مترادفات القرآن (خ)

فاطمہ طاہرہ

وفقہ اللہ
رکن

خیمہ – سائبان​

کے لیے خیام، ظلّۃ اور سرادق (سردق) کے الفاظ آئے ہیں۔

1: خیام​

خیمہ کی جمع۔ خیمہ معروف لفظ ہے۔ دھوپ اور بارش سے بچاؤ کے لیے موٹے کپڑے یا ٹاٹ کے بنائے ہوئے سائبان جن کے اوپر عموماً چھت نہیں ہوتے بلکہ ڈھلوان دار ہوتے ہیں۔ اور صاحب منجد کے نزدیک ہر وہ پردہ دار گھر جو اینٹ پتھر اور مٹی سے نہ بنا ہو۔ اور خیم اونٹ کی عماری اور ہودے کو بھی کہتے ہیں (منجد)۔ قرآن میں ہے:
حُوۡرٌ مَّقۡصُوۡرٰتٌ فِی الۡخِیَامِ (سورۃ الرحمن آیت 72)
وہ حوریں ہیں جو خیموں میں محفوظ ہیں۔
​

2: ظلّۃ​

ایسا سائبان ہے جس کی چھت ہی چھت ہو دیواریں نہ ہوں۔ ظلّۃ چھتری کو بھی کہتے ہیں اور ظلیل سایہ دار درخت کو (منجد) اور ظلّ بمعنی سایہ (جمع ظلال) اور ظلّا ظلیلا بمعنی لمبے اور گھنے سایے۔ ارشاد باری ہے:
وَ اِذۡ نَتَقۡنَا الۡجَبَلَ فَوۡقَہُمۡ کَاَنَّہٗ ظُلَّۃٌ وَّ ظَنُّوۡۤا اَنَّہٗ وَاقِعٌۢ بِہِمۡ ۚ (سورۃ الاعراف آیت 171)
اور جب ہم نے ان کے سروں پر پہاڑ اٹھا کھڑا کیا گویا وہ سائبان تھا اور انہوں نے خیال کیا کہ وہ ان پر گرتا ہے۔
​

3: سرادق​

سردق کی جمع ہے اور فارسی سے معرب ہے۔ ایسا شامیانہ جس کی صرف دیواریں ہوں۔ قناتیں جیسے بیاہ شادیوں کے موقعہ پر استعمال کیے جاتے ہیں۔ ارشاد باری ہے:
اِنَّاۤ اَعۡتَدۡنَا لِلظّٰلِمِیۡنَ نَارًا ۙ اَحَاطَ بِہِمۡ سُرَادِقُہَا ؕ (سورۃ الکہف آیت 29)
ہم نے ظالموں کے لئے دوزخ کی آگ تیار کر رکھی ہے جسکی قناتیں انکو گھیر رہی ہوں گی۔
​
 
Top