حمد باری(ابن حسن)

سرور احمد

وفقہ اللہ
رکن
★ حمد باری تعالیٰ ★



کہاں میں بندہء عاجز، کہاں حمد و ثنا تیری
حدودِ عقل سے بڑھ کر ہے عظمت اے خدا تیری


تُو خالق ہے، تُو رازق ہے، تُو باسط ہے، تُو قادر ہے
ثنا خوانی میں ہیں سرشار یہ ارض و سما تیری


نمایاں ہے ترا جلوہ بہاروں، چاند، تاروں میں
منور کر رہی ہے سارے عالم کو ضیا تیری


مشیت پر تری موقوف ہے میرے خدا سب کچھ
خطا میری، عطا تیری، جزا تیری، سزا تیری


تُو ہی تُو ہے فقط تُو ہی تو ہے اول سے آخر تک
کہ اک اک ابتدا تیری ہے اک اک انتہا تیری


کوئی اک سانس بھی مرضی سے اپنی لے نہیں سکتا
کسی کا کچھ نہیں یارب فنا تیری، بقا تیری


بیاں ابن حسن کیسے کرے لطف و کرم تیرا
خزاں تیری، یہ گل تیرے، فضا تیری، ہوا تیری




 
Top