بسم اللہ الرحمن الرحیم اللہ تعالیٰ نے انسان کو آسانی کا خوگر بنایا ہے،اس کی فطرت ہے کہ یہ ہر کام میں آسانی کو تلاش کرتا ہے، چاہے اس کے لئے یہ کتنا بھی پریشان کیوں نہ ہوجائے،کتنی ہی تکلیف کیوں نہ اٹھائے اور خواہ کیسی ہی مشکلوں سے دوچار ہوجائے۔ایک شخص کسی راستے کو ہموار کرنے کیلئے بعض اوقات ایسی ایسی مشقتیں جھیل جاتا ہے کہ اگر تمام عمر ناہموار راہ پر چلتا رہے تب بھی اتنی تکلیف اسے سہنی نہ پڑے ۔
دنیا میں جتنی آسانیاں آج ہمارے گردوپیش بکھری ہوئی ہیں یہ آسانی سے وجود میں نہیں آگئی ہیں بلکہ ان کے لئے بڑی بڑی پریشانیاں اٹھائی گئیں ہیں تب کہیں جاکر یہ ہاتھ لگ سکی ہیں ،اسی طرح جوبھی بڑی یا چھوٹی شے وجودمیں آئی ہے تو وہ بھی اسی طرح وجودمیں آسکی ہے کہ انسان کم وقت کے لئے بڑی دشواری سے دوچار ہوکر زیادہ وقت کے لئے آسائش حاصل کرنے کی خواہش فطری طور پر رکھتا ہے ،اس کی یہی خواہش اس کو غور وخوض کی دعوت دیتی ہے، یہی چاہت اس پر نت نئی چیزوں کے ایجاد کی راہیں روشن کرتی ہے اور اس کی یہی فطرت اس کو سیماب کی طرح متحرک کئے ہوئے ہے ،اس کا یہ معاملہ ہر چیز کے ساتھ ہے چاہے وہ زبان ہو یا مکان ،سواری ہو کہ بیماری،سیروسیاحت ہو یا حکومت وسیادت،جنگ وجدل ہو کہ انصاف وعدل ،الغرض ہر ہر میدان میں اس نے تصرفات و تغیرات کے وہ کارنامے انجام دئیے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کی بے شمار نعمتیںپردۂ غیب سے نکل کر انسان کے ہاتھ میں آگئیں،اور بعض نعمتیں نعمت دیگر میں بدل گئیں ،اللہ کی انھیں بے شمار نعمتوں میں سے ایک بڑی نعمت کیلنڈر بھی ہے ،جو انسانوں کی صدیوں کی محنت شاقہ کے بعد وجود میں آیا اور پھر جانے کتنے دماغوں کو تھکا کر اس حال کو پہنچا ہے کہ جس میں ہم اسے دیکھتے ہیں۔دنیا میں ترقی او ردور تاریخ کے بعد بہت سے کیلنڈر منشۂ وجود پر جلوہ گر ہوئے ،اور بہت سے ناپید ہوئے ،فی زمانہ بھی دنیا میں کئی ایک کیلنڈر معلوم ومشہورہیں مثلاً بکرمی، پارسی،انگریزی، اسلامی وغیرہ تو اچھے خاصے مشہور ہیں، ان کے علاوہ بھی چین ،فرانس ،وغیرہ میں دوسرے قومی ، تہذیبی،اورتمدنی کیلنڈروں کا وجود معلوم ہے ،لیکن ان کیلنڈروں کی حیثیت مقامی،مذہبی،یا محض روایتی اور عصبی ہے ،اگر کسی کیلنڈر کو اس زمانہ میں رائج الوقت کہا جا سکتا ہے تو بلا شبہ وہ انگریزی کیلنڈر ہے ۔
دنیا کے ہر ملک اور قوم کی خواہش ہوتی ہے کہ اس کا سن اورکیلنڈر دنیا میں رائج ومشہور ہوجائے ،کیونکہ (۱) اس سے اپنی تہذیب فروغ پاتی ہے (۲) اپنی تاریخ دنیا پر روشن ہوتی ہے (۳) اپنا قومی شعار بلند ہوتا ہے (۴) دنیا پر تہذیبی فوقیت ثابت ہوتی ہے (۵) اپنے تاریخی واقعات پر تیقن حاصل ہوتاہے۔
اسلام تو ایک زبردست دعوتی تحریک اور الہی دین ہے، وہ تو ہر ایک شے پر گرفت کرتااور اپنی چھاپ ڈالتا ہے ،بھلا وہ کیوں نہ چاہے گا کہ دنیا کے لوگ اسکے مختار بہ کیلنڈرکو اپنائیں اور اسی کے سن کواختیار کریں جس کی تقویم قمری اورجس کی ابتدا ہجرت ِنبوی سے ہے ۔
علما ء اسلام ہمیشہ اس بات کی تلقین کرتے رہے ہیں کہ مسلمانوں کو ہجری تقویم اختیار کرنی چاہئے اور اس بات پر ہمیشہ افسوس کا اظہار کرتے رہے ہیں کہ اہل اسلام بھی دوسری اقوام کی دیکھا دیکھی شمسی کیلنڈر اور انگریزی سن کو اختیار کررہے ہیں ۔معارف القرآن کا ایک اقتباس ملاحظہ ہو،
’’یسئلونک عن الاھلۃ۔۔اس آیت سے معلوم ہوا کہ چاند کے ذریعہ تم کو تاریخوں اورمہینوں کا علم ہو جائیگا جس پر تمہارے معاملات وعبادات حج وغیرہ کی بنیاد ہے ۔
شریعت اسلام نے چاند کے حساب کو اس لئے اختیار فرمایا کہ اس کو ہر آنکھوں والا افق پر دیکھ کر معلوم کر سکتاہے ،عالم ،جاہل،دیہاتی،جزیروں کے رہنے والے ،جنگلی سب کو اس کا علم آسان ہے،بخلاف شمسی حساب کے کہ وہ آلات رصدیہ اورقواعد ریاضیہ پر موقوف ہے جس کو ہر شخص آسانی سے معلوم نہیں کر سکتا ۔۔۔۔۔اس زمانے میں تمام دفتروں اور کاروباری اداروں بلکہ نجی اور شخصی مکاتبت میں بھی شمسی حساب کا ایسا رواج ہو گیا ہے کہ بہت سے لوگوں کو اسلامی مہینے بھی پورے یاد نہیں رہے ،یہ شرعی حیثیت کے علاوہ غیرت قومی وملی کا بھی دیوالیہ پن ہے ،اگر دفتری معاملات میں جن کا تعلق غیر مسلموں سے بھی ہے ان میں صرف شمسی حساب رکھیں باقی نجی خط وکتابت اور روز مرہ کی ضروریات میں قمری اسلامی تاریخوں کا استعمال کریں تو اس میں فرض کفایہ کی ادائے گی کا ثواب بھی ہو گااور اپنا قومی شعار بھی محفوظ رہے گا ۔
یہ بات تو بے شک درست ہے کہ ان لوگوں کے لئے کہ جو کسی ایسی جگہ پر ہوں کہ جہاں کوئی طریقہ تاریخ معلوم کرنے کا موجود نہ ہو قمری تاریخ کا معلوم کرنایا کم ازکم مہینے کے اتار یا چڑھاؤ کو معلوم کرنا شمسی تاریخ ومہینے کے مقابلے آسان ہے لیکن اگر غور کریں تو یہ آسانی اس طرح کی ہے جیسی ایلو پیتھک دوائیوں کے مقابلے میں دیسی خمیرے اور معجونیات کی،کیونکہ ایلو پیتھک ٹیبلیٹس اور سیرپس بنانے کا عمل اتنا پیچیدہ ،لمبا اور مشینوں وآلات مختلفہ اور مہارت ومشاقی کا محتاج ہے کہ ہر کسی کے لئے اس کا سمجھ پانا بھی آسان نہیں جبکہ دیسی خمیرے معجونیات و دیگر مرکبات کو ہر شخص عالم وجاہل ،شہری و دیہاتی بآسانی بنا سکتا ہے کیونکہ نہ اس کو مشینوں کی ضرورت ہے نہ بجلی کی اور نہ کسی خاص علم کی او ر نہ کسی خاص جگہ کی ،لیکن ہر شخص جانتا ہے کہ اس کے باوجودیہ ایک اٹل حقیقت ہے کہ فی زمانہ ایلو پیتھک دوائیاں اتنی آسانی او راتنی افراط کے ساتھ دستیاب ہیں کہ ان کے حصول کے مقابلے میں دیسی دوائیوں کی کوٹ چھان مشکل عمل بن چکا ہے۔
درد سر کے واسطے صندل لگانا ہے مفید
اس کا گھسنا اور لگانا درد سر سے کم نہیں
اس معاملے کو ہر ذی ہوش و شعور جانتا ہے کہ کل جو چیزیں آسان تھیں ضروری نہیں کہ وہ آج بھی آسان ہی ہوں ،مثال کے طور پر بیل گاڑی کا بنوانا اور خریدنا کل تک بہت آسان تھا لیکن آج اگر آپ بیل گاڑی بنوانا چاہیں تو آپ کو بہت زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا ہوگا کاری گرنہیں ملے گا مناسب لکڑی نہیں ملے گی وغیرہ وغیرہ ، اس کے مقابلے میں کار کا حصول آسان ہے حالانکہ وہ مہنگی بھی ہے اور اس کی تیاری کا عمل بیل گاڑی کی تیاری کے عمل کے بالمقابل بے حد پے چیدہ اور طویل ہے ۔
اور یہ بات بھی معلوم ہے کہ شریعت اسلامی اس دنیا کی سب سے آسان شریعت ہے ،تو ہر گز یہ بات گلے اترنے کے لائق نہیں ہے کہ اسلام نے اس نظام کو ایسی حالت میں منجمدکردیا ہوگاجب کہ یہ غیر یقینی ،نا معلوم وغیر معینہ ہو ،جبکہ قرآن کریم کے مطالعے سے یہ بات واضح ہوجاتی ہے کہ در حقیقت چاند کا نظام ہی حساب کے زیادہ لائق ہے اور اس کا کیلنڈر تیار کر لینا ہر گز نا ممکن نہیں۔
ھوالذی جعل الشمس ضیا ءاً والقمر نوراً وَّقدرہٗ منازل لتعلموا عددالسنین والحساب (یونس ۶)
اس نے ہی سورج کو روشن اور چاند کو نورانی بنایا اور اس کے لئے منزلیں متعین کردیں تاکہ تم سالوں کے عدد اور مہینوں کا حساب معلوم کر سکو
دوسری جگہ ارشادباری تعالیٰ ہے
والقمر قدرنٰہ منازل حتٰی عادکالعرجون القدیم (یٰس ۳۹)
یعنی ہم نے چاند کی منزلیں مقرر کردی ہیں یہاں تک کہ وہ پھرکھجور کی پرانی ڈال کی طرح ہو جاتا ہے ۔
علماء سلف نے چاند کی منازل کی تعداد اٹھائیس بتلائی ہے بلکہ بعض علما نے تو ان کے نام تک لکھ دئیے ہیں، چنانچہ امام قرطبی نے اپنی تفسیر میں ان اٹھائیس منازل کا بالتفصیل تذکرہ فرمایا ہے اور ان کے اسما تحریر فرمائے ہیں ،اسی طرح دوسرے ائمہ نے بھی ان منازل کا ذکر لکھا ہے اور بتایا ہے چاند ہر روز ایک منزل میں مستقر ہوتا ہے اور پھر آخر سے اول کی طرف لوٹ آتا ہے یہ تمام باتیں اس بات کو ثابت کرتی ہیں کہ دراصل چاند ہی کیلنڈر کے لئے زیادہ موزوں ہونا چاہئے ،اور یہ کہ اگر اس سلسلے میں محنت اور کوشش کی جائے تو یہ بات بالکل ممکن ہو نی چاہئے کہ چاند کا ایک درست اور قابل اعتماد کیلنڈر بنایا جا سکے ۔
اب سوال اس بات کا ہے کہ کیا کیا اسلام اس بات کی اجازت دیتا ہے کہ چاند کا کیلنڈر بنا کر اس پر عمل کیا جائے یا اسلام کا مزاج یہی ہے کہ کوئی کیلنڈر نہ ہو،اور ہر مہینے چاند کے دیکھنے کا باقاعدہ اہتمام ہو اور چاند کو دیکھ لینے کے بعد ہی اس کی تا ریخ کا یقین اور اعلان کیا جائے ؟
برصغیر(خصوصاًہندوپاک )کے علمامیں احتلاف ہے بعض کا رجحان تو یہی ہے کہ چاند کا حساب کیلنڈر سے نہیں بلکہ روئیت سے ہونا چاہئے جبکہ بعض کا اس بات کے حق میں بھی ہیں کہ کیلنڈر بنانا بہت ضروری ہے اور اس سے امت کے شعار کا تحفظ ہوگا اور امت کے آپسی اتحاد میں مدد ملے گی ۔
غور کرنے سے معلوم ہو تا ہے کہ شریعت مطہرہ نے جن امور میں مواقیت کا اعتبار کیا ہے ،ان میں اصل روح ان مواقیت کا تعین و تیقن ہے ، اس کا ذریعہ خواہ کوئی بھی ہو ،بلکہ جس ذریعہ سے اس کے تعین میں جسقدر تیقن زیادہ ہوگااس ذریعہ کے اختیا رکا جوازو وجوب اسی مناسبت سے بڑھتا چلا جائیگا جیسے روزہ کے سحرو افطار میں صاف صاف حکم موجود ہے ،
کلو واشربواحتیّٰ یتبین لکم الخیط الابیض من الخیط الاسود من الفجر (البقرۃ ۱۸۷)
جب تک تمہاری آنکھیں طلوع فجر کے سفید خط کی خط سیاہ سے الگ تمیز نہ کر لیں کھاتے پیتے رہو
اب غور کیجئے کہ یہاں یہ ہر گذ ضروری نہیں ہے کہ صبح صادق کے نمود کا علم صبح صادق کے ذریعہ ہی ہونا ضروری ہو بلکہ تجربہ ،مشاہدہ،قواعد ریاضیہ اور آلات رصدیہ کے ذریعہ سحر کے نمود کا جو وقت متیقن ہوگا وہ ہی وقت صوم کے لئے متعین ہوگا چنانچہ اس کے لئے جنتریاں اور اوقات الصلوۃ کے چارٹ بنالئے گئے ہیں جو ریاضی دانوں کے باربار کے مشاہدے کے بعد پایۂ یقین کو پہنچ چکے ہیں، تو اب جب ایک معیاری وقت سے ملی ہوئی گھڑی اس بات کا اعلان کر دیگی کہ صبح ہو چکی ہے توفوراًصوم واجب اور کھانا حرام ہوجا ئے گااور اب آپ یہ کہہ کر کچھ کھا نہیں سکتے کہ ہمیں ابھی تک صبح صادق نظر نہیں آئی ہے، پوری دنیا میں انہیں بنیادوں پر سحر وافطار کے نقشے بنائے جا رہے ہیں اور امت بلا کسی تردد کے ان پر عمل کر رہی ہے، اور کسی نے نہ اس پر نکیر کی ہے اور نہ یہی کہا ہے کم سے کم جہاں اور جب مطلع صاف ہوا کرے، تب تو خطوط ابیض واسود کا مشاہدہ ضرور ہی کر لینا چاہئے ۔
لہذا ہم یہ تو کہہ سکتے ہیں کہ جن جگہوں پر جنتری اور گھڑی وغیرہ کی سہولت نہ ہو،اور وہاں مطلع کو دیکھ کر طلوع وغروب کا علم حاصل کیا جاتا ہو، تو وہاں کے لوگوں کے صوم وصلوۃکی فرضیت مطلع کے اعتبار سے ہی ہو گی، لیکن ان کے اس مشاہدۂ طلوع وغروب کو آپ اس پر دلیل بنا کر پیش نہیں کر سکتے کہ جب وہ لوگ مطلع سے یہ سب کام لے سکتے ہیں، تو ہم کیوں ایسا نہیں کر سکتے ؟اور ہمیں جنتریاں بنانا کیونکر جائز ہو سکتا ہے ؟
تو جب ایک ایسے حکم میں کہ جو صریحاً قرآنی ہے، ہم یہ سہولت نکال سکتے ہیں اور اس کو بطیبِ خاطر تمام امت عمل میں لا سکتی ہے، تو چاند کے معاملے میں بھی ہم اسی طرح قواعد ریاضیہ کے اعتبار سے کیلنڈربنا سکتے ہیں اور یہ کام ہر گذ خلاف شریعت نہیں ،کیونکہ شریعت نے جوبرس مہینو ں کی تعداد کو متعین کیا ہے اور ان میں نسی یا لون کے طریقے کو زیادتیِ کفر قرار دیا ہے تو اس کا سبب یہ ہے کہ اس طریقے میں مصلحت رب فوت ہوتی ہے اور وہ یہ کہ مہینوں کے تداول کی صورت میں نوع انسانی کے جو فوائد مضمر وظاہر ہیں، ان سے انسان محروم ہو جاتا ہے ،مثلاًچاند کے مہینے ۳۶ برس میں سال کا ایک چکر پورا کر لیتے ہیں رمضان کے روزے اسی حساب سے گھوم رہے ہیں چند سال پہلے جنوری میں تھے، جب بر صغیر میں ٹھنڈ ہوتی ہے ،اور دن چھوٹے ہوتے ہیں، کچھ سالوں کے بعد یہاں کے لوگ بڑے دنوں کے روزے رکھیں گے اور افریقہ کے لوگ چھوٹے دنوں کے روزے۔ اس طرح گویا ۳۶ برسوں میں ہر علاقے کے لوگ ہر طرح کے موسم سے گذر جاتے ہیں تو اس طرح ہر مزاج کا آدمی اپنے دینی اسفار اور اعمال کو انجام دے سکتا ہے ،اگر لون نسی یا شمسی نظامِ تقویم کے ذریعے ان مہینوں کی تدویل روک دی جائے تو یہ سہولت بند ہو جا ئے گی،لہذا شریعت نے ایسے نظام کو کیلنڈر کے لئے چنا جس میں مہینوں کی تدویل جاری رہے اور جو لوگ ایک موسم میں دینی اعمال انجام دینے سے شرعاًمعذور ہوں وہ دوسرے موسم میں ان کی ادائیگی یا قضا کرسکیں ،چنانچہ انماالنسیٔ زیادۃ فی الکفر الخ کی تفسیر میں مفسرین اس بات کی تشریح کرتے آئے ہیں کہ مشرکین مکہ ان مہینوں کو اپنی سہولت کے اعتبار سے ان کی جگہوں سے ہٹا دیا کرتے تھے چنانچہ اس بات کی تمیز ہی جاتی رہی تھی کہ یہ مہینہ در اصل ہے کون مہینہ ؟ چنانچہ حضرت مجاہد ؒفرماتے ہیں کہ مشرکین مکہ ایک مہینے میں دو سال حج کیا کرتے تھے، ذوالحجہ میں دو سال ،پھر محرم میں دو سال ،پھر صفر میں دو سال،اسی طرح پورے سال میں (گویایہ بھی لون جیسا ہی ایک طریقہ تھا،اسی کو قرآن نے نسی کا نام دیا ہے، اس طریقے میں بھی مہینوں کے نام تو بدلیں گے مگر موسم یکساں بنا رہے گا جو مصلحت شرع شریف کے خلاف ہے )چنانچہ حضرت ابوبکر کا حج جو سن ۹ہجری میں کیا گیا وہ ذوالقعدہ میں ہوااور حضور ﷺ کا حج ذوالحجہ میں ہوا ،اس حدیث(اس سال مہینے اس جگہ آگئے ہیں جہاں اللہ تعالیٰ نے انہیں تخلیق کیا تھا )کا یہی مطلب ہے (انتہی)
یہاں یہ بات بھی قابل تذکرہ ہے کہ وقت کسی بڑے سے بڑے نظام کا بھی پابند نہیں ہوتا ،چنانچہ دنیا کی سب سے صحیح تسلیم کی گئی گھڑی بگ بین وقت کی پابند ہے ناکہ وقت اس کا پابند ،اسی طرح کیلنڈر کا پابند چاند یا اس کی تاریخ نہیں ہوگی بلکہ کیلنڈر ہی چاند کا پابند ہوگا اور یہ ہمیں وہی فائدہ دیگا جو فائدہ وقت کے سلسلے میں ہمیں گھڑی دیتی ہے ،اس سے یہ سمجھناغلط ہے کہ پھر چاند کی تاریخ چاند کے وجود یا پیدائش کے بجائے کیلنڈر سے تبدیل ہوگی،کیلنڈر سے ہمیں یہ فائدہ ہوگاکہ چاند کی تاریخ ایک بین الاقوامی تاریخ بن جائے گی اور پوری امت ایک ہی تاریخ بولے اور لکھے گی۔
آج جب کہ دنیا مکانی اعتبارسے ایک گاؤں بن چکی ہے تو زمانی اعتبار سے بھی اس کی ضروریات میں نمایاں فرق واقع ہو چکاہے، لہذا اب سالوں کے نظام الاوقات ہی نہیں بلکہ صدیوں کے شیڈول بنانا بھی انسانی ضروریات میں داخل ہے،کیا ایسے دور میں کوئی ایسا سن لوگوں کے لئے معمول بہ بن سکتا ہے جس کا نہ کوئی نظام ہو ،نہ کوئی کیلنڈر ہواور جس کی پہلی تاریخ کو ایک دن پہلے جاننا بھی ممکن نہ ہو کہ کل ہے یا پرسوں ؟بلکہ جس کی تاریخوں کا اختلاف بعض اوقات پورے مہینے بنا رہتا ہو ؟سال ۱۴۲۹ ہجری کے شعبان کو ہی لیں اس کی پہلی تاریخ ایک کیلنڈر کے مطابق ۶ا؍گست ۲۰۰۸ کو ہے دوسرے کے مطابق ۴ا؍گست کو تیسرے کے مطابق ۳ ۱؍کو اور رؤیت کے اعتبار سے جو تاریخ مختار بہ سامنے آئی ہے اس کے مطابق ۲اگست کو ہے(اس طرح صرف چار کیلنڈروں کا تاریخی اختلاف حالات حاضرہ میں چار ایام تک جا پہنچا ہے اور اس تماشہ کو دیکھنے کے لئے کسی ثبوت کی ضرورت نہیں بلکہ چند محتلف کیلنڈر ہاتھ میں لیکر جب چاہے اس شرمناک تماشہ کو ملاحظہ کرلیں) اسی طرح اگر آپ کسی گذشتہ تاریخ کی ایام سے مطابقت متعین کرنا چاہیں گے تو بھی آپ کے ہاتھ مایوسی ہی آئیگی،اورحتمی اور یقینی مطابقت کے لئے آپ بادل ناخواستہ مجبو ر ہونگے کہ سن عیسوی کاسہارا لیں ،تاریخ جیسی حتمی شے میں جس امت کو اس قدر لا یعنی اور ناکردہ اختلافات کا سامنا ہو اس کے دوسرے معاملات کیونکر اتفاق واتحاد پر مبنی ہوسکتے ہیں اس کو سمجھنا کچھ مشکل نہیں ۔
انگریزی سن کی مقبولیت اور اسکے رواج کے اسباب ذہنی غلامی یا مرعوبیت نہیں بلکہ اس سن کے کیلنڈر کی معقولیت اور تعیین ہے ،اسکے اصولِ تعیین چونکہ متعین اور معلوم ومعقول ہیں لہذا دنیا کے لئے اس کو بنیاد بنا کر اپنے منصوبہ جات کو نظام الاوقات کے تحت نصب کرنا اور ان پر عمل کرنا آسان ہے، اس کی اسی ایک خوبی نے اسے دنیا کے لئے قابل استعمال بنا رکھا ہے کیونکہ تواریخ کے تعین کا بین الاقوامی نظام انسان کی لازمی ضروریات میں سے ہے ،او ر ہمیں بین الاقوامی تو کیابین القومی تقویم بھی حاصل نہیں،اسکول،کالج ،کچہری ، تھانہ،پارلیمان،سفارت خانہ اور اسفار ونقل وحمل کے ذرائع کو چھوڑدیجئے ۔مدرسہ ،خانقاہ،مسجداور دیگر خالص اسلامی اور مسلمانی معاملات کو لیجئے ہمیں جلسے کی تاریخ مقرر کرنی ہے ؟مدرسہ کے امتحانات کا نظام نصب کرنا ہے ؟رجسٹروں کی خانہ پوری کرنی ہے ؟نکاح یا عقیقے کی تاریخ رکھنی ہے ؟کیاہم مجبور نہیں ہیں کہ انگریزی سن کے دست نگر بنیں ؟کیونکہ ہمارے پاس تو کیلنڈر ہے ہی نہیں ۔
وہ مذہب جس نے ہمیں ہر چھوٹے اور بڑے مسئلے میں راہنمائی عطا کی ہے ،وہ دین جو انسان کی تمام فطری ضروریات کا احاطہ کرتا ہے ،وہ شریعت جو کھانے میں، لباس میں ،معاملات میں ،سفراور حضرمیں ،سیاست میں،حکومت میں،غلامی ،مفلسی تنگدستی میں،بیماری اور تندرستی میں یہاں تک کہ بیت الخلااور غسل خانے میں بھی ہمارے ساتھ رہنمائی کو موجود رہتی ہے ،ہم کیسے مان لیں کہ اس معاملے میں ہمیں اندھیرے میں چھوڑکرالگ ہو گئی ہے ؟
ظاہر ہے کہ اسلام نے تو ایک اچھا خاصا اور پیارا نظام ہمارے ہاتھ سونپا ہے ،اور خوب خوب واضح کردیا ہے کہ یہی نظام کاتب تقدیر نے انسانوں کے لئے سنین کا حساب رکھنے کے لئے وضع کیا ہے، چنانچہ سورۂ یونس کی آیت جس کو ہم پہلے ہی لکھ چکے ہیں ہواللذی جعل الشمس ضیاء اوالقمر نوراًوقدرہٗ منازل لتعلموا عددالسنین والحساب
وہی تو ہے جس نے سورج کو روشن بنایا اور چاند کو نور والا اور اس کی گردش کی منزلیں صحیح انداز سے مقرر کردیں تاکہ تم برسوں کی گنتی اور حساب معلوم کر سکو ۔
قمری کیلنڈر کے صحیح بنا نے کے امکان کی بالکل معقول اور مضبوط دلیل ہے ،عرب ممالک میں انہیں بنیادوں پر قمری کیلنڈر بنالیا گیاہے اور وہ وہاں معمول بہا ہے ،ہو سکتا ہے کہ بعض لو گوں کو یہ شبہ ہوکہ اس طرح حتمی تاریخ اگر حاصل نہ ہو سکے تو کیا ہوگا اس کا جواب یہ ہے کہ رؤیت بھی حتمی تاریح دینے سے عاجز ثابت ہو چکی ہے ایک ہی ملک اور ایک ہی صوبے میں مختلف دنوں میں عیدورمضان واقع ہونا کسے معلوم نہیں؟ ظاہر ہے کہ اس طرح سب کی عید بھی درست ہو جاتی ہے اور روزے بھی ،اور جب تک لوگوں پر یہ بالکل کھل نہ جائے کہ ان کا روزہ آگے پیچھے ہوگیا ہے تب تک ان پر قضا واجب نہیں ہوتی ،پس اس صورت حال میں بھی یہی ہوگا کہ اگر چاند کا نکلنا حتمی طور پر معلوم ہو جائے گا تو اسلامی عبادات اس کیلنڈر کی محتاج ہر گذنہ ہونگی،اس طرح ممکن ہے کہ رمضان کا پہلا روزہ کیلنڈر کے حساب سے دو رمضان کو ہو مگر جب منازل کے قواعد کو سمجھ کر ریاضی داں لوگ اس کی تعیین وتشکیل کریں گے تو ایسا ہو نا بہت ہی مشکل ہوگا،یہ نکتہ سمجھنے کے قابل ہے کہ کیلنڈر کے نظام میں جو چیز سب سے ضروری اور لازمی ہے وہ اس کا بین الاقوامی ہونا اور اسکے اعدادکا باضابطہ اور متعین ہونا ہے ،اس کے بغیر کوئی کیلنڈر قابل استعمال ہو نہیں سکتا ۔
یہی وجہ ہے آج صورت حال یہاں پہنچ چکی ہے کہ خود مسلمانوں میں ایک بہت بڑا طبقہ ایسا ہے جو نہیں جانتا کہ اسلام کا کوئی اپنا سن بھی ہے اور یہ کہ اس کی بنیاد کیا ہے ؟غیر مسلم حضرات تو بھلا کیا جانیں ؟
اب ضرورت ہے کہ وہ لوگ جو اس بات کا درد رکھتے ہیں کہ یہ امت اپنے سن اور اپنے کیلنڈر کو اپنائے اور اپنے شعائرو تشخص کوقائم رکھے ان کوچاہئے کہ چند لوگوں کی مخالفت کے باوجود جہاں دوسرے بہت سے کام انجام دئیے جا رہے ہیں ،اس کام کو بھی ترجیحی بنیادوں پر اٹھاکر امت کی سرخروئی کاسامان کریں ۔کیونکہ اس صورت حال نے امت کو سوائے اختلاف و ذلت کے کچھ نہیں دیا ۔
پھر ایسا بھی تو نہیں ہے کہ اس صورت حال نے قمری کیلنڈر وں کو بننے سے روکدیا ہو ،ہمارے مدرسوں ،خانقاہوں ،اور تمام دینی اور ملی اداروں میں نام نہاد اسلامی اور قمری کیلنڈر لٹکے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں لیکن یہ محض فضول ہیں کیونکہ یہ نہ تو کسی اصول تعیین پر مبنی ہوتے ہیں ،نہ حتمی ،نہ متحد اور نہ ہی عالمی لہذ ان کو کیلنڈر کہنا بھی درست نہیں یہ محض اٹکل اور اندازے پر مبنی ہیں جو بسا اوقات صحیح بھی ہو سکتا ہے ۔
لیکن تعجب ہے ان لوگوں پر جو قمری تواریخ کی وکالت بھی کرتے ہیں کیلنڈر کی غیر روئیتی تعیین کی بھی زبردست مخالفت کرتے ہیں اور ان کیلنڈروں کو بھی کبھی نہ حرام بتلاتے ہیں نہ ناجائزبلکہ ان کو خوب استعمال میں لاتے ہیں ،تو کیا ان کا غیر شعوری منطقہ صرف یہ نہیں ہے کہ ان کو امت کے اس اختلاف سے ہی محبت ہے ،یاد رکھنا چاہئے کہ یہ اختلاف ہر گز اس اختلاف کا حصہ نہیں ہو سکتاجسے رحمت کہا گیاہے ،لہذا اس کو ختم کرنے کی ہر ممکن کوشش کرنا ہر مسلمان کا فرض ہے ، یہ اس وقت کی بڑی ،اہم اور فوری ضروریات میں سے ہے کہ ایک بین الاقوامی کیلنڈر پر اتفاق کرکے پوری امت مرحومہ اس پر عمل کرے ۔میں اس پوسٹ کے ذریعے الغزالی فورم کے تمام اراکین کو دعوت دیتا ہو ں کہ اس پر اپنی آرا کا اظہار فرمائیں تاکہ اس کام کو آگے بڑھایا جاسکے۔
اللہ تعالیٰ ہمیں صراطِ مستقیم کی ہدایت عطا فرمائیں۔