تعارفِ الغزالی
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہالغزالی۔۔۔۔۔ کچھ علم دوست حضرات کی امنگوں کا ترجمان۔۔۔۔۔۔ خوابوں کی تعبیر۔۔۔۔۔۔۔۔ اور آرزؤوں کی تکمیل کا نام ہے۔ الغزالی ایک ایسا جہاں ہے۔۔۔۔۔۔۔۔ جس میں ہر کوئی تحقیق کے میدان میں گھڑسواری کر سکتا ہے، جس میں ہر شخص آزادانہ بحث کر سکتا ہے اور جس میں ہر فن پر تعلیم و تعلم کا سلسلہ جاری رکھا جا سکتا ہے۔ الغزالی ایک ایسی درسگاہ ہے۔۔۔۔۔ جہاں کا گوشہ گوشہ علم کے موتی بکھیرے جانے کا منتظر ہے، جہاں کا چپہ چپہ طلبہ علم کے لیے بانہیں وا کیے ہوئے ہے، جہاں کا ہر فرد قال اللہ و قال الرسول کی خدمت کے لیے بیتاب ہے اور جہاں کا اوڑھنا بچھونا، سونا جاگنا، کہنا سننا سب تعلیم، تحقیق اور تبلیغ سے عبارت ہے۔ الغزالی ایک ایسی خانقاہ ہے۔۔۔۔۔۔۔۔ جہاں کا ہر سو بدعت و خرافات کی چکاچوند سے دور حقیقت و شریعت کو ساتھ لیے ہوئے اہل اللہ کے واسطے پلکیں بچھائے ہوئے ہے۔
الغزالی ایک اسلامی فورم ہے۔ اس کا منشور تعلیم، تحقیق و تبلیغ ہے، اس کی حدود قرآن و سنت کی روشنی اور اس کا طریق نقش کف پائے اسلاف۔ اگر آپ محقق ہیں تو یہاں آپ کسی بھی مسئلے پر تحقیق کر سکتے ہیں، اپنی رائے دے سکتے ہیں اور آزادانہ بحث کر سکتے ہیں۔ اگر آپ عالم ہیں تو یہاں آپ علم کی خدمت کر سکتے ہیں۔ اگر آپ داعی و مبلغ ہیں تو یہاں تبلیغ دین کا فریضہ انجام دے سکتے ہیں۔ اگر آپ کا تعلق اہل تصوف سے ہے تو ارشاد و اصلاح کی محافل کی باتیں دنیا تک پہنچا سکتے ہیں۔ اور اگر آپ علم کے طالب ہیں تو یہاں آزادی سے سوال کر سکتے ہیں اور اپنی علم کی پیاس کو بجھا سکتے ہیں۔
الغزالی اپنے ہر قاری اور رکن کو خوش آمدید کہتا ہے۔ الغزالی مسلمانوں کے ساتھ ساتھ ہر مسلک و مذہب کے پیروکاروں کے لیے دروازے کھلے رکھتا ہے۔ اور اپنے قواعد کے تحت سب کو ایک نظر سے دیکھتا ہے۔
الغزالی کا یہ خیال ہے کہ اسلاف نے علم میں جو کام کیا ہے اس کام کو زندہ کیا جائے۔ اس کے طرز کو بحال کیا جائے اور ان کی راہ پر چلتے ہوئے تحقیق کی جائے، ان کی راہ پر جنہوں نے زندگیاں علم کے لیے وقف کر دیں اور پھر آخر کار ایسے کام کر گئے کہ آج تک لوگ ان کے علوم سے فائدہ اٹھاتے ہیں، انہیں دعائیں دیتے ہیں اور ان کے اجر و ثواب کے خزانے بڑھتے چلے جاتے ہیں اور تا قیامت ان شاء اللہ ایسے ہی جاری رہے گا۔ علم کی تعلیم و تحقیق ایک ایسا لافانی کام ہے جو نسلوں در نسلوں تک فائدہ پہنچاتا ہے۔
یا اہل العلم، تعالوا! اے اہل علم آئیے! الغزالی کے زمرہ جات آپ کی تحاریر کے لیے بیتاب ہیں اور اس کی انتظامیہ آپ کی خدمت کے لیے کوشاں۔ بسم اللہ کیجیے اور اس نیک اور لافانی کام میں حصہ ڈالتے جائیے۔ آئیے کہ زندگی نام ہے کچھ سیکھنے کا۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ یا کچھ سکھانے کا۔ اور سکھانے والا اول خود سیکھتا ہے اور سیکھتا چلا جاتا ہے۔
والسلام۔
الغزالی۔
Last edited: