قَدِمۡنَاۤ اِلٰی مَا عَمِلُوۡا مِنۡ عَمَلٍ فَجَعَلۡنٰہُ ہَبَآءً مَّنۡثُوۡرًا (سورۃ الفرقان آیت 23)
اور جو انہوں نے عمل کئے ہوں گے ہم انکی طرف متوجہ ہوں گے تو انکو بکھرا ہوا غبار کر دیں گے۔
​

5: رفات​

رفت بمعنی توڑنا ور کوٹنا (منجد) اور رفات بمعنی کوٹی ہوئی چیز، بوسیدہ (منجد) اور اس لفظ کا استعمال بوسیدگی کی وجہ سے چورا چورا ہونے پر ہوتا ہے۔ قرآن میں ہے:
وَ قَالُوۡۤاءَ اِذَا کُنَّا عِظَامًا وَّ رُفَاتًاءَ اِنَّا لَمَبۡعُوۡثُوۡنَ خَلۡقًا جَدِیۡدًا (سورۃ بنی اسرائیل آیت 49)
اور کہتے ہیں کہ جب ہم مر کر بوسیدہ ہڈیاں اور چور چور ہو جائیں گے تو کیا ازسرنو پیدا ہو کر اٹھیں گے؟
​

6: بسّ​

بمعنی پتھروں کا ریزہ ریزہ ہونا (مف) اور صاحب مقائیس اللغۃ کے نزدیک اس کے بنیادی معنی دو ہیں (1) کسی چیز کا چورا کرنا (2) اسے کس دوسری چیز میں ملا دینا۔ قرآن کریم سے ان دونوں معنوں کی تائید ہوتی ہے۔ ارشاد باری ہے:
وَّ بُسَّتِ الۡجِبَالُ بَسًّا فَکَانَتۡ ہَبَآءً مُّنۡۢبَثًّا (سورۃ الواقعۃ آیت 5، 6)
اور پہاڑ ٹوٹ کر ریزہ ریزہ ہو جائیں۔ پھر غبار ہو کر اڑنے لگیں گے۔​

7: دکّآء​

دکّ کے بنیادی معنی دو ہیں (1) کوٹنا اور پھر (2) اسے ہموار کرنا (م ل) یعنی کسی چیز کو کوٹ کر اور ریزہ ریزہ کر کے اسے زمین کے برابر کر دینا (مف) قرآن میں ہے:
فَلَمَّا تَجَلّٰی رَبُّہٗ لِلۡجَبَلِ جَعَلَہٗ دَکًّا وَّ خَرَّ مُوۡسٰی صَعِقًا ۚ (سورۃ الاعراف آیت 143)
پھر جب انکے پروردگار نے پہاڑ پر تجلی کی تو اسکو ریزہ ریزہ کر دیا۔ اور موسٰی بے ہوش ہو کر گر پڑے۔
​
دوسرے مقام پر ہے:
قَالَ ہٰذَا رَحۡمَۃٌ مِّنۡ رَّبِّیۡ ۚ فَاِذَا جَآءَ وَعۡدُ رَبِّیۡ جَعَلَہٗ دَکَّآءَ ۚ وَ کَانَ وَعۡدُ رَبِّیۡ حَقًّا (سورۃ الکہف آیت 98)
بولا کہ یہ میرے پروردگار کی مہربانی ہے پھر جب میرے پروردگار کا وعدہ آ پہنچے گا تو اس کو ڈھا کر ہموار کر دے گا اور میرے پروردگار کا وعدہ سچا ہے۔
​
ماحصل:
  • ھشیم: ہر قسم کی نباتات کا خشک چورا، بھس۔
  • حطام: خشک نباتات، وہ چورا جو روندے اور کچلے جانے سے بنا ہو۔
  • غثاء: خس و خاشاک، کوڑا کرکٹ،
  • ھباء: گرد و غبار، ہر چیز کے اڑتے پھرتے ذرات۔
  • رفات: بوسیدگی کی بنا پر کسی چیز کا چورا چورا ہونا۔
  • بسّ: پتھر یا کسی سخت چیز کا چورا چورا ہونا۔
  • دکّاء: کسی چیز کا چورا چورا ہو کر زمین بوس ہو جانا۔
 
Top